سابق امریکی صدر نے اپنے حامیوں سے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کی اپیل کی ،مستقبل قریب میں نئی ریلیوں کا اعلان کریں گے
امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر اس ہفتے کے آخر میں آئیووا میں ہونے والی اپنی ریلی منسوخ کر دی ہے۔
ٹرمپ نے سنیچر کو اپنے ’ٹروتھ سوشل نیٹ ورک‘ پر، پروگرام شروع ہونے سے چند گھنٹے پہلے کہا، ’’آئیووا میں طوفان کا خطرہ ہے۔ ہمارے عظیم محب وطن افراد کی حفاظت کیلئے ہمیں آج کی ریلی کو ملتوی یا منسوخ کرنے کیلئے کہا گیا ہے، جس کیلئے تمام تیاریاں کر لی گئی ہیں۔‘‘ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے طوفان کے خطرے کو دیکھتے ہوئے محفوظ مقامات پر چلے جانے کےلئے کہا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ مستقبل قریب میں ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا ’’بدقسمتی سے ڈیس موئنیس میں طوفان کی وارننگ کی وجہ سے ہم لاریڈسن ایمفی تھیئٹر میں مجوزہ ریلی کو منسوخ کرنے پر مجبور ہیں۔رابطے میں رہیں، ہم جلد ہی پروگرام کو دوبارہ ترتیب دیں گے۔ وہاں سے محفوظ رہیں۔‘‘
ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال کے آخر میں ۲۰۲۴ء کے انتخابات میں اپنی امیدواری کا اعلان کیا تھا اور حالیہ انتخابات میں ریپبلکن پارٹی میں وہ سب سے آگے رہے ہیں۔ اس کے بعد فلوریڈا کے گورنررون ڈیسانٹک ہیں جنہوں نے ابھی تک اپنی مہم کا باقاعدہ آغاز نہیں کیا ہے۔