• Thu, 08 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی سی سی آئی اوربی سی بی تنازع کا مستفیض الرحمٰن پر کوئی اثر نہیں

Updated: January 06, 2026, 7:07 PM IST | Dhaka

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے مشورے پر انڈین پریمیر لیگ سے قبل کولکاتا نائٹ رائیڈرز ٹیم سے مستفیض الرحمٰن کا باہر ہونا عالمی سطح پر بحث کا موضوع بن گیا، خاص طور پر اس وقت جب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے سیکوریٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان نہ جانے کا فیصلہ کیا۔

Mustafiz.Photo:INN
مستفیض۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے مشورے پر انڈین پریمیر لیگ سے قبل کولکاتا نائٹ رائیڈرز ٹیم سے مستفیض الرحمٰن کا باہر ہونا عالمی سطح پر بحث کا موضوع بن گیا، خاص طور پر اس وقت جب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے سیکوریٹی  وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان نہ جانے کا فیصلہ کیا تاہم، مستفیض الرحمٰن اس تمام بیرونی شور سے بے فکر نظر آرہے ہیں۔
مستفیض، جو اس وقت جاری بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں رنگپور رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، گیند سے مسلسل شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ 
۴؍ جنوری ۲۰۲۶ءکو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈھاکہ کیپیٹلز کے خلاف انہوں نے ڈیتھ اوورز میں لاجواب گیندبازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ۵؍ رن سے سنسنی خیز فتح دلائی۔ اس میچ میں انہوں نے ۱۸؍ویں اوور میں صرف دو رن  دیئے اور آخری اوور میں ۱۰؍ رن بچانے سے قبل شمیم حسین کو بھی آؤٹ کیا۔ بی سی سی آئی کی جانب سے کے کے آر کو انہیں ٹیم سے باہر کرنے کی ہدایت دینے کے محض ایک دن بعد مستفیض نے یہ شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ مالی اعتبار سے بھی انہیں بڑا نقصان ہو سکتا ہے، کیونکہ آئی پی ایل نیلامی میں انہیں ۲ء۹؍ کروڑ روپے میں خریدا گیا تھا، جو آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی بھی بنگلہ دیشی کھلاڑی کے لیے سب سے بڑی رقم ہے۔
محمد اشرفل، جو موجودہ بی پی ایل میں رائیڈرز کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، نے چٹاگانگ رائلز کے خلاف میچ کے بعد صحافیوں سے کہاکہ ’’وہ (مستفیض) بالکل پرسکون ہیں۔ میدان سے باہر کی باتوں سے وہ بالکل بھی پریشان نہیں-چاہے وہ بی سی بی ہو، ہندوستان ہو، بی پی ایل ہو یا آئی سی سی۔‘‘انہوں نے مزید کہا،’’اس وقت ان کی توجہ صرف رنگپور رائیڈرز کے لیے کھیلنے پر مرکوز ہے، اس کے بعد جو بھی آئے گا، وہ اس پر توجہ دیں گے۔ وہ ایک مختلف مزاج کے انسان ہیں۔‘‘
اشرفل مستفیض کے ساتھ کام کریں گے، کیونکہ وہ اس وقت بنگلہ دیش کے بیٹنگ کوچ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا’’اگر ابتدائی دو میچوں کی بات کریں تو مستفیض کی کارکردگی کچھ کمزور تھی، لیکن جس انداز میں ہم نے ڈھاکہ کے خلاف آخری میچ جیتا، وہ شاندار تھا۔ آخری دو اوورز میں جس طرح انہوں نے گیندبازی کی ،میرا ماننا ہے کہ وہ اس فارمیٹ کے لیے ورلڈ چیمپئن ہیں، وہ بے حد اہم ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:جاوید جعفری کی فلم ’’مایا سبھا‘‘۳۰؍ جنوری کو ریلیز ہوگی

مستفیض کے ٹیم کے ساتھی محمد سیف الدین، جو جاری بی پی ایل میں ڈھاکہ کیپیٹلز کے لیے کھیل رہے ہیں، نے بھی اسی طرح کی رائے دی۔ سیف الدین نے ایک پریکٹس سیشن کے بعد کہاکہ ’’رنگپور رائیڈرز کے خلاف ہمارا آخری میچ تھا۔ میچ کے بعد ہم ساتھ ڈنر کر رہے تھے، میں نے انہیں اپنے پاس بٹھایا۔ ہمیں لگا وہ مایوس ہوگا، مگر ایسا بالکل نہیں تھا۔ وہ موسیقی سن رہے تھے  اور ہمیشہ کی طرح پُرسکون دکھائی دے رہے تھے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:پڈیکل نے ۶۰۰؍ رن بنا کر وجے ہزارے میں تاریخ رقم کر دی

بنگلہ دیش ٹیم کے سینئر اسسٹنٹ کوچ محمد صلاح الدین نے زور دے کر کہا کہ انہیں مستفیض کے رویّے پر کوئی حیرت نہیں ہوئی۔میں انہیں کافی عرصے سے جانتا ہوں، اور انہوں نے مسکراتے ہوئے سب کچھ سنبھالا ہے،یہ ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ آپ انہیں اپنے الفاظ یا جذبات سے سرخیوں میں آتے ہوئے نہیں دیکھیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK