Inquilab Logo

ایران کا پاکستان میں بھی حملہ، اسلام آباد برہم، احتجاجاً سفیر کو واپس بلا لیا

Updated: January 17, 2024, 11:15 PM IST | Islamabad

تہران کی کارروائیوں سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ، اسلام آباد نے ’’سنگین نتائج‘‘ کی دھمکی دی، چین کی دونوں ملکوں سے تحمل کی اپیل

Before targeting Pakistan, Iran fired missiles at Syria and Iraq on Monday. (Agency)
پاکستان کو نشانہ بنانے سے قبل ایران نے پیر کو شام اور عراق پر میزائل داغے تھے۔ ( ایجنسی)

 عراق  میں  ’’موساد  کے ہیڈ کوارٹز ‘‘کو اور شام میں ’’داعش اور دیگر دہشت گردوں کے ٹھکانوں‘‘ کو نشانہ بنانے کے بعد ایران  نے منگل کی رات پاکستان کے بلوچستان علاقے میں بھی میزائل داغ کر ’’دہشت گردوں‘‘ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔  پاکستان نے  اس حملے پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے  پڑوسی ملک کو نہ صرف ’’سنگین نتائج‘‘ کی دھمکی دی ہے بلکہ  بطور احتجاج  اپنا سفیربھی وہاں سے واپس بلا لیا ہے۔ اس کےساتھ ہی پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایرانی سفیر جو اس وقت ایران کے دورے پر ہیں، ممکن ہے کہ کچھ عرصے تک واپس نہیں آئیں گے۔
  پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی
 پاکستانی وزارت خارجہ نے بدھ کوتصدیق کی کہ ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں   حملہ کیاگیا  جس میں ۲؍ بچے جاں  بحق اور ۳؍ لڑکیاں زخمی ہوئی ہیں۔دوسری طرف ایران کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستان میں دہشت گرد گروپ’’جیش الظلم‘‘کے دو اہم ٹھکانوں کو  میزائل اور ڈرون حملوں میں تباہ کر دیا   ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تباہ کئےگئے اڈے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کوہ سبز میں واقع تھے۔ 
 پاکستان سخت برہم، کارروائی کا انتباہ
  پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان ایران کے ذریعہ اپنی فضائی حدود کی’’بلا اشتعال خلاف ورزی‘‘کی شدید مذمت کرتا ہے۔ وزارت نے  اسے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی  قراردیا اور دوٹوک لہجے میں کہا کہ  یہ قطعی ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔  فوری کارروائی کے طور پر  پاکستان نے   ایران کے حالیہ حملوں کے پیش نظر دارالحکومت تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے اور ایرانی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔
ایرانی کارروائیوں سے خطے میں کشیدگی
  ایسے وقت میں جبکہ غزہ میں جنگ جاری ہے اور  بحر احمر  میں  جہازوں پر حوثی جنگجوؤں  کے حملوں کی وجہ سے حالات پہلے ہی کشیدہ ہیں، پیر اور منگل کو کی گئی ایران کی کارروائیوں سے پورے خطے میں  کشیدگی پھیل جانے کا اندیشہ ہے۔  پیر کو عراق  کے کرد علاقے میں  ایرانی کارروائی کے بعد عراق بھی ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلا چلاہے۔اس کے دوسرے ہی دن پاکستان میں ایران کی کارروائی نے سب کو حیران کردیاہے۔   یہ ایرانی مسلح افواج کا پاکستانی سرزمین پر پہلا میزائل حملہ تھا۔  اس بیچ چین  نے مداخلت کرتے ہوئے ایران اور پاکستان سے تحمل برتنے اور ایسا کوئی قدم اٹھانے سے گریز کی اپیل کی ہے جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتاہے۔ چین نے دونوں ملکوں کو مل کر خطے کو پُرامن رکھنے کا مشورہ دیا۔ 

pakistan iran Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK