اب اسرائیلی شہریوں کو میزائل حملے کی وارننگ ۳۰؍ منٹ پہلے نہیں مل سکے گی، ایرانی میزائلوں نے ملٹری انٹیلی جنس کا ہیڈکوارٹرس بھی تباہ کردیا ،۷۰۰؍ ڈرون داغے جاچکے ہیں
EPAPER
Updated: June 18, 2025, 1:32 AM IST | Tehran
اب اسرائیلی شہریوں کو میزائل حملے کی وارننگ ۳۰؍ منٹ پہلے نہیں مل سکے گی، ایرانی میزائلوں نے ملٹری انٹیلی جنس کا ہیڈکوارٹرس بھی تباہ کردیا ،۷۰۰؍ ڈرون داغے جاچکے ہیں
اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ ایک نئے موڑ پر پہنچ گئی ہے کیوں کہ اب ایران پوری طرح سے اسرائیل پر بھاری پڑ رہا ہے۔ اگر اسرائیل ایک حملہ کررہا ہے تو اس کے جواب میں ایران کئی میزائل داغ کر اسرائیل کو دہلارہا ہے۔
اسرائیل کی اینٹ سے اینٹ بجانے کا کام
دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ کے تازہ اپ ڈیٹس کے مطابق ایران نے اسرائیل کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکوارٹرس کو میزائل سے اڑادیاہے۔ یہ اسرائیل کیلئے بہت بڑا جھٹکا ہے کیوں کہ اس کی یہ ایجنسی پوری دنیا میں ریشہ دوانیوں مصروف رہتی ہے اور تل ابیب میں اس کا صدر دفتر شہری علاقے میں بنایا گیا ہے تاکہ دشمن ملک شہری علاقے میں حملہ کرنے کی ہمت نہ کرے لیکن ایران نے اپنے تمام شہداء کا انتقام لیتے ہوئے موساد کے صدر دفتر پراتنا تیر بہدف حملہ کیا کہ وہ پوری عمارت جل کر خاک ہو گئی۔
حملے کے معنی
ایران کا موساد کے ہیڈ کوارٹرس پر حملہ اس معنی میں اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ موساد کے ایجنٹ ہی ایران کے فوجی جنرلوں اور جوہری سائنسدانوں کی موت کی سازش کے اہم سازش کار ہیں۔ ایران نے اس کے علاوہ تل ابیب میں ہی واقع ملٹری انٹیلی جنس کے صدر دفتر کو بھی میزائل دھماکے سے اڑادیا۔ چند منٹو ں کے اندر اندر کئے گئے ان حملوں سے نہ صرف تل ابیب دہل گیا بلکہ اس کی گونج امریکہ اور یورپ تک ضرور سنی گئی ہو گی۔ ایران نے اس کے ساتھ ہی واضح کردیا کہ اب وہ اپنی سرزمین پر کئے جانے والے اسرائیلی حملوں کو برداشت نہیں کرے گا۔
بیلسٹک میزائل اور ڈرون
اسرائیل کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہو گا کہ ایرانی جوابی حملے اتنے خطرناک اور اتنے شدید ہوں گے۔ ایران نے اسرائیل کیخلا ف بیلسٹک میزائلوں کی پوری کھیپ اتار دی ہے۔ گزشتہ ۴؍ دنوں سے جاری ایرانی حملوں میں لگاتار بیلسٹک میزائلوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ اسرائیل کا آئرن ڈوم نظام ہیک کرلیا گیا ہے جس کے بعد اب اسرائیلی شہریوں کو کسی بھی میزائل حملے سے آدھے گھنٹے قبل ملنے والے اطلاعات نہیں مل سکیں گی اور وہ مزید حملوں کی زد میں آئیں گے۔
پاسداران کا بیان
ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اس نے حالیہ میزائل حملے کے دوران تل ابیب میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی ’موساد‘ کے مرکز کو نشانہ بنایا۔ایرانی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ تل ابیب میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد اور فوجی انٹیلی جنس ادارے’ امان‘ کے مراکز کو براہ راست نشانہ بنایا ہے۔پاسداران انقلاب نے کہا کہ اس کی ایرو اسپیس فورس کی یونٹوں نے منگل کی صبح موساد کے خلاف ایک مؤثر کارروائی کی، انتہائی جدید فضائی دفاعی نظام کے باوجود صہیونی حکومت کی فوج کا ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ اور تل ابیب میں موساد کا مرکز ہمارے میزائلوں کی زد میں آگیا اور پوری طرح سے تباہ و برباد ہو گیا۔
اسرائیل کا حملہ
دریں اثناء صہیو نی ملک اسرائیل نے ایران کی پاسداران انقلاب کے سینٹرل ہیڈ کوارٹرس کے اعلیٰ کمانڈر علی شادمانی کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہاکہ پاسداران انقلاب کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے سربراہ علی شادمانی کو دارالحکومت تہران میں ایک حملے میں شہید کر دیا گیا۔اسرائیل نے علی شادمانی کو ایران کا سب سے سینئر فوجی کمانڈر اور ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کا قریب ترین شخص قرار دیا ہے۔ علی شادمانی کو۱۳؍جون کو اسرائیل کی جانب سے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے سابق سربراہ غلام علی راشد کی شہادت کے بعد اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ اسرائیلی حملوں میں اب تک ۲۲۷؍ ایرانی شہری جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ۴۰۰؍ کے قریب زخمی ہیں۔