• Fri, 12 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران نے کیریبین میں امریکی فوجی تعمیر کو ’’مکمل طور پر غیر قانونی‘‘ قرار دیا

Updated: December 11, 2025, 8:01 PM IST | Tehran

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کیریبین میں امریکی فوجی تعمیر کو ’’مکمل طور پر غیر قانونی‘‘ قرار دیا، اس کے علاوہ اس تعیناتی کو بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی، اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ۔

Iranian President Masoud Pezeshkian . Photo: INN
ایرانی صدر مسعود پزشکیان۔ تصویر: آئی این این

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کیریبین میں امریکی فوجی اقدامات پر سخت تنقید کی ہے اور واشنگٹن کا وینزویلا کے قریب بحری بیڑے کی تعیناتی کو ’’مکمل طور پر غیر قانونی، بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی، اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ایرانی صدار کے بیان کے مطابق، پزشکیان نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے ساتھ منگل کو ٹیلی فون کال میں یہ بات کہی جب دونوں لیڈروں نے دوطرفہ تعلقات اور کیریبین خطے کے حالیہ واقعات پر بات چیت کی۔ایرانی صدر نے تہران اور کراکس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور دیرینہ تعلقات پر زور دیا، اور کہا کہ ’’ایران وینزویلا کو ایک سچا دوست اور اتحادی سمجھتا ہے‘‘ اور موجودہ حساس حالات میں اس کی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی جنگی طیاروں کی وینزویلا کے قریب پرواز، کشیدگی میں اضافہ

بعد ازاں ایران کی طرف سے وینزویلا کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کی حمایت کو دہراتے ہوئے، پزشکیان نے کہا کہ تہران خطے کے واقعات کا قریب سےمشاہدہ کر رہا ہے ساتھ ہی وینزویلا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے واشنگٹن کی فوجی تعمیر کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے زور دیا کہ ’’بے بنیاد بہانوں‘‘ کے تحت جنگجو بیڑے بھیجنے کا امریکی اقدام بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پزشکیان نے ایران کی تمام شعبوں میں کراکس کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی فورم پر وینزویلا کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا۔وینزویلا کے عوام کی یکجہتی اور عزم کی تعریف کرتے ہوئے، صدرنے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ’’وینزویلا کی قوم جتنی مضبوط یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی، ان کے مخالفین اتنا ہی مایوس ہوں گے،‘‘اور انہوں نے آئندہ سال کے لیے ملک میں امن، ترقی اور سلامتی کی خواہشات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ اسرائیل کیلئے’’اسلحے کا ڈپو اور اے ٹی ایم‘‘ ہے: صہیونی مخالف گروپ کے بانی

مادورو نے اپنی طرف سے ایران کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات تعاون اور ترقی کی مثال ہیں۔ انہوں نے کیریبین میں امریکی کارروائیوں کو اشتعال انگیز اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف قرار دیا، اور کہا کہ واشنگٹن کے بے بنیاد الزامات کو عالمی سطح پر، بشمول امریکہ میں، اور وینزویلا کے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ 
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے مادورو پر منشیات کی اسمگلنگ اور امریکہ میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا باعث بننے کا الزام لگایا ہے۔مادورو نے کہا کہ’’ وینزویلا امن اور اپنی آزادی کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، اور زور دیا کہ قوم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور متحد ہے۔‘‘انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر اور ایرانی عوام کو سلام بھیجا، اور اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے کراکس کے عزم کی تصدیق کی، اور کہا کہ’’ دونوں ملک امن اور ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے قریبی رابطے میں رہیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK