امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی فوج کا کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں اور دفاعی نظاموں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری۔
EPAPER
Updated: July 22, 2026, 10:56 AM IST | Tehran
امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی فوج کا کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں اور دفاعی نظاموں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری۔
امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی فوج نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں اور دفاعی نظاموں کو نشانہ بنایا۔پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ فورسز نے کویت کے احمد الجابر ایئربیس پر نصب ابتدائی انتباہی ریڈار، میزائل دفاعی ریڈار سسٹم، ایف پی ایس ۱۱۷؍ ریڈار، پیٹریاٹ دفاعی نظام اور فضائی دفاع کے سیٹیلائٹ مواصلاتی نظام کو تباہ کر دیا۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد خطے میں ریڈار کوریج کو ختم کرنا تھا تاکہ آئندہ میزائل اور ڈرون حملوں کے لیے راستہ ہموار کیا جا سکے۔دوسری جانب ایرانی فوج نے کامی کازی ڈرونز کے ذریعے کویت میں امریکی فوج کی 3 اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ایرانی فوج کے مطابق کیمپ عریفجان میں انتظامی عمارتوں اور سمت شناسی (Direction Finding) اینٹیناز، کیمپ العدیری میں ہیلی کاپٹروں کی پارکنگ جبکہ احمد الجابر ایئربیس پر فوجیوں کی رہائشی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی افواج کی کارروائیوں کے باعث خطے کا امن متاثر ہوا ہے اور ایرانی مسلح افواج امریکہ کے خلاف کارروائیوں کے ذریعے خطے میں امن و استحکام بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
کویتی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائل اور ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ ادھر پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں بھی امریکی دفاعی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا۔سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ بحرین کے محرق علاقے میں امریکی فضائی دفاعی نظام اور ریڈار کو تباہ کر دیا گیا جبکہ الرفاع میں مربوط میزائل اور ڈرون حملے کے ذریعے امریکی پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: نئے برطانوی وزیراعظم برنہم نے اپنی کابینہ کی ٹاپ ٹیم تشکیل دینا شروع کر دی
ایران پر نئے امریکی حملے شروع ہونے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں سے دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ایران کےسرکاری ٹیلی ویژن آئی آر آئی بی کے مطابق ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے دارالحکومت بندر عباس میں ایک دھماکہ ہوا ہے۔نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی کے مطابق جزیرۂ قشم اور اس کے قریبی سمندری علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں اور ہرمزگان کے شہر سیریک میں بھی ایک اور دھماکے کی اطلاع ملی ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے جنوبی صوبے فارس کے شہر شیراز میں ایک دھماکے کی اطلاع دی ۔اس سے قبل ملک کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے شہروں چابہار اور کنارک میں۱۴؍ دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔نیم سرکاری مہر نیوز ایجنسی کی خبر کے مطابق ایران کے جنوبی علاقے میں واقع بوشہر جوہری بجلی گھر کے قریب فضائی دفاعی نظام متحرک ہونے کی آوازیں سنی گئی ہیں اور اصفہان میں بھی دو دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔