Inquilab Logo

ایران کا قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والوں کی حوالگی کا مطالبہ

Updated: July 25, 2023, 10:58 AM IST | Tehran

سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ’’ سویڈن مجرموں کی حمایت کرکے مسلم دنیا کے خلاف جنگ کیلئے میدان میں آ نکلا ہے‘‘

Protests against the desecration of the Holy Quran are going on in many places in Iran
قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ایران میں کئی مقامات پر احتجاج جاری ہے

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ قرآن کی بے حرمتی کرتے ہیں انہیں سخت ترین سزا ملنی چاہئے اور سویڈن ذمہ داروں کی حمایت کرکے مسلم دنیا کے خلاف جنگ کے لیے میدان میں آ نکلا ہے۔خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق سویڈن کی جانب سے آزادی اظہار کے تحفظ کے قوانین کے تحت قرآن پاک  کے نسخوں کو نذر آتش کرنے کی اجازت دیے جانے کے بعد ایران اور عراق بھر میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ واضح رہےکہ عراق میں مظاہرین نےجمعرات کو بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے کو آگ لگا دی تھی۔سویڈن جانے والے ایک عراقی تارک وطن نے گزشتہ ماہ اسٹاک ہوم کی ایک مسجد کے باہر قرآن پاک کا نسخہ جلایا تھا ۔ عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ سویڈن میں مظاہرین نےجمعرات کو اسٹاک ہوم میں عراقی سفارت خانے کے باہر ایک کتاب کو لات مار کر اس کی بے حرمتی کی تھی لیکن اپنی دھمکی کے برعکس اس شخص نے قرآن کو نذر آتش نہیں کیا۔
قصورواروں کو اسلامی ممالک کے عدالتی نظام کے حوالے کیاجائے
 سویڈش حکام نے ان کارروائیوں کی مذمت کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ ان واقعات کو نہیں روک سکتے۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے سویڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والوں کو اسلامی ممالک کے حوالے کریں۔سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ تمام اسلامی اسکالرز متفق ہیں کہ قرآن کی بے حرمتی کرنے والے سخت ترین سزا کے مستحق ہیں، لہٰذا سویڈش حکومت کا فرض ہے کہ وہ مجرم کو اسلامی ممالک کے عدالتی نظام کے حوالے کرے۔
ایران میں سویڈن کے نئے سفیر کی تعیناتی موخر
 اس تمام صورتحال کے بعد ایران نے سویڈن کے نئے  سفیر کی تعیناتی کو مؤخر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سویڈن کے نئے سفیر کو قبول نہیں کرے گا۔ایرانی سپریم لیڈر نے  ٹویٹ کیا کہ ’’سویڈن کی حکومت کو معلوم ہونا چاہئے کہ قرآن پاک کو نذر آتش کرنے والے مجرم کی حمایت کر کے وہ مسلم دنیا کے خلاف جنگ کیلئے میدان میں اتر گئی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ سویڈش حکومت کے اس عمل نے تمام مسلم ممالک  میں ان کے خلاف نفرت اور دشمنی کے جذبات بھڑکا دیے ہیں۔
 واضح رہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ کو مظاہرین ایران کے دارالحکومت تہران میں جمع ہوئے تھے جہاں انہوں نے امریکہ، برطانیہ، اسرائیل اور سویڈن کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ چند مشتعل مظاہرین نے سویڈن کا جھنڈا بھی نذر آتش کردیا تھا۔ایران نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ سویڈن کے نئے سفیر کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دے گا۔ادھر کوپن ہیگن واقعے کے بعد ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے سنیچر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ڈنمارک کی حکومت قرآن پاک اور اسلامی مقدسات کی توہین روکنے کے ساتھ ساتھ مجرموں کے خلاف کارروائیکی ذمہ دار ہے، عالم اسلام ڈنمارک کی حکومت کے عملی اقدامات کا منتظر ہے۔
بلاول بھٹو کی  اپنے ترک ہم منصب  سے گفتگو
 دوسری جانب پاکستان  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ترک ہم منصب  ہاکان فیدان سےگفتگو کرتے ہوئے قرآن پاک کی بے حرمتی کے مسلسل واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یورپ کے متعدد شہروں میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی ناپاک حرکتوں کی شدید مذمت کی اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ترکی اور دیگرمسلم ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

tehran Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK