Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران اسرائیل تنازع:ایران کے اسرائیل پر حملوں میں۱۳؍ افراد ہلاک اور ۳۸۰؍ زخمی

Updated: June 15, 2025, 8:53 PM IST | Tehran

اسرائیلی حکومت کے بیان کے مطابق، ایران کے اسرائیل پر حملوں میں کم از کم۱۳ افراد ہلاک اور ۳۸۰؍ زخمی ہو گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے۹؍ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی افراد معمولی یا درمیانی درجے کے زخمی ہیں۔

Buildings in Beit Yam damaged in Iran`s missile attack. Photo: PTI
ایران کے میزائل حملے میں بیت یم کی تباہ شدہ عمارتیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

اسرائیلی حکومت کے بیان کے مطابق، ایران کے اسرائیل پر حملوں میں کم از کم۱۳  افراد ہلاک اور ۳۸۰؍ زخمی ہو گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے۹؍ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی افراد معمولی یا درمیانی درجے کے زخمی ہیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جھڑپوں کے آغاز کے بعد سے اسرائیل پرایران کی جانب سے۲۰۰؍ میزائل اور ڈرونز داغے گئے ہیں، جس سے ملک کے۲۲؍ مقامات متاثر ہوئے ہیں۔

ایرانی انقلابی گارڈز نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں اپنے آپریشن کا تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے فوجی ایندھن کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔ بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر اسرائیلی جارحیت جاری رہی تو ردعمل میں شدت آئے گی۔فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں، انقلابی گارڈز نے بڑے پیمانے پر ڈرونز اور میزائل آپریشن شروع کیا جس کا ہدف اسرائیلی جنگی جہازوں کے ایندھن کی پروڈکشن سہولیات اور توانائی فراہمی کے مراکز تھے۔‘‘بیان کے مطابق:  
"متاثرہ علاقوں میں ایرانی فضائی دفاعی نظاموں نے تین کروز میزائلوں، ۱۰؍ ڈرونز اور درجنوں جاسوس خودکار فضائی آلات (micro air vehicles) کو انٹرسیپٹ کیا۔ 

ایران کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج نے ملک کے وزارتِ دفاع سے وابستہ ایک تنصیب پر وسطی شہر اصفہان میں حملہ کیا ہے، جو اسرائیلی حملوں کا تیسرا مسلسل دن ہے۔ "وزارتِ دفاع سے منسلک ایک مرکز پر کچھ لمحے قبل اصفہان میں حملہ ہوا، لیکن اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، " صوبائی گورنر کے نائب اکبر صالحی کے حوالے سے ایسنا نیوز ایجنسی نے بتایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ماہر ٹیمیں ممکنہ نقصان کا جائزہ لے رہی ہیں۔ " اس سے قبل، اسرائیلی افواج نے شیراز شہر میں ایک الیکٹرانکس فیکٹری پر بھی حملہ کیا، جس سے آسمان کی جانب سیاہ دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ 
ایرانی حملے کے بعد بات یم میں لاپتہ افراد میں سے چار مل گئے
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، امدادی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ایرانی میزائل حملے کے بعد وسطی شہر بات یم میں لاپتہ سمجھے جانے والے سات میں سے چار افراد اسپتالوں میں مل گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقی تین افراد کی تلاش جاری ہے۔ اس رات گئے حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ 
ایران پر امریکی ’دباؤ کی حکمت عملی‘ ناکام ہو چکی ہے: ایرانی صدر
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ایرانی صدر مسعود پزشکین کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ شیخ تمیم نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "ایران کی خودمختاری اور سلامتی کی کھلی خلاف ورزی" اور بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی قرار دیا۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق، صدر پزشکین نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران پر دباؤ اور جارحیت کے ذریعے مطالبات مسلط کرنے کی حکمت عملی ناکام ہو چکی ہے، اور انہوں نے امریکہ کی جانب سے اسرائیلی حملوں کی حمایت کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا:"آج وہ اسرائیل کے ایران پر حملوں کی حمایت کر رہے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہم پر دباؤ ڈال کر اپنے مطالبات منوا لیں گے۔ "صدر پزشکین نے ایرانی عوام سے اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی پر شیخ تمیم کا شکریہ ادا کیا۔ 

تہران میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ عسلویہ میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر اسرائیل کا حملہ اس تنازعے کو خلیجی خطے تک لے آیا ہے۔ ایران کے اعلیٰ سفارتکار کا کہنا تھا کہ اگر ان کے ملک پر اسرائیلی حملے بند ہو جائیں تو "ہمارا ردِعمل بھی بند ہو جائے گا"۔ عراقچی نے یہ بات تہران میں سفارتکاروں کے سامنے کہی، جو اسرائیلی حملوں کے آغاز (جمعہ) کے بعد ان کی پہلی عوامی پیشی تھی۔ عراقچی نے کہا: "اگر جارحیت رک جائے تو ہمارا ردِعمل بھی رک جائے گا۔ ‘‘فی الحال اسرائیل کی طرف سے کوئی فوری ردِعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ وہ اتوار کے روز بھی ایران بھر میں حملے جاری رکھے ہوئے تھا۔ 
جرمنی، فرانس، برطانیہ کی ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی پیشکش
جرمن وزیر خارجہ جوہان واڈےفُل، جو اس وقت مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں، نے کہا ہے کہ وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو بتایا: "مجھے امید ہے کہ یہ اب بھی ممکن ہے۔ جرمنی، فرانس اور برطانیہ ایران کے ساتھ فوری طور پر جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ ہم یہ پیشکش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ ایران اسے قبول کرے گا۔ "انہوں نے مزید کہا: "یہ اس تنازعے کو پرامن بنانے کی ایک اہم شرط بھی ہے کہ ایران خطے، اسرائیل یا یورپ کے لیے خطرہ نہ بنے۔ "

ایران نے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل داغے ہیں، جن میں بندرگاہی شہر حیفہ بھی شامل ہے۔ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب اسرائیلی افواج نے ایران میں شہری اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر بمباری کی تھی۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کے توانائی کے ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ان حملوں میں ملک کے شمالی حصوں میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ الجزیرہ کی خبروں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی ایک نئی لہر داغی، جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیل میں لڑاکا طیاروں کے پیدا کرنے والی تنصیبات اور توانائی کی فراہمی کے مراکز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوئے۔ ایران کے حملے کے پیش نظر اسرائیل نے رات کو اپنی سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس بلایا، جس میں اس نے اپنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اگلے احکامات تک محفوظ مقامات پر چھپ جائیں۔ جس کے بعد لوگوں کو اپنے بچوں کے ساتھ بنکروں میں جاتے دیکھا گیا۔ اسی دوران فوج نے دعویٰ کیا کہ ایران اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کر سکتا ہے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ درست ثابت ہوا۔ ایران نے شہر حیفہ کی جانب بیک وقت ۷۰؍بیلسٹک میزائل داغے۔ ان حملوں میں ۱۴؍اسرائیلی زخمی ہوئے۔ ایک خاتون کی ہلاکت کی بھی خبر تھی، البتہ اس کی تصدیق نہیں ہوسکی
اسرائیل کے حملے بھی جاری
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے پورے دن ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا جن میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات شامل تھیں، خاص طور پر تہران میں تیل کے ذخیرے کی ایک بڑی سہولت، جس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق اسرائیل نے اتوار کی صبح تہران میں ایرانی وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ تہران کے شمال مغرب میں واقع شہران آئل ڈپو پر بھی اسرائیل نے حملہ کیا۔ تسنیم نیوز کے مطابق امدادی اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور اب بھی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی نے بتایا کہ ایران نے سنیچر کو دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈ میں پیداوار کو جزوی طور پر معطل کر دیا ہے۔ خطے میں تیل کی برآمدات میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشات نے جمعے کو تیل کی قیمتوں میں نو فیصد اضافہ کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے بتایا کہ ’میزائلوں اور ڈرونز نے اسرائیل کے انرجی انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ پاسداران انقلاب نے متنبہ کیا اگر اسرائیل نے حملے جاری رکھے تو تہران کے حملے’ شدید اور زیادہ وسیع‘ ہوں گے۔ 
 


متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK