Updated: June 20, 2025, 1:57 AM IST
| Tel Aviv
تل ابیب کے ملٹری انٹیلی جنس سینٹر ، اسٹاک ایکسچینج اور ملٹری اسپتال پر میزائل برسائے ، اسرائیلی راجدھانی کھنڈر بننےکی طرف گامزن ، دیگر شہروں پر بھی مسلسل حملے جاری ہیں،اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو بری طرح جھلاگئے ، خامنہ ای کے قتل کی دھمکی۔ سلامتی کونسل کا اجلاس طلب
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو جائے وقوع کا جائزہ لینے کے دوران کافی پریشان نظر آئے۔(تصویر: ایجنسی)
ایران نے اسرائیل کو اس کی ہی زبان جواب دیتے ہوئے اس کے کرتوتوں کا مزہ چکھانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ اسی کے تحت تازہ حملوں میں ایران نے تل ابیب کی اینٹ سے اینٹ بجادی ہے۔ یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دیا جارہا ہے جس میں تل ابیب میں واقع اسٹاک ایکسچینج ، ملٹری انٹیلی جنس کا صدر دفتر اور ملٹری اسپتال اس کی زد میں آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایرانی پاسداران انقلاب اور ایرانی فوج نے اسرائیل کے دیگر شہروں پر بھی حملہ جاری رکھے ہیں جس کی وجہ سے یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بہت جلد اسرائیل کے بہت سے شہر جن میں دار الحکومت تل ابیب بھی شامل ہے ،کھنڈر میں تبدیل ہو جائیں گے ۔ اس معاملے میں اسرائیل کی جانب سے جوابی حملےکئے جارہے ہیں لیکن اب ان میں وہ دَم نہیں رہا ہے کیوں کہ ایران نے جس تیر بہدف انداز میں اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی ہے اس کی وجہ سے اسرائیل کو پورا دھیان اپنے دفاع پر دینا پڑ رہا ہے کیوں کہ اس کا آئرن ڈوم نظام بھی پوری طرح سے تباہ ہو گیا ہے۔ایران کے بیلسٹک میزائل نے جمعرات کی صبح تل ابیب کے بالکل وسط میں واقع اسٹاک ایکسچینج کو نشانہ بنایا۔ خود اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ شیئر مارکیٹ کی عمارت کو میزائل حملے میں کافی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایرانی میزائل تل ابیب میں ہی واقع ملٹری انٹیلی جنس کے ہیڈکوارٹرس پر بھی گرے جس میں کافی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔چونکہ اسرائیل نےغیر ملکی میڈیا پر پابندی عائد کردی ہے اس لئے وہاں سے تصدیق شدہ اطلاعات تاخیر سے موصول ہورہی ہیں ۔ اس کے باوجود جو اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ان سے واضح ہو رہا ہے کہ ایران نے اس بلااشتعال حملے کا اتنا سخت جواب دیا ہے کہ اسرائیل کے ہوش ٹھکانے آرہے ہیں۔
دریں اثناءامریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایران پر ممکنہ امریکی حملے کے خطرات اور نتائج پر تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے۔امریکی اخبار کے سینئر صحافی ڈیوڈ ای سانگر کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کی زیر زمین جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا تو یہ ایک ایسا قدم ہوگا جس میں ہر موڑ پر سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس دوران وسط اسرائیل میں موجود بیرشیبا واقع ایک اسپتال پر مبینہ ایرانی حملہ نے تباہی مچا دی ہے۔ اس حملے میں کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں جس سے اسرائیل چراغ پا د ہے۔ اس حملے کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع کیٹز نے اعلان کیا ہے کہ اب وہ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کو قتل کردیں گے۔ کیٹز کا یہ بیان اسرائیلی وزیر ا عظم نیتن یاہو کے ذریعہ ’بدلہ لینے کی قسم‘ کھانے کے کچھ ہی دیر بعد آیا ہے۔ یاہو نے بھی خامنہ ای کے قتل کی دھمکی دی ہے