Inquilab Logo

امریکی پابندیوں کے باوجود تیل کی صنعت قائم کریں گے: ایران

Updated: July 13, 2020, 9:25 AM IST | Agency | Tehran

ایرانی وزیر تیل کا اعلان، ٹی وی پر تقریر میں کہا:ہم کسی بھی صورت نہیں جھکیں گے،ہمیں اپنی صلاحیت بڑھانا ہے

Iran Oil Minister
ایران کے وزیر تیل بیجان زنگانیہ

ایران کے وزیر تیل بیجان زنگانیہ کاکہنا ہے کہ امریکہ کی پابندیوں کے باوجود تہران اپنی تیل کی صنعت کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹیلی ویژن پر اپنی تقریر میں بیجان زنگانیہ نے کہا کہ ’’ہم کسی بھی صورت میں نہیں جھکیں گے، ہمیں اپنی صلاحیت بڑھانی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر ہم پوری طاقت کے ساتھ مارکیٹ میں داخل ہوں اور اپنا مارکیٹ شیئر دوبارہ حاصل کریں۔‘‘
 ایران کے وزیر تیل نے یہ تقریر نیشنل ایرانین آئل کمپنی اور ایرانی کمپنی پَرشیا آئل اینڈ گیس کے درمیان ۲۹؍کروڑ ۴۰؍لاکھ ڈالر کے معاہدے پر دستخط سے قبل کی۔ یہ معاہدہ عراق کی مجنون آئل فیلڈ کے ساتھ یاران آئل فیلڈ کے قیام کے لیے کیا گیا ہے۔
 ایران کی وزارت تیل کی نیوز ایجنسی ’شانا‘ نےاپنی رپورٹ میں کہا کہ اس معاہدے کا مقصد ایران کے جنوب مغربی صوبےخوزستان کی یاران آئل فیلڈ سے۳؍کروڑ ۹۵؍لاکھ بیرل تیل پیدا کرنا ہے۔امریکہ کی جانب سے ۲۰۱۵ءکے جوہری معاہدے سے۲۰۱۸ءمیں دستبرداری کے بعد دوبارہ  پابندیوں کی زد میں آنے کے بعد ایران کی تیل کی یومیہ برآمد اندازاً ایک لاکھ سے ۲؍لاکھ بیرل یومیہ ہوگئی ہے، جو اپریل ۲۰۱۸ء میں ایران کی یومیہ ۲۵؍لاکھ بیرل سے زائد برآمد سے کئی گنا کم ہے۔ایران کی خام تیل کی یومیہ پیداوار تقریباً نصف ہو کر ۲۰؍لاکھ بیرل ہوگئی ہے۔
 واضح رہے کہ رواں سال جون میں امریکہ نے وینزویلا کو تیل پہنچانے والے۵؍ایرانی جہازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔امریکہ کے محکمہ خارجہ میں نیوز کانفرنس میں مائیک پومپیو کا کہناتھا کہ ان جہازوں نے تقریباً ۱۵؍لاکھ بیرل ایرانی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات فراہم کیں اور وینزویلا کے صدر نکولس مدوروکےساتھ کاروبار کرنے پر خبردار کردیا جن کو امریکہ اقتدار سے ہٹانا چاہتا ہے۔قبل ازیں مارچ میں امریکہ نے ایران پر مزیداقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں اور ۵؍ جوہری سائنس دانوں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔مائیک پومپیو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ، تہران کی تیل برآمد کرنے کی صلاحیت کو ختم کرنے کے لیے مسلسل دباؤ جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ، ایرانی پیٹرو کیمیکلز کی تجارت کرنےوالے جنوبی افریقہ، ہانگ کانگ اور چین میں قائم۹؍ اداروں کے ساتھ ساتھ ۳؍ایرانی افراد کو بلیک لسٹ کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK