• Fri, 13 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران امریکہ جوہری معاہدہ: ٹرمپ پر امید، نیتن یاہو شکوک میں مبتلا

Updated: February 13, 2026, 9:03 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ آئندہ ماہ طے پانے کی امید ظاہر کی ہے، جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس معاہدے کے تعلق سے شکوک کا اظہار کیا ہے، ساتھ ہی کہا کہ ٹرمپ ایسے حالات پیدا کررہے ہیں، جو ایران کو معاہدے پر مجبور کرسکتے ہیں۔

Netanyahu and Donald Trump. Photo: INN
ڈونالڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو۔ تصویر: آئی این این

وائٹ ہاؤس میں نیتن یاہو سے ملاقات کے اگلے دن جمعرات کو بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کا نتیجہ ’’اگلے مہینے‘‘ تک آنے کی امید رکھتے ہیں۔ بعد ازاں ٹرمپ نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ’’ اگر انہوں نے معاہدہ نہ کیا تو یہ ایران کے لیے بہت تکلیف دہ ہوگا۔‘‘جبکہ ایران پر مزید دبائو ڈالنے کیلئے امریکہ ایک اور بحری بیڑہ خطے میں راوانہ کرنے پر غور کررہا ہے۔ بدھ کو واشنگٹن میں ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے نیتن یاہو نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکی صدر ایسے معاہدے کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس سے فوجی کارروائی سے بچا جا سکےگا۔
دریں اثناء نیتن یاہو اور ڈونالڈ ٹرمپ کی ڈھائی گھنٹہ سے زائد خفیہ مذاکرات کے بعد نیتن یاہو نے اس معاہدے کے طے پانے پر شک ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے میں ان شرائط کو شامل کرنا بھی ضروری ہے، جو اسرائیل کیلئے اہمیت کی حامل ہیں، جیسےایران کے جوہری پروگرام کا خاتمہ، اس کی بیلسٹک میزائلوں پر پابندی اور ایران کی علاقائیجنگجو تنظیموں  پر پابندیاں شامل ہیں۔تاہم ٹرمپ نے مذاکرات کو ’’بہت اچھی ملاقات‘‘ قرار دیا لیکن کہا کہ کوئی بڑا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے عوامی سطح پر نیتن یاہو کے مطالبات کی توثیق نہیں کی۔
مزید برآں اسرائیلی وزیر اعظم نے امریکی دورہ مکمل کرنے کے بعد روانہ ہوتے ہوئے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ان کا خیال ہے کہ ایرانیوں کو ’’ایک اچھا معاہدہ‘‘ قبول کرنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے، تاہم وہ خود اس حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کا ماننا ہے کہ ایرانی اب سمجھ گئے ہیں کہ ان کا سابقہ کس سے پڑا ہے، اور انہیں گزشتہ مرتبہ معاہدہ نہ کرکے غلطی کا احساس ہورہا ہوگا، اور انہیں ایسی شرائط ماننے پر مجبور کیا جاسکتا ہے، جس سے ایک اچھا معاہدہ ممکن ہو سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK