Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران- امریکہ امن معاہدہ حتمی مراحل میں ، جلد اعلان کی امید

Updated: May 25, 2026, 9:36 AM IST | Agency | Tehran

واشنگٹن اسلامی جمہوریہ کےمنجمد اثاثے بحال کریگاجواب میں تہران یورینیم افزودگی محدود اور آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کردیگا

Donald Trump.Photo:INN
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر:آئی این این
 ایران اور امریکہ کے درمیان  امن معاہدہ پر بات چیت حتمی مراحل پر پہنچ گئی ہے  اور  ذرائع کےمطابق اہم امور پر اتفاق رائے قائم ہوگیا ہے۔نئی دہلی میں موجود امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے  آئندہ چند گھنٹوں میں ’’خوش خبری‘‘ کی امید ظاہر کی ہے جبکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ  انہوں   نے اپنے نمائندوں کو معاہدہ کیلئے جلد بازی نہ کرنے کی ہدایت دی  ہے۔ ٹرمپ نے بھی تصدیق کی ہے کہ مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھ  رہے ہیں۔ 
 
 
مجوزہ امن معاہدہ کے تعلق سے سرکاری طو رپر ابھی کچھ بھی ظاہر نہیں کیاگیا ہے مگر جو تفصیلات سامنے آئی ہیں  ان کے مطابق جنگ بندی میں توسیع، آبنائے ہرمز میں بحری تجارت کی بحالی اور ایران کو عالمی منڈی میں آزادانہ تیل فروخت کرنے کی اجازت شامل ہے۔ 
 
 
امریکی خبر ایجنسی ’ایگزیوس‘ کے مطابق مجوزہ امن  معاہدہ  کے تحت ایران آبنائے ہرمز کو بغیر کسی ٹول ٹیکس کے بین الاقوامی بحری آمدورفت کیلئے کھول دیگا، یورینیم کی افزودگی محدود کردےگا اور اس کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے سے متعلق مذاکرات جاری رہیں  گے۔   اس کے بدلہ میں  امریکہ  ایرانی بندرگاہوں پر عائد بعض پابندیاں نرم کرے گا اور اقتصادی پابندیوں میں بھی نرمی دی جائے گی تاکہ ایران عالمی مارکیٹ میں آزادانہ طور پر تیل فروخت کر سکے۔اس کے علاوہ واشنگٹن  تہران کے منجمد اثاثوں کو بحال کرنے پر بھی راضی ہوسکتاہے۔ ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے نہ صرف ایرانی معیشت کو فائدہ ہوگا بلکہ عالمی تیل مارکیٹ میں بھی استحکام کی توقع ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ایران جتنی تیزی سے آبنائے ہرمز میں بحری راستے بحال کرے گا، امریکہ اسی رفتار سے اقتصادی پابندیوں میں نرمی کرے گا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK