Inquilab Logo

ایران نے اسرائیلی مظالم کیخلاف خط لکھا

Updated: August 08, 2022, 1:19 PM IST | Agency | Tehran

یہ اہم خط اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کے سربراہ، ناوابستہ ممالک کی تحریک کے سربراہ افریقی یونین کے سیکریٹری جنرل او راسلامی ممالک کے وزررائے خارجہ کے نام لکھا گیا، تل ابیب کیخلاف سخت اقدامات پر زور دیا گیا

Secretary General of the Islamic Jihad Organization Ziyad Al-Nakhla with Suprem.Picture:INN
اسلامی جہاد تنظیم کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ ، سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ او ر دیگر کےساتھ۔ ۔ تصویر:آئی این این

 فلسطین پر تازہ  اسرائیلی حملوں کیخلاف ایران نے اقوام متحدہ  کے ساتھ ساتھ دیگر اہم عالمی اداروں اورا سلامی ممالک کو خط لکھا  ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اتوار کو  ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بین الاقوامی اور اسلامی تنظیموں کے نام ایک خط میں کہا  کہ غزہ پٹی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے بحران میں اضافے کے نتائج کی ذمہ داری مکمل طور پر قابض  اور جارح اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔حسین امیرعبداللہیان نے غزہ پٹی کے عوام کیخلاف اسرائیل کے وحشیانہ حملے کے رد عمل میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کے سربراہ، نا وابستہ ممالک کی تحریک کے سربراہ اورافریقی یونین کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک خط میں غزہ پٹی کے حالیہ واقعات پر ایران کی گہری تشویش اور خدشات  سے آگاہ کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اس خط میں بین الاقوامی تنظیموں کی خاموشی اور لاتعلقی کے درمیان اسرائیل کے مظالم کی سختی سے مذمت کی۔امیر عبداللہیان نے  اپنی سرزمین کے دفاع کو فلسطینی قوم کا جائز حق قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری اوراقوام متحدہ  کی جانب سے  اسرائیل کے اقدامات کی مذمت نیز اس کے جرائم اورمظالم کی روک تھام  کیلئے فوری اقدام پر زور دیا۔ اسی دوران ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی فوج کے کمانڈر ، جنرل حسین سلامی نے اتوار کو کہا  کہ غزہ پٹی پر مسلسل بمباری کی اسرائيل کو بھاری قیمت  چکانی  ہوگی ۔یہ بات جنرل سلامی نے اسلامی جہاد تنظیم کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ سے  ایران کے دار الحکومت تہران میں ہونے والی ایک ملاقات میں کہی ۔ بدھ کو تہران پہنچنے والے زیاد النخالہ نے ایران کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے جن میں صدر ابراہيم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان  اور سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی شامل  تھے ۔  جنرل سلامی نے کہا کہ اسرائيل ، غزہ  پٹی پر حالیہ حملوں کی بھاری قیمت ادا کرے گا اور ایران ، فلسطینی تنظیموں کی حمایت جاری رکھنے کا پابند ہے۔جنرل سلامی نے غزہ پر  اسرائیلی مظالم کی شدید  مذمت کی۔ انہوںنے فلسطین کے حالات کو  اسرائیل کا زوال قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ اس کے خاتمے کی علامت ہے۔پاسداران انقلاب اسلامی فوج کے کمانڈر نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جہاد اور فلسطین کی استقامتی تنظیمیں ، بڑے محاذوں کو سنبھالنے کی طاقت رکھتی ہيں ۔  اس ملاقات میں زیاد النخالہ نے کہا کہ فلسطینی تنظیموں نے  پیش قدمی کی ہے اور وہ اسرائيل کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کی طاقت رکھتی ہیں ۔ اہم بات یہ ہےکہ  زیاد النخالہ کے دورۂ ایران کے موقع ہی پر اسرائیل کی جانب سے  فلسطین پر حملہ کیا گیا ۔ 

iran israel Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK