ٹرمپ کے مطابق ایران نے پُرامن مظاہرین پرتشدد کیا یا انہیں قتل کیا تو امریکہ ان کے بچاؤ کیلئے آئے گا۔
EPAPER
Updated: January 03, 2026, 10:07 AM IST | Tehran
ٹرمپ کے مطابق ایران نے پُرامن مظاہرین پرتشدد کیا یا انہیں قتل کیا تو امریکہ ان کے بچاؤ کیلئے آئے گا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں مظاہرین پر تشدد کی صورت میں امریکی مداخلت پر ایرانی قیادت کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی سلامتی کی طرف بڑھنے والا ہر مداخلت پسند ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔
علی شمخانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی قوم امریکہ کی جانب سے دوسروں کو بچانے کے تجربات سے بخوبی واقف ہے، چاہے وہ عراق ہو، افغانستان ہو یا غزہ۔ دوسری جانب ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے جواب میں انگریزی زبان میں ایکس پر کہا کہ اسرائیلی حکام اور ٹرمپ کے بیانات کے بعد پردے کے پیچھے ہونے والی سرگرمیاں اب واضح ہو چکی ہیں۔
علی لاریجانی نے کہا کہ ایران مظاہرہ کرنے والے تاجروں کے موقف اور ہنگامہ آرائی کی کارروائیوں میں واضح فرق کرتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر دے گی اور امریکہ کے مفادات کو نقصان پہنچائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی عوام کو جان لینا چاہئے کہ اس مہم جوئی کی ابتداء خود ٹرمپ نے کی ہے لہٰذا انہیں اپنے فوجیوں کی سلامتی کے بارے میں ہوشیار رہنا چاہئے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے پُرامن مظاہرین پرتشدد کیا یا انہیں قتل کیا تو امریکہ ان کے بچاؤ کے لئے آئے گا۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں مزیدکہا کہ ہم مظاہرین کو بچانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔