Inquilab Logo

بارامتی سے نند بھابھی کی مقابلہ آرائی بی جے پی کی شرد پوار کو سیاسی طور پر ختم کردینے کی سازش ہے؟

Updated: April 02, 2024, 2:03 PM IST | Agency | Pune

بارا متی لوک سبھا حلقے سے سپریہ سُلے کے مقابلے میں اجیت پوار گروپ کی جانب سے ان کی بھابھی سونیترا اجیت پوار کو امید وار بنائے جانے کے بعد بارامتی کی سیاسی جنگ کے خاندانی لڑائی میں تبدیل ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔

Pawar family`s daughter-in-law Sunitra and daughter Supriya are facing each other in the election. Photo: INN
پوار خاندان کی بہو سونیترا اور بیٹی سپریہ الیکشن میں آمنے سامنے ہیں۔ تصویر : آئی این این

بارا متی لوک سبھا حلقے سے سپریہ سُلے کے مقابلے میں اجیت پوار گروپ کی جانب سے ان کی بھابھی سونیترا اجیت پوار کو امید وار بنائے جانے کے بعد بارامتی کی سیاسی جنگ کے خاندانی لڑائی میں تبدیل ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ تاہم سپریہ سلے نے جہاں اتوار کو یہ اعلان کیا کہ لوک سبھا الیکشن میں خاندان کے درمیان ہی مقابلہ آرائی کے باوجود بھابھی سونیترا کیلئے ان کا احترام کم نہیں ہوگا وہیں انہوں  نے اسے شرد پوار کو سیاسی طور پر ختم کردینے کی بی جے پی کی سازش قراردیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: انڈیا اتحاد کی ریلی کے بعد کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے بی جے پی کو خبردار کیا

واضح رہے کہ بارامتی شردپوار کاآبائی حلقہ ہے۔ یہاں سے سنیچر کو این سی پی (شرد پوار) کی جانب سے شرد پوار کی بیٹی سپریہ سُلے کی امیدواری کے اعلان کے چند ہی گھنٹوں بعد اجیت پوار خیمے نے سونیترا پوار کی امیدواری کا اعلان کیا جو اجیت پوار کی اہلیہ ہیں۔ سپریہ سُلے نے بھابھی کے مدمقابل آنے کوبی جےپی کی سازش قراردیتے ہوئےکہا کہ اس سے بھابھی کیلئے ان کا احترام کم نہیں ہوجائےگا۔ سپریہ کے مطابق’’وہ میرے بڑے بھائی کی بیوی اور میرے لئے ماں  کی طرح ہیں۔ ‘‘بہرحال بارامتی جو پوار خاندان کا گڑھ ہے میں  اجیت پوار کی بیوی اور شرد پوار کی بیٹی کے درمیان مقابلہ دلچسپ ہوگا۔ سپریہ سلے جواپنی بردباری کیلئے جانی جاتی ہیں، نے کہاکہ ’’یہ اصل میں  پوار خاندان اور مہاراشٹر کے خلاف سازش ہے۔ وہ (بی جے پی) پوار صاحب کو ختم کر دینا چاہتی ہے۔ یہ میں  نہیں  کہہ رہی، بی جےپی کے ہی ایک سینئر لیڈر نے بارامتی کا دورہ کرنے کے بعد یہ بات کہی ہے۔ 
  بارامتی حلقہ جس میں  بارامتی، اندا پور، ڈونڈ، پورندر، بھور اور کھڑک واسلہ اسمبلی حلقے آتے ہیں، ۱۹۶۰ء سے پوار خاندان کا گڑھ ہے۔ یہاں    ۷؍ مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ اجیت پوار ۱۹۹۱ء سے بارامتی اسمبلی حلقے سے ایم ایل اے ہیں، ان کی ۲۰۱۹ء کی کامیابی نے تاریخ رقم کردی تھی۔ لوک سبھا کیلئے سپریہ سلے کی کامیابی کو یقینی بنانے میں  اجیت پوار کا اہم رول رہتا رہاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK