Inquilab Logo Happiest Places to Work

’اسلام‘ پارٹی کی مراٹھواڑہ میں سیاسی توسیع کی تیاری، بڑے عوامی جلسہ کا اعلان

Updated: June 08, 2026, 10:37 AM IST | Z.A Khan | Nanded

پارٹی کے کارپوریٹروں اور سرکردہ قائدین پر مشتمل ایک وفد کا ناندیڑ دورہ، مقامی ذمہ داران سے اہم گفتگو، پارٹی سربراہ آصف شیخ رشید بھی جلد ناندیڑ کا دورہ کریں گے۔

Asif Sheikh Rasheed`s `Islam` party.
آصف شیخ رشید کی ’ اسلام ‘ پارٹی۔ تصویر: آئی این این

مالیگاؤں سے ابھرنے والی انڈین سیکولر لارجسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر (اسلام پارٹی) نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کو ریاست کے مختلف اضلاع تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلے میں پارٹی کے کارپوریٹرس اور سرکردہ قائدین پر مشتمل ایک وفد نے ناندیڑ کا دورہ کیا اور یہاں مقامی ذمہ داران کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ مالیگاؤں سے آئے وفدمیں جمیل شیخ، عقیل شیخ، وسیم خان، جنید خان، جمیل خان، ظہیرخان اوردیگر افراد شامل تھے۔ دیگلور ناکہ کے ڈے لائٹ فنکشن ہال میں منعقدہ اس جائزہ اجلاس میں اسلام پارٹی کے ناندیڑ کوآرڈی نیٹر سید حیدر پٹیل اور ان کی ٹیم کے اراکین سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس کے دوران ناندیڑ سمیت مراٹھواڑہ کے سیاسی حالات، مقامی عوامی مسائل اور اقلیتی علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی قائدین نے ناندیڑ میں اسلام پارٹی کے تئیں عوامی دلچسپی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے یہاں پارٹی کو بڑے پیمانے پر لانچ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ’ اسلام‘ پارٹی کے بانی اور مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید جلد ہی ناندیڑ کا دورہ کریں گے۔ ان کی آمد کے پیش نظر دیگلور ناکہ علاقے میں ایک بڑا عوامی اجلاس منعقد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جس کے ذریعے پارٹی اپنی پالیسی، پروگرام اور عوامی ایجنڈا کو ناندیڑ کے عوام کے سامنے پیش کرے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: آٹھ ایشیائی شیر کے بچے گرمی سے ہلاک ہوئے، بیبیشیا انفیکشن سے نہیں: گجرات حکومت

پارٹی ذمہ داران نے کہا کہ’ اسلام‘ پارٹی صرف انتخابی سیاست تک محدود نہیں ہے بلکہ دبے کچلے، محروم اور بنیادی سہولیات سے محروم طبقات کی آواز بننے کی کوشش کررہی ہے۔ ان کے مطابق ناندیڑ کے کئی مسلم اکثریتی علاقوں میں آج بھی پکی سڑکوں، صاف پینے کے پانی، ڈرینج لائنوں اورصاف صفائی جیسی بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے جبکہ عوام برسوں سے مسائل کا سامنا کررہے ہیں ۔ مالیگاؤں سے آئے ہوئے قائدین نے اسلام پارٹی کے بانی آصف شیخ رشید کو ایک بے باک، متحرک اور عوامی مسائل کے تئیں سنجیدہ لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مالیگاؤں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اسلام پارٹی کے نمائندے بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے اور پارٹی کارپوریشن میں اقتدار حاصل کرتے ہوئے اپنا میئر منتخب کرانے میں بھی کامیاب رہی۔ پارٹی قائدین نے واضح کیا کہ جس طرح مالیگاؤں میں اسلام پارٹی نے اپنی مضبوط سیاسی شناخت قائم کی ہے، اسی طرز پر اب مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے دیگر شہروں میں بھی پارٹی اپنی موجودگی مضبوط کرنے کی کوشش کرے گی۔ خاص طور پر اقلیتی اکثریتی علاقوں میں تنظیمی ڈھانچہ مضبوط کرنے اور نوجوانوں کو سیاست میں فعال کردار دینے پر توجہ دی جائے گی۔ 
۲؍ ماہ بعد ضلع ناندیڑ کے اردھا پور میں ہونے والے نگر پنچایت انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے ذمہ داران نے کہا کہ اسلام پارٹی وہاں اپنے امیدوار میدان میں اتارنے اور کامیابی حاصل کرنے کی سنجیدہ تیاری کررہی ہے۔ اجلاس کے دوران پارٹی کے ذمہ داران نے مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کی کارکردگی پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناندیڑ کے عوام نے مجلس کو بڑی امیدوں کے ساتھ سیاسی حمایت دی تھی، مگر عوامی توقعات کے مطابق مسائل کے حل کیلئے مؤثر کام نہیں ہوسکا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج بھی کئی مسلم بستیاں بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے عوام ایک متبادل سیاسی قیادت کی تلاش میں ہیں ۔ پارٹی قائدین نے ناندیڑ کے نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ’ اسلام‘ پارٹی سے وابستہ ہوکر سماجی اور سیاسی تبدیلی کی اس تحریک کا حصہ بنیں۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK