Updated: November 26, 2026, 8:33 PM IST
| Washington
ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ نے نیتن یاہو پر غزہ امن منصوبے کے وعدے پورے کرنے پر زور دیا، وہائٹ ہاؤس نے باضابطہ طور پر کال کی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی بات چیت کی تفصیلات جاری کی ہیں، جبکہ نیتن یاہو کے دفتر نے بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
غزہ کی بد ترین صورت حال۔ تصویر: ایکس
ایکسیوس نے بدھ کو تین ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی صدارتی ایلچی جیرڈ کشنر نے منگل کو اسرائیل کے نگران وزیر اعظم نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں اور غزہ امن منصوبے پر عمل درآمد کریں ۔ یہ دباؤ وہائٹ ہاؤس اور ٹرمپ کے بورڈ آف پیس میں بڑھتی ہوئی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے، جو جولائی میں حماس کے ساتھ طے پانے والے۱۵؍ نکاتی روڈ میپ پر عمل درآمد میں تاخیر کا شکار ہے، جس کا مقصد غزہ کے مسلح گروپوں کو غیر مسلح کرنا اور حکمرانی ایک نئی فلسطینی ٹیکنوکریٹک انتظامیہ کو منتقل کرنا ہے۔بعد ازاں یہ منصوبہ اسرائیل کے۲۷؍ اکتوبر کے انتخابات کے بعد سے مہینوں سے رکا ہوا ہے، جس میں نیتن یاہو حکومتی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے اور نگران حکومت کی سربراہی کرتے رہے، جبکہ اپوزیشن لیڈر گادی آئزن کوٹ، جنہوں نے ٹرمپ کے منصوبے کو نافذ کرنے کا عہد کیا ہے، کو نئی اتحادی حکومت بنانے کا اختیار ملا۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی وزیر دفاع کا ایران پر کیمیائی ہتھیار بنانے کا الزام
دو ہفتے قبل ٹرمپ کے ساتھ ایک کال کے دوران نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ وہ نگران وزیر اعظم کے طور پر غزہ کے اقدامات کی منظوری نہیں دے سکتے،جبکہ یہ ایک غیر سنجیدہ دلیل ہے، کیونکہ وہ ایران کے ساتھ جنگ کرنے کے لیے تیار تھے۔ دریں اثناء امریکہ نیتن یاہو پر چھ مخصوص اقدامات کی منظوری کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، جن میں انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس کی تعیناتی، اس کے اڈوں کے لیے تعمیراتی مواد کی اجازت، اور اسرائیل سے جانچ شدہ ۴۰۰۰؍فلسطینی کو پولیس بھرتی کیلئے مصر میں تربیت کے لیے جانے اور غزہ واپس آنے کی اجازت دینا شامل ہے۔مزید برآں امریکہ یہ بھی چاہتا ہے کہ اسرائیل پانی و صفائی کے مواد اور سردیوں کے موبائل گھروں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے، اور جنوبی غزہ میں فلسطینی ٹیکنوکریٹک حکومت کے لیے ایک ابتدائی منصوبہ بھی شروع ہو۔
تاہم وہائٹ ہاؤس نے باضابطہ طور پر کال کی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی بات چیت کی تفصیلات جاری کی ہیں، جبکہ نیتن یاہو کے دفتر نے بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔واضح رہے کہ اسرائیل دھاتی کنٹینرز کو یہ دعویٰ کرتے ہوئے روک رہا ہےکہ حماس انہیں ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کر سکتی ہے، اور سیمنٹ، لوہا اور اسٹیل پر پابندی لگا رکھی ہے، جس سے بے گھر فلسطینی سیلاب، طوفان اور سردی میں کپڑے کے خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: یورپی بینکوں کی اسرائیلی قبضے سے جڑی کمپنیوں کو ۳۶۱؍ ارب ڈالر کی مالی امداد: رپورٹ
ذہن نشین رہے کہ اکتوبر۲۰۲۳ء سے اسرائیل کی غزہ پر نسل کش جنگ میں۷۴؍ ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور تقریباً ایک لاکھ۷۶؍ ہزار زخمی ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں، جبکہ علاقے کا۹۰؍ فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امن منصوبے پر عمل درآمد میں تاخیر سے غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہو رہا ہے اور بے گھر خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فوری اقدامات سے استحکام کی بحالی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔علاوہ ازیں فلسطینی حکام نے بھی بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ امداد اور تعمیراتی مواد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔