Inquilab Logo

اسرائیل حماس جنگ کو ۲؍ ماہ مکمل ، ۱۶؍ ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک

Updated: December 07, 2023, 3:37 PM IST | Jerusalem

آج اسرائیل حماس جنگ کو ۲؍ ماہ مکمل ہو گئے ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک ۱۶؍ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطین کی ریڈ کریسینٹ سوسائٹی نے کہا کہ غزہ میں ۶۰؍ فیصد افراد کو بیرون ملک طبی امداد کی ضرورت ہے۔ جی ۷؍ گروپ نے اپنے بیان میں غزہ کے حالات پر اظہار افسوس کیا اور وہاں انسانی امداد کی ترسیل کو بڑھانے پر زور دیا۔

Many Palestinians have taken refuge in Rafah due to Israeli aggression. Photo: PTI
اسرائیی جارحیت کی وجہ سے متعدد فلسطینیوں نے رفح میں پناہ لی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

حماس اور اسرائیلی جنگ کو آج ۲؍ ماہ مکمل ہو گئے ہیں۔ اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں کے سبب ۱۶؍ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں جن میں ۷؍ ہزار تعداد بچوں کی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں بڑے پیمانے پر خواتین بھی شامل ہیں۔ غزہ میں ایک ملین سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور کئی اسپتال غیر فعال ہیں جس کے سبب زخمیوں کے علاج میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

غزہ میں انسانی امداد ناکافی ہے: یو این آر ڈبلیو اے
اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی شدید بمباری نے حالات کو خطرناک بنا دیا ہے۔ یو این آر ڈبلیو اے نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کی خوراک ناکافی ہے۔ شیلٹرزلوگوں سے بھر گئے ہیں۔ ضروریات پوری کرنے کیلئے خاطر گواہ امداد موجود نہیں۔ یو این آر ڈبلیو اے کی کارروائیوں کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔

ایندھن کی کمی کی وجہ سے ایمبولینس خدمات تعطل کا شکار ہے: فلسطینی ریڈ کریسینٹ  
فلسطین ریڈکریسینٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) نے اعلان کیا ہے کہ شمالی غزہ میں ایندھن کی ترسیل تحلیل ہونے اور اسپتالوں کے غیر فعال ہونے کے سبب اس کی ایمبولینس خدمات تعطل کاشکار ہے جس سے زخمی اور بیمار افراد کی منتقلی نا ممکن ہو گئی ہے۔ تاہم، سوسائٹی کی ایمبولینس ٹیم کی جانب سے قائم کئے گئے پی آ ر سی ایس ایڈوانسڈ اور پوسٹ میڈیکل میں چھوٹے اور محدود معاملات سلجھانے کی کوشش جاری ہےجہاں روزانہ کم از کم ۲۵۰؍ زخمیوں کا علاج کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ پر ۶۱؍ دنوں میں۱۰؍ ہزار حملے، خان یونس میں لڑائی شدید تر

غزہ میں شہریوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے: جی ۷
جی ۷؍ گروپ کے لیڈران نے بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے غزہ میں اسرائیلی حملے سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا ہے اور شہریوں اور بے گھر افراد کی حفاظت کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ غزہ میں انسانی آبادی تیزی سے غیر محفوظ ہو رہی ہے۔ موسم سرما کا آغاز ہو رہا ہے اس لئے ہمیں غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل کو بڑھانے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ لوگوں کی ضروریات مکمل پوری ہو سکیں۔

شمالی غزہ کے ۹۷؍ فیصد گھرانوں میں خوراک ناکافی ہے: ڈبلیو پی ایف
 ڈبلیو پی ایف نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں غزہ پٹی میں خوراک کے عدم تحفظ کی جانب نشاندہی کی گئی ہے۔ ڈبلیو پی ایف نے کہا کہ شمالی غزہ میں گھرانوں کو بھوک کی خطرناک سطح کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وہاں کے تقریباً ۹۷؍ فیصد گھرانوں میں ناکافی خوراک کی کھپت ہے جبکہ ۱۰؍ میں سے ۹؍ افراد ایک رات اور ایک دن بغیر کھانے کے گزارتے ہیں۔

غزہ میں ۶۰؍ فیصد لوگوں کو غیرملکی طبی امداد کی ضرورت ہے: ریڈ کریسینٹ  
فلسطین کی ریڈ کریسینٹ سوسائٹی نے غزہ میں غیر فعال طبی سیکڑ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں تقریباً ۶۰؍ فیصد افراد کو بیرون ملک فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔ ریڈکریسینٹ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج دیدہ و دانستہ زخمیوں اور بیماروں کوحراست میں لے رہی ہے۔ ہم پٹی میں صحت اور ماحولیاتی تباہی کے دہانے پرپہنچ چکے ہیں۔ ریڈکریسینٹ نے مزید کہا کہ اس نے شمالی غزہ میں زخمیوں کا علاج کرنے کیلئے ایک میڈیکل یونٹ قائم کی ہے، جہاں کوئی بھی فعال اسپتال نہیں ہے اور سیکڑوں زخمیوں اور بیماروں کو طبی سینٹر اور جنوبی غزہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسرائیلی حملوں میں صحافیوں کو نشانہ بنانا جنگی جرم ہے: ہیومن رائٹس واچ
ہیومن رائٹس واچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ۱۳؍ اکتوبر کو جنوبی لبنان میں لبنانی، امریکی اور عراقی صحافیوں کے گروپ پر اسرائیل کے حملے ’’دیدہ و دانستہ شہریوں پر حملہ ‘‘ ظاہر ہوتے ہیں۔ این جی او نے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے۔ اسرائیلی حملے کے سبب رائٹرس کے صحافی عصام عبداللہ ہلاک ہو گئے تھے جبکہ دیگر ۶؍ صحافی زخمی ہوئے تھے جن میں الجزیزہ کے کیمرہ مین ایلی برکھیا اور رپورٹر کارمین جوخدر شامل ہیں۔ ایچ آر ڈبلیو نے مزید کہا ہے کہ ثبوت ظاہر کرتے ہیں کہ اسرائیلی فوج جانتی تھی یا اسے معلوم ہو گا کہ وہ جس پر حملہ کر رہے ہیں وہ شہری ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ نے امریکہ، برطانیہ اور کنیڈا کو اسرائیل کو فوجی امداد اور اسلحہ نہ فراہم کرنے کی بھی اپیل کی ہے اور متنبہ کیا ہے کہ یہ سنگین زیادتیوں کیلئے استعمال کئے جا سکتے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK