Inquilab Logo

پہلے روزہ کوہی غزہ میں۷؍ خاندانوں کا قتل عام، مغربی کنارہ میں بھی اسرائیلی فوج کاکریک ڈاؤن

Updated: March 12, 2024, 10:30 AM IST | Agency | Ramallah/ Beirut

ماہ رمضان کے پہلے دن اسرائیلی فوج نے پیر کو فجر کے وقت مغربی کنارہ کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار مہم شروع کی جس کے دوران تصادم بھی ہوا اور گرفتاریاں بھی کی گئیں۔

According to the Ministry of Health of Gaza, there is still fear of people being buried in the debris. Photo: INN
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب بھی ملبے میںافراد کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔ تصویر : آئی این این

غزہ میں پہلے روزہ کو بھی اسرائیل سفاکیت سے باز نہیں آیا۔ قابض فوج نے رمضان کے پہلے ہی دن غزہ پٹی میں ۷؍ خاندانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس طرح گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ۶۷؍ فلسطینی شہید اور۱۰۶؍ زخمی ہوگئے۔  وزارت صحت نے کہا ہےکہ متاثرین کی ایک بڑی تعداد اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر ہے۔ قابض فوج ایمبولینس اور شہری دفاع کے عملے کو ان تک پہنچنے سے روکتی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ سال ۷؍ اکتوبرسے اب تک اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ۳۱؍ ہزار ۱۱۲؍ فلسطینی شہید اور ۷۲؍ہزار ۷۶۰؍ زخمی ہوئےہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں ۷۲؍فیصد متاثرین بچے اور خواتین ہیں۔  وزارت صحت کے مطابق غذائی قلت اور پانی کی کمی سے شہید ہونے والوں کی تعداد ۲۵؍ تک پہنچ گئی ہے۔  گزشتہ۷؍ اکتوبر سے اسرائیلی قابض فوج نے غزہ پر تباہ کن جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ جس کے نتیجے میں ایک لاکھ بیس ہزار فلسطینی شہید، زخمی اور لاپتہ ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی بمباری میں غزہ کی۶۰؍ فیصد سے زیادہ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ 
 دوسری جانب اسرائیلی قابض افواج نے ماہ رمضان کے پہلے دن پیر کی صبح فجر کے وقت مغربی کنارہ کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار مہم شروع کی جس کے دوران تصادم بھی ہوا اور گرفتاریاں بھی کی گئیں۔  طولکرم میں قابض فوج نے ایک کیمپ پر دھاوا بول دیا اور بنیادی ڈھانچوں کومسمار کردیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج نے طولکرم شہر پر دھاوا بول دیا اور بلڈوزروں سے انفراسٹرکچر کو منہدم کرنا شروع کر دیا نیز شہر میں العلیمی گول چکر کے قریب گلی کی کھدائی شروع کر دی۔ اسرائیلی فوج کی گاڑیوں نے طولکرم کے مشرق میں نور شمس کیمپ پر بھی دھاوا بولا۔  قابض فورسیز نے جبل النصر محلے اور المسلخ محلے میں اپنی گاڑیاں کیمپ میں کھڑی کردیں اور کیمپ کے داخلی دروازے اور النصر مسجد کے آس پاس کی مرکزی سڑک کو توڑدیا۔  پُرتشدد دھماکوں کی آوازوں کے درمیان کیمپ کے قریبی علاقوں میں جھڑپیں شروع ہو گئیں۔  نابلس میں قابض فوج نے نابلس شہر اور مشرق میں بلطہ کیمپ پر بھی دھاوا بولا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ 
لبنانی گاؤں پر اسرائیلی حملے میں ۳؍ افراد ہلاک
 اتوار کے روز جنوبی لبنان کے گاؤں ہیباریہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں اسلامی گروپ کے فوجی ونگ الفجر آرمی کے تین اراکین ہلاک اور ایک رکن زخمی ہوگیا۔ لبنانی عسکری ذرائع نے یہ اطلاع ژنہوا نیوز ایجنسی کو دی۔ ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک گاڑی پر چار میزائل داغے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار۳؍ افراد ہلاک اور چوتھا زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق سول ڈیفنس یونٹس اور ریڈ کراس نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ الفجر آرمی نے حال ہی میں جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کے خلاف کئی فوجی آپریشن شروع کیے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK