Updated: November 25, 2026, 7:01 PM IST
| Jerusalem
اسرائیلی استغاثہ عبرانی یونیورسٹی یروشلم کے ایک فلسطینی طالب علم مہدی تونسی کو بغیر مقدمے کے حراست میں رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ ماہرین تعلیم اور کارکنوں نے حراست میں اس کے ساتھ سلوک اور اسرائیلی شہریت یا رہائش رکھنے والے فلسطینیوں کے خلاف انتظامی حراست کے استعمال پر تشویش ظاہر کی ہے۔
فلسطینی طالب علم مہدی تونسی کی رہائی کا مطالبہ کرتے اسرائیلی اور فلسطینی طلبہ۔ تصویر: ایکس
اسرائیلی استغاثہ عبرانی یونیورسٹی یروشلم کے ایک فلسطینی طالب علم مہدی تونسی کو بغیر مقدمے کے حراست میں رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ ماہرین تعلیم اور کارکنوں نے حراست میں اس کے ساتھ سلوک اور اسرائیلی شہریت یا رہائش رکھنے والے فلسطینیوں کے خلاف انتظامی حراست کے استعمال پر تشویش ظاہر کی ہے۔
دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق عبرانی یونیورسٹی میں سوشیالوجی کی پروفیسر اور وکیل یاعل بیردا، جنہوں نے تونسی کو چار سال تک پڑھایا ہے، ان کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے سماعت میں شریک ہوئیں۔انہوں نے عدالت کے باہر کہا، ’’مجھے کوئی شک نہیں کہ یہ شناخت اور سیاسی سرگرمی کی بنیاد پر سیاسی انتقام کا معاملہ ہے۔ مہدی کی گرفتاری اس مہم کا حصہ ہے جس میں ہم نے انتخابات کے بعد سے بہت زیادہ شدت دیکھی ہے۔‘‘بیردا نے کہا کہ تونسی سماعت کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے ’’تقریباً ناقابل شناخت‘‘ نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ان سے ان کا چشمہ چھین لیا گیا تھا، ان کے بال اور داڑھی مونڈ دی گئی تھی اور جسم پر چوٹ کے واضح نشانات تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ایران کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت نہیں‘‘
واضح رہے کہ تونسی کو۸؍ نومبر کو ان کے یونیورسٹی ہاسٹل سے گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں مجدو جیل میں رکھا گیا ہے، جہاں انہیں جسمانی اذیت، بدسلوکی، ناکافی خوراک، قیدیوں پر پرتشدد حملے اور خارش و دیگر بیماریوں کے وسیع پھیلاؤکا سامنا ہے۔دریں اثناء اسرائیلی استغاثہ انتظامی حراست کے حکم کی کوشش کر رہے ہیں، جس کے تحت حکام کسی شخص کو بغیر مقدمے یا عوامی طور پر ثبوت پیش کیے چھ ماہ تک حراست میں رکھ سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسیزنے سماعت کے دوران ثبوت کا خلاصہ پیش کیا جو تونسی اور ان کے وکلاء دونوں کے لیے بند تھا، جس سے انہیں مؤثر طریقے سے دفاع کرنے سے روک دیا گیا۔علاوہ ازیں جیل حکام نے تونسی کا چشمہ واپس کرنے کے جج کے حکم پر بھی عمل نہیں کیا، جیسا کہ منگل کو ان کی مختصر عوامی پیشی سے ظاہر ہوا۔
حالانکہ مقبوضہ مغربی کنارے کے ہزاروں فلسطینی انتظامی حراست کے احکامات کے تحت قید ہیں۔ تاہم، یہ اقدام شاذ و نادر ہی اسرائیلی شہریت یا مقبوضہ مشرقی یروشلم میں رہائشی حیثیت رکھنے والے فلسطینیوں کے خلاف استعمال ہوا ہے۔تونسی کی گرفتاری اسرائیلی شہری فلسطینیوں کے خلاف بدنامی کی مہم کے درمیان ہوئی ہے، جن کے ووٹ گزشتہ ماہ کے انتخابات میں وزیر اعظم نیتن یاہو کے اتحاد کی اکثریت ختم کرنے میں اہم تھے۔
یہ بھی پڑھئے: آئزن کوٹ آئندہ ہفتے اسرائیلی حکومت کی تشکیل کا اعلان کریں گے: میڈیا
بعد ازاں سینکڑوں یہودی اور فلسطینی مظاہرین نے عدالت کے باہر جمع ہو کر تونسی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔عبرانی یونیورسٹی کے ڈین آف اسٹوڈنٹس زوہر کامپف نے کہا کہ یونیورسٹی نے سماعت میں گواہی دینے کی اجازت مانگی تھی، لیکن اس کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ یونیورسٹی نے تونسی کی گرفتاری، چشمہ چھیننے یا دیگر مبینہ بدسلوکی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔کنیسٹ کے رکن عوفر کسیف نے تونسی کی رہائی کے لیے بین الاقوامی دباؤ کی مہم کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا، ’’بین الاقوامی برادری، خاص طور پر اکیڈمی کہاں ہے؟ وہ کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں؟ آواز اٹھائیں، کچھ کریں۔‘‘رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے بدسلوکی کے واضح نشانات یا تونسی کے خلاف کیس کی تفصیلات کے بارے میں سوالات کا جواب نہیں دیا۔