• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئزن کوٹ آئندہ ہفتے اسرائیلی حکومت کی تشکیل کا اعلان کریں گے: میڈیا

Updated: November 25, 2026, 11:17 AM IST | Tel Aviv

اسرائیلی میڈیا کے مطابق گادی آئزن کوٹ آئندہ ہفتے صدر اسحاق ہرزوگ کو حکومت کی تشکیل کے بارے میں آگاہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں عرب پارٹیوں کی بیرونی حمایت پر انحصار کرتے ہوئے حکومت بنانے کی طرف بڑھیں گے اور اپنیمعیاد میں توسیع نہیں مانگیں گے۔

Israel’s Prime Minister-designate Gadi Eisenkot. Photo: X
اسرائیل کے نامزد وزیر اعظم گادی آئزن کوٹ۔ تصویر: ایکس

اسرائیلی میڈیا’’ والا ‘‘کے مطابق یاشر پارٹی کے لیڈر آئزن کوٹ کا ارادہ اس ہفتے کے آخر تک نگراں وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی لیکوڈ اور انتہائی قدامت پسند مذہبی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات مکمل کرنے کا ہے۔تاہم اگر یہ مذاکرات ناکام ہوئے تو وہ عرب جماعتوں کی بیرونی حمایت پر انحصار کرتے ہوئے حکومت بنانے کی طرف بڑھیں گے اور اپنی معیاد میں توسیع نہیں مانگیں گے۔ جبکہ آئزن کوٹ نے رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل میں حکومت سازی کیلئے گفتگو بے نتیجہ، اب دوسرا دَور ہوگا

واضح رہے کہ حکومت بنانے کے لیے ان کی ابتدائی۲۸؍ روزہ معیاد ۶؍ دسمبر کو ختم ہو رہی ہے، جس میں مزید۱۴؍ دن کی توسیع ہو سکتی ہے۔اسرائیل کے بنیادی قانون کے تحت، صدر کو حکومت کی تشکیل کی اطلاع دینا اسے خود بخود عہدے پر نہیں لاتا۔ مجوزہ کابینہ، اس کا پروگرام اور وزارتی قلمدانوں کی تقسیم کو حکومت کی تشکیل کی اطلاع کے سات دن کے اندر کنیسٹ میں اعتماد کے ووٹ کے لیے پیش کرنا ہوگا۔والا نے کہا کہ آئزن کوٹ نیتن یاہو کو عہدے سے ہٹانے اور لیکوڈ و مذہبی جماعتوں سے مذاکرات ناکام ہونے کے باوجود حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔دراصل حکومت کے اعلان میں تاخیر کی بڑی وجہ آئزن کوٹ کی اپنے دو اہم شراکت داروں کو مطمئن کرنے کی کوششیں ہیں۔ سابق وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اصرار کر رہے ہیں کہ لیکوڈ کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت کے تمام متبادل ختم کیے جائیں، جبکہ اسرائیل بیٹینو کے لیڈر ایوگڈور لیبرمین انتہائی قدامت پسند جماعتوں کو اتحاد میں لانے کا امکان تلاش کرنا چاہتے ہیں۔والا نے کہا، ’’آئزن کوٹ کا کیمپ اس ہفتے کے آخر تک دونوں راستوں پر بات چیت مکمل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کا مقصد ممکنہ طور پر اگلے ہفتے کے آغاز میں صدر کو بتانا ہے کہ وہ حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔‘‘
بعد ازاں اگر لیکوڈ اور مذہبی جماعتوں سے مذاکرات ناکام ہوئے تو آئزن کوٹ چینج بلاک جماعتوں پر مشتمل اقلیتی حکومت بنائیں گے اور کنیسٹ میں اعتماد کے ووٹ کے لیے عرب جماعتوں کی بیرونی حمایت پر انحصار کریں گے۔چینج بلاک میں آئزن کوٹ کی یاشر پارٹی، بینیٹ کی ٹوگیدر پارٹی، لیبرمین کی اسرائیل بیٹینو اور یائر گولان کی قیادت میں ڈیموکریٹس شامل ہیں۔ ان چار جماعتوں کے پاس ۱۲۰؍رکنی کنیسٹ میں ۴۸؍ نشستیں ہیں۔جوائنٹ لسٹ اور متحدہ عرب فہرست، راعم، کے پاس مجموعی طور پر۱۹؍ نشستیں ہیں، یعنی ان کے اراکین کی حمایت سے آئزن کوٹ کی قیادت والی حکومت کو۶۷؍ اراکین کی حمایت حاصل ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۶ء میں ۲۳؍ اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی خودکشی، اب تک کی سب سے زیادہ تعداد: ہاریٹز

آئزن کوٹ کے انتخابی وعدے کے بارے میں کہ وہ عرب جماعتوں پر انحصار نہیں کریں گے، والا نے کہا کہ وہ خود کو اس وعدے کا پابند سمجھیں گے جب تک وہ جماعتیں اتحادی شراکت دار یا حکومت کی رکن نہ ہوں۔دوسری جانب راعم کے لیڈر منصور عباس نے کہا، ’’اختلافات کو ختم کر کے مستحکم حکومت بنانا ممکن ہے۔‘‘ عرب جماعتیں نیتن یاہو کو دوبارہ حکومت بنانے یا ایک اور الیکشن کرانے سے روکنا چاہتی ہیں۔ یاد رہے کہ اگر آئزن کوٹ کی حکومت کنیسٹ میں اعتماد کا ووٹ جیت گئی تو وہ باضابطہ طور پر عہدہ سنبھال لے گی اور نیتن یاہو کی نگراں حکومت کا دور ختم ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK