غزہ میں بھکمری اور اسرائیلی بربریت کے خلاف تل ابیب میں مظاہرہ، ڈبلیو ایف پی کا کہنا ہے کہ غزہ میں غذائی بحران مایوس کن حد تک پہنچ گیا ہے۔
EPAPER
Updated: July 25, 2025, 12:48 PM IST | Agency | Gaza/Tel Aviv
غزہ میں بھکمری اور اسرائیلی بربریت کے خلاف تل ابیب میں مظاہرہ، ڈبلیو ایف پی کا کہنا ہے کہ غزہ میں غذائی بحران مایوس کن حد تک پہنچ گیا ہے۔
غزہ میں اسرائیل کی خونریز درندگی کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں غزہ پٹی میں۸۹؍ نہتے فلسطینی شہیداور۴۵۳؍ زخمی ہو چکے ہیں۔ جمعرات کو جاری کردہ بیان میں وزارت صحت نے واضح کیا کہ ان شہداء میں۱۰؍ ایسے افراد شامل ہیں جن کی لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئیں جنہیں قابض افواج کے طیاروں، توپوں اور گولہ باری نے پچھلے عرصے کے دوران بے رحمی سے شہید کیا۔ زخمیوں میں بچے، خواتین، بزرگ اور امدادی کارکن بھی شامل ہیں، جو انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت فرائض انجام دے رہے تھے۔ وزارت کے مطابق گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں میں امدادی سرگرمیوں کے دوران شہید افراد کی تعداد ۲۳؍ ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد۶۸؍ ہو گئی ہے۔
ۭغزہ میں حالات انتہائی خوفناک:یونیسیف
یونیسیف کے عالمی ترجمان جیمز ایلڈر نے کہا ہے کہ غزہ میں حالات انتہائی خوفناک اور ہر گزرتے لمحے مزید بگڑ رہے ہیں۔ برطانیہ میں یونیسف کی سفیر جمائما خان سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یہ بچوں پر جنگ ہے کیونکہ صرف چھ ماہ میں۵۰؍ ہزار سے زائد بچے شہید یا زخمی ہوئے ہیں، جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بجلی اور فیول کی بندش نے پانی کی فراہمی بھی روک دی ہے اور اگر ایندھن نہ آیا تو بچے پیاس سے مرنے لگیں گے۔
ہر۳؍ میں سے ایک شخص دنوں تک کھانا نہیں کھا پاتا
ڈبلیو ایف پی کا کہنا ہے کہ غزہ میں بھوک کا بحران مایوسی کی حیران کن حد تک پہنچ گیا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے غزہ کے لیے خوراک کی امداد میں اضافے پر زور دیا ہے کیونکہ انکلیو میں بھوک کا بحران ’مایوسی کی نئی اور حیران کن سطح ‘تک پہنچ گیا ہے۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں، ڈبلیو ایف پی نے لکھا کہ غزہ میں تقریباً ہر تین میں سے ایک شخص دنوںتک کچھ نہیں کھا رہا۔تنظیم نے مزید کہا کہ ۹۰؍ہزار خواتین اور بچوں کو غذائی قلت کے فوری علاج کی ضرورت ہے۔
اسرائیل میں مظاہرہ
بدھ کو اسرائیلی فوج کی بربریت پر تل ابیب میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق آٹے کے تھیلے اور فاقہ کش فلسطینی بچوں کی تصاویر اُٹھائے اسرائیلی مظاہرین نے غزہ میں امداد کی فوری فراہمی اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ مغربی کنارہ کے شہر راملہ میں مظاہرین نے اسرائیل کی بھوک پالیسی کو جنگی اور انسانی جرم قرار دینے کا مطالبہ کیاہے۔
مغربی کنارہ پر قبضے کی قرارداد منظور
اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں مغربی کنارے پر قبضے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔ رپورٹ کے مطابق قرارداد کے حق میں۷۱؍ اور مخالفت میں۱۳؍ووٹ آئے۔
حماس نے جنگ بندی معاہدہ کیلئے اسرائیلی تجویز کا جواب دیا
حماس نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کیلئے اسرائیلی تجویز پر اپنا جواب دے دیا۔ اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کیلیے تجویز پر حماس کا جواب ملا ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ حماس کی جانب سے اسرائیلی تجویز پر جواب ثالثوں کو جمع کروایا گیا جس کا متن ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔