Inquilab Logo Happiest Places to Work

مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ پراسرائیل کے حملے

Updated: August 03, 2026, 12:00 PM IST | Agency | Gaza

اسرائیلی آبادکاروںنے ایک قصبے کی بجلی کاٹ دی ۔اسرائیلی فوج نے چھاپے مارکر۵؍فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ فضائی حملوں سے غزہ میں ۷؍ افراد جاں بحق۔

Israeli Forces Raid Homes In Occupied West Bank, Arresting Palestinian Youth.Photo:INN
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج گھروں پر چھاپے مارکر فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کررہی ہے-تصویر:آئی این این
مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروںنے اتوار کو مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک فلسطینی قصبے کی بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کر کے بجلی کاٹ دی جبکہ انادلو کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے متعدد علاقوں میں چھاپے مارکر ۵؍فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
 
 
مسجد کی دیواروں پر دھمکی آمیزنوٹس چسپاں
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے اطلاع دی ہے کہ قابضین کے ایک گروپ نے شمالی مغربی کنارے میں نابلس شہر کے قریب مادامہ پر حملہ کیا، بجلی کے کھمبوں کو کاٹ کر نقصان پہنچایا جس سے قصبے کے شمالی حصے میں بجلی منقطع ہوگئی۔ الجزیرہ کی خبر کے مطابق  ایک  اور واقعے میں  اسرائیلی فوجیوںنے مشرقی نابلس پر چھاپہ مار کر ان کے گھروں کی تلاشی لینے کے بعد ۲؍ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ایجنسی کے مطابق  اسرائیلی فورسیز نے نابلس کے جنوب مغرب میں واقع قریبی قصبے تل پر بھی چھاپہ مارا اور کئی گھروں کی تلاشی لی لیکن کسی کو گرفتار نہیں کیا۔  جنوب میں  اسرائیلی فوجیوںنے بیت الحم کے جنوب میں واقع دھیشیہ پناہ گزین کیمپ سے ۳؍ نوجوان فلسطینیوں کو ان کے   گھروں پر چھاپہ مارنے اور تلاشی لینے کے بعد گرفتارکرلیا۔ایجنسی نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسیز نے وسطی بیت الحم میں کنعان خاندان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور صلاح الدین مسجد کی دیواروں پر دھمکی آمیز نوٹس چسپاں کیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہروں، قصبوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر اسرائیلی فوج کے چھاپوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جن میں قتل، گرفتاریاں، گھروں کو مسمار کرنا اور جبری انخلاء شامل ہے۔
غزہ میں فضائی اور زمینی حملے
غزہ میں اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں کے بعد ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں ہونے والی بمباری اور گولہ باری کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد فلسطینی جاں بحق اور زخمی ہو گئے جبکہ جاری فوجی کارروائیوں نے انسانی بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔’العربیہ‘ کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ حملے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور شہری دفاع کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق غزہ شہر کے مشرقی علاقے عمر المختار اسٹریٹ میں بھی شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔
ادھر غزہ کی امدادی اور ہنگامی خدمات کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ شہر کے قدیم علاقے الزیتون محلے میں دیر اللاتین چرچ کے قریب مکانوں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔غزہ پٹی کے جنوبی حصے میں خان یونس شہر کے شمال مشرقی علاقوں پر بھی اسرائیلی توپ خانے سے شدید گولہ باری کی گئی جبکہ مختلف محاذوں پر فوجی کارروائیاں جاری رہیں۔
 
 
غزہ کے اسپتالوں کے مطابق اتوار کوصبح سے ہونے والے حملوں میں اب تک کم از کم ۷؍ فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں ۵؍ افراد غزہ شہر میں مارے گئے۔ یہ ہلاکتیں غزہ پٹی کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں ہوئیں۔ گزشتہ ہفتے بھی مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کرکے ۲؍ مساجد میں آگ لگادی تھی اور ۴؍ فلسطینیوں کوقتل بھی کردیا تھا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK