Updated: November 10, 2025, 7:56 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار دھرمیندر ۳۱؍ اکتوبر سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل ہیں۔ ابتدائی طور پر ان کی ٹیم نے اسے معمول کے طبی معائنے کے طور پر بیان کیا تھا، مگر بعد ازاں ان کی صحت سے متعلق افواہیں پھیل گئیں کہ وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ دیول خاندان کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ دھرمیندر خطرے سے باہر ہیں۔
دھرمیندر۔ تصویر: پی ٹی آئی
بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر گزشتہ کئی دہائیوں سے شائقین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔ ۳۱؍ اکتوبر سے وہ ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ ان کی ٹیم نے ابتدا میں وضاحت کی تھی کہ اداکار معمول کے طبی معائنے کیلئے اسپتال گئے ہیں اور مداحوں کو فکر کی کوئی ضرورت نہیں۔ تاہم، بعد ازاں سوشل میڈیا پر تشویش کی لہر دوڑ گئی جب دھرمیندر کی اسپتال سے تصاویر سامنے آئیں۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ۸۹؍ سالہ اداکار کو سانس لینے میں دشواری کے باعث داخل کیا گیا تھا اور ان کی حالت بگڑنے کی خبریں سامنے آئیں۔ بعض غیر مصدقہ رپورٹس نے دعویٰ کیا کہ انہیں وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا ہے، جس سے مداحوں میں مزید اضطراب پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھئے: دوسروں کے ساتھ صلہ رحمی کریں: وکرانت میسی کی ٹیڈ ایکس یوتھ کی تقریر وائرل
دیول خاندان کے قریبی ذرائع نے ان تمام افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔ ایک قریبی ذریعے نے بتایا کہ ’’وینٹی لیٹر کی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ دھرمیندر پچھلے ایک ہفتے سے اسپتال میں زیر علاج ہیں لیکن وہ وینٹی لیٹر پر نہیں ہیں۔‘‘ ذرائع کے مطابق سنی دیول نے پیر کو اپنے والد سے ملاقات کی اور تصدیق کی کہ اگر صورتحال سنگین ہوتی تو پورا خاندان اسپتال میں جمع ہوتا۔ دھرمیندر، جو دسمبر میں اپنی ۹۰؍ ویں سالگرہ منانے والے ہیں، اس وقت ڈاکٹروں کی مسلسل نگرانی میں ہیں اور ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فرحان اختر نے کہا کہ وہ آج بھی والد جاوید اختر سے ’’ہندوستانی‘‘ زبان میں بات کرنے سے شرماتے ہیں
کام کے محاذ پر، دھرمیندر جلد ہی سری رام راگھون کی فلم ’’اکیس‘‘ میں نظر آئیں گے، جس میں اگستیہ نندا اور سمر بھاٹیہ بھی شامل ہیں۔ یہ فلم سیکنڈ لیفٹیننٹ ارون کھیترپال کی زندگی پر مبنی ہے جو ۱۹۷۱ء کی ہند پاک جنگ میں اپنی بہادری کے باعث پرم ویر چکر سے بعد از مرگ نوازے گئے تھے۔ اس سے قبل دھرمیندر کرن جوہر کی فلم ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ میں رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ اور شبانہ اعظمی کے ساتھ نظر آئے تھے، جس میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔