• Thu, 16 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حماس نے معاہدے کا احترام نہیں کیا تو جنگ دوبارہ ہوگی: اسرائیلی وزیر دفاع

Updated: October 16, 2025, 4:00 PM IST | Tal Aviv

اسرائیلی وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے جنگ بندی کی شرائط پر عمل درآمد نہ کیا تو جنگ دوبارہ شروع کر دیں گے۔

Defense Minister Israel Katz. Photo: INN
وزیر دفاع اسرائیل کاٹز۔ تصویر: آئی این این

اسرائیلی وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے جنگ بندی کی شرائط پر عمل درآمد نہ کیا تو جنگ دوبارہ شروع کر دیں گے۔ ’اے ایف پی‘ کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’ ’اگر حماس معاہدے پر عمل درآمد سے انکار کرتا ہے تو اسرائیل، امریکہ کے ساتھ مل کر جنگ دوبارہ شروع کر دے گا اور حماس کو مکمل شکست دینے، غزہ کی حقیقت کو بدلنے اور جنگ کے تمام مقاصد حاصل کرنے کیلئے کارروائی کرے گا۔ ‘‘وزیر دفاع کی جانب سے یہ بیان حماس کے بیان کے بعد جاری کیا گیا جس میں تنظیم نے کہا تھا کہ ملبے تلے دبی ہوئی یرغمالوں کی لاشوں کو مخصوص ساز و سامان کے بغیر نکالنا ممکن نہیں ہے۔ 
جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے بدھ کی رات گئے ۲۸؍ہلاک شدہ یرغمالوں میں سے دو کی لاشیں حوالے کی تھیں جبکہ اس سے ایک روز قبل سات یرغمالوں کی باقیات حوالے کی گئی تھیں۔ پیر سے اب تک دو ہزار فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں حماس ۲۰؍زندہ یرغمالوں کو رہا کر چکا ہے۔ حماس کے مسلح ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت وعدے کو پورا کرتے ہوئے اپنی تحویل میں موجود تمام زندہ اسرائیلی قیدیوں کے ساتھ ساتھ ان لاشوں کو بھی حوالے کر دیا ہے جن تک رسائی حاصل تھی۔ جہاں تک باقی لاشوں کا معاملہ ہے، ان کو نکالنے کیلئے بہت زیادہ کوشش اور مخصوص آلات کی ضرورت ہے۔ ہم اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ اس معاملے کو نمٹا دیا جائے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۲۰۰؍ فیصد ٹیرف کی دھمکی دے کر ہندوستان اور پاکستان کی جنگ روکی: ٹرمپ کا دعویٰ

اسرائیل کی طرف سے جنگ دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی کے بعد، سینئر امریکی مشیروں نے بدھ کو کہا کہ حماس اب بھی اپنے وعدے کو پورا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ایک مشیر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا کہ’ہم ان (حماس) کی طرف سے سنتے رہتے ہیں کہ وہ معاہدے کا احترام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور معاہدے کو مکمل ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ‘‘تاہم، لاشوں کی واپسی میں کسی بھی قسم کی تاخیر سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو عوام کی طرف سے مزید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے دھمکی دی ہے کہ اگر حماس فلسطینی سرزمین میں موجود فوجیوں کی باقیات واپس کرنے میں ناکام رہا تو غزہ کیلئے امدادی سامان کی ترسیل بند کر دی جائے گی۔ 
غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل نے مزید ۴۵؍فلسطینیوں کی لاشیں جنوبی غزہ کے نصر اسپتال منتقل کی ہیں جس کے بعد کی جانے والی لاشوں کی تعداد۹۰؍ تک پہنچ گئی ہے۔ صدر ٹرمپ کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت ہر ایک یرغمالی کی لاش کے بدلے میں اسرائیل۱۵؍ فلسطینیوں کی لاشیں واپس کرے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK