Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی افواج نے بحری امدادی جہاز’’حنظلہ‘‘ پر قبضہ کرلیا، غزہ نے شدید مذمت کی

Updated: July 27, 2025, 11:18 AM IST | Gaza

اسرائیلی افواج نے سنیچرکی رات دیر گئے غزہ جانے والے امدادی بحری جہاز ’’ حنظلہ‘‘پر دھاوا بول دیا اور جہاز پر قبضہ کرلیا، واقعہ ایک لائیو اسٹریم کی فوٹیج میں دکھایا گیا۔ اس کے علاوہ غزہ نے امدادی جہاز ’’حنظلہ‘‘ پر اسرائیلی فوج کے حملے کو ’’بحری قزاقی‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

The aid ship "Handala". Photo: X.
امدادی جہاز ’’حنظلہ‘‘۔ تصویر: ایکس۔

اسرائیلی افواج نے سنیچرکی رات دیر گئے غزہ جانے والے امدادی بحری جہاز ’’ حنظلہ‘‘پر دھاوا بول دیا اور جہاز پر قبضہ کرلیا، جو۲۱؍ افراد کو لے کر جا رہا تھا۔ یہ واقعہ ایک لائیو اسٹریم کی فوٹیج میں دکھایا گیا۔ لائیو اسٹریم میں وہ لمحہ قید ہوا جب فوجی جہاز پر چڑھے اور کارکنوں کو ہاتھ اُٹھانے کا حکم دیا۔ فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے، جو حنظلہ کو چلا رہی ہے، ٹیلیگرام پر کہا کہ ’’ حنظلہ کو روک دیا گیا۔ ‘‘عملے اور کارکنوں کے ساتھ کیا ہوافی الحال کچھ پتہ نہیں، کیونکہ چھاپے کے دوران لائیو اسٹریم اچانک بند ہو گئی۔ تاہم، اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ بحریہ نے حنظلہ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا:’’جہاز کو نیوی اشدود بندرگاہ کی طرف گھسیٹ کر لے جائے گی اور پھر کارکنوں کو اپنے ملک واپس بھیج دیا جائے گا۔ ‘‘

غزہ نے ’’حنظلہ‘‘ پر اسرائیلی قبضے کو ’’بحری قزاقی‘‘ قرار دیا
غزہ نے امدادی جہاز ’’حنظلہ‘‘ پر اسرائیلی فوج کے حملے کو ’’بحری قزاقی‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محصور علاقے کی جانب جانے والے انسانی امدادی قافلوں کا تحفظ یقینی بنائے۔ غزہ میڈیا آفس نے اتوار و کو کہا کہ وہ’’اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے یکجہتی کے جہاز `’’ حنظلہ‘ پر بین الاقوامی پانی میں حملے کو، جو غزہ کی پٹی پر مسلط ظالمانہ ناکہ بندی کو توڑنےکیلئے انسانی مشن کا حصہ تھا، ایک مجرمانہ اقدام سمجھتے ہوئے اس کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ‘‘میڈیا آفس نے اس کارروائی کو’’جارحیت کا کھلا عمل‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون اور سمندری جہاز رانی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: اہل ِ غزہ کادرد، دفتراقوام متحدہ کےگھیراؤ کی کوشش

مزید کہا گیا:’’یہ ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اسرائیلی قبضہ ایک باغی قوت کے طور پر قانون سے بالاتر ہو کر برتاؤ کر رہا ہے اور ہر اُس انسانی اقدام کو نشانہ بنا رہا ہے جو۲۴؍ لاکھ سے زائد محصور اور بھوکے فلسطینیوں کی مدد کیلئے کیا جاتا ہے۔ ‘‘میڈیا آفس نے جہاز پر سوار بین الاقوامی کارکنوں کی سلامتی کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی اور اقوام متحدہ و انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ ’’فوری اور مضبوط اقدامات‘‘ اٹھائیں تاکہ غزہ کی جانب جانے والے انسانی قافلوں کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ 
واضح رہے کہ حنظلہ نے اس وقت مددکیلئےکال دی تھی جب اسرائیلی بحری افواج اس کے قریب آئیں۔ یہ جہاز، جو اٹلی سے روانہ ہوا تھا، بین الاقوامی بحری اور انسانی ہمدردی کے قوانین کے مطابق بچوں کیلئے دودھ، خوراک اور ادویات لے جا رہا ہے۔ اس پر سوار افراد غیر مسلح شہری ہیں، جن میں قانون ساز، طبی عملہ اور رضاکار شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK