’فلسطینی نیلسن منڈیلا ‘مروان برغوثی دودہائی سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں
EPAPER
Updated: August 17, 2025, 9:59 AM IST | Jerusalem
’فلسطینی نیلسن منڈیلا ‘مروان برغوثی دودہائی سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں
اسرائیل کے دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر نے ممتاز فلسطینی رہنما مروان برغوثی سے جیل میں ملاقات کی اور انہیں کہا کہ ’تم نہیں جیتو گے‘۔ جمعہ کو سامنے آنے والے ویڈیو میں یہ منظر دکھایا گیا، یہ ملاقات ایک سخت گیر کابینہ رکن کے ذریعے فلسطینی ریاست کے تصور کو ’دفن‘ کئے جانے کا عہد کرنے کے ایک دن بعد ہوئی۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر یہ ویڈیو شیئر کیا جس میں انہوں نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے قید مروان برغوثی (جو فلسطینیوں میں اتحاد قائم کرنے والی شخصیت سمجھے جاتے ہیں ) کو بتایا کہ جو بھی اسرائیل کو دھمکائے گا اسے ختم کر دیا جائے گا۔ یہ جیل کا دورہ رواں ہفتے کے شروع میں ہوا تھا، لیکن عوام کے علم میں تب آیا جب انتہائی قوم پرست وزیر خزانہ بزالیل سموتریچ نے جمعرات کو کہا کہ ایک ایسی بستی پر کام شروع کیا جائے گا جو مغربی کنارے کو دو حصوں میں بانٹ دے گی اور اسے مشرقی یروشلم سے مزید کاٹ دے گی، جسے فلسطینی اپنی مستقبل کی ریاست کا دارالحکومت بنانا چاہتے ہیں۔ سموتریچ نے جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ یہ حقیقت بالآخر فلسطینی ریاست کے تصور کو دفن کر دیتی ہے، اس لیے کہ کوئی چیز نہیں ہے جسے تسلیم کیا جائے۔