• Tue, 01 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیت شاہ کی تقاریب سے مسلم افسران کو دور رکھنے کا الزام، مہوا موئترا برہم

Updated: September 01, 2026, 9:05 PM IST | Kolkata

ترنمول کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ مہوا موئترا نے مغربی بنگال میں مسلم آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کو مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی سرکاری تقاریب سے مبینہ طور پر دور رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔انہوں نے اس مبینہ امتیازی رویے کو ’زہریلی فرقہ وارانہ ذہنیت‘ قرار دیتے ہوئے آئی اے ایس اور آئی پی ایس اسوسی ایشنز کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا ہے۔

Amit Shah and Mahua Moitra. Photo: INN
امیت شاہ اور مہوا موئترا۔ تصویر: آئی این این

ترنمول کانگریس (TMC) کی رکنِ پارلیمنٹ مہوا موئترا نے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ مغربی بنگال میں مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی سرکاری تقاریب سے مسلم آئی اے ایس  اور آئی پی ایس افسران کو دور رکھا گیاہے۔ انہوں نے اسے’زہریلی اور پست فرقہ وارانہ ذہنیت‘ قرار دیتے ہوئے آئی اے ایس اور آئی پی ایس اسوسی ایشنز کی خاموشی پر سوال اٹھائے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مہوا موئترا نے سلی گوڑی کے پولیس کمشنر وقار رضا کا نام لیتے ہوئے کہاکہ امیت شاہ کی آمد پر انہیں استقبالیہ صف سے ہٹا دیا گیاہے۔ جبکہ ریاست کے اسپیشل ٹاسک فورس (STF) کے ڈی جی جاوید شمیم کو مرکزی وزیر کی تقاریب میں مدعو ہی نہیں کیا گیا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سینئر آئی اے ایس افسر خلیل احمد کو ایک میٹنگ سے باہر جانے کیلئے کہا گیا۔

اساتذہ بھرتی بدعنوانی کے سبب ملازمت کھونے والی ممتا بنرجی کی بھتیجی کی خودکشی

مہوا موئترا نے آئی پی ایس اور آئی اے ایس اسوسی ایشنز کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا’’امیت شاہ کی موجودگی میں مغربی بنگال کے مسلم افسران کو ان کی تقاریب سے شامل ہونے سے روکا جا رہا ہے۔ سلی گوڑی کے پولیس کمشنر وقار رضا کو استقبالیہ لائن سے ہٹا دیا گیا، ایس ٹی ایف کے ڈی جی جاوید شمیم کو کہیں نہیں بلایا گیا اور آئی اے ایس خلیل احمد کوایک میٹنگ سے باہر بھیج دیا گیا۔ کیا آپ اس زہریلی فرقہ وارانہ حرکت کے خلاف احتجاج نہیں کریں گے؟‘‘سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ صارفین نے آئی اے ایس اور آئی پی ایس اسوسی ایشنز پر تنقید کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا وہ ملک کے آئین کے پابند ہیں یا کسی ’ہندو راشٹر‘ کے؟ لوگوں نے مسلم افسران کے ساتھ اس تفریق کو’شرمناک‘ اور’زہریلی مذہبی تفریق‘ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تیز طرار آئی اے ایس افسر دیویا متل نے محض ۱۳؍ سال میں استعفیٰ کیوں دیا؟

یہ الزامات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مغربی بنگال میں بی جے پی حکومت کی مسلمانوں سے متعلق پالیسیوں کو لے کر اپوزیشن اور اقلیتی تنظیمیں مسلسل تنقید کر رہی ہیں۔ حکومت کی ۴۱؍رکنی کابینہ میں ایک بھی مسلم نمائندہ شامل نہیں ہے جبکہ اسمبلی نے دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کی فہرست میں ترمیم کرکے ۷۷؍ایسی برادریوں کو فہرست سے باہر کر دیا ہے جن کی شناخت مسلم تھی۔ حکومت نے جون ۲۰۲۶ء سے ائمہ اور مؤذنین کو دیا جانے والا مذہبی وظیفہ (Honorarium) بند کر دیا ہے، جبکہ اقلیتی اسکیموں اور شعبوں کے فنڈز میں بھی کٹوتی کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ جانوروں کی قربانی کے سخت قوانین، سڑکوں پر نماز پڑھنے پر پابندی اور غیر قانونی بنگلہ دیشی مہاجرین کے خلاف حکومت کی ’شناخت کرو، نام ہٹاؤ اور نکال باہر کرو‘ (Detect, Delete, Deport) کی مہم پر بھی اپوزیشن اور اقلیتی تنظیموں نے سخت اعتراض جتایا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اے آئی کے استعمال میں جین زی سب سے آگے مگر مستقبل کے اثرات سے فکرمند بھی:رپورٹ

ایک الگ معاملے میں، کولکاتا کی جوتی نگر کالونی کے رہائشیوں نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی کے خلاف ووٹ دینے کی وجہ سے ان کی پانی کی سپلائی کاٹ دی گئی۔ ان کے مطابق مقامی بی جے پی ایم ایل اے رتیش تیواری نے ان سے کہا کہ یہ اقدام بی جے پی کو ووٹ نہ دینے کا بدلہ ہے۔ اس معاملے کو لے کر مقامی لوگوں نے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK