کمپنی کے عہدیداروں نے عدالت کو بتایا کہ ترک مارکیٹ کا نقصان اور غزہ کی جنگ کے اقتصادی اثرات اس کے مالی زوال کی اہم وجوہات تھیں۔
EPAPER
Updated: October 25, 2025, 10:13 PM IST | Tel Aviv
کمپنی کے عہدیداروں نے عدالت کو بتایا کہ ترک مارکیٹ کا نقصان اور غزہ کی جنگ کے اقتصادی اثرات اس کے مالی زوال کی اہم وجوہات تھیں۔
اسرائیلی روزنامہ ’کلکلیسٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی پر مبنی جنگ کے بعد ترکی کی جانب سے صہیونی ریاست کے ساتھ تجارت پر مکمل پابندی عائد کئے جانے کے بعد ایک اسرائیلی اسٹیل اور اسکریپ میٹل کمپنی دیوالیہ ہوگئی ہے۔ اشدود میں واقع ”شاؤل گیٹا کمپنی“ اپنے تقریباً ۷۰ فیصد برآمدات کیلئے ترکی پر انحصار کرتی تھی۔ غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ جنگی کارروائیوں کے بعد ۲ مئی ۲۰۲۴ء کو ترکی نے اسرائیل کے ساتھ تجارتی تعلقات مکمل طور پر منقطع کرلئے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان برآمدات، درآمدات اور ٹرانزٹ تجارت مکمل طور پر بند ہوگئی۔ اس کے نتیجے میں شاؤل گیٹا کمپنی بھی ٹھپ پڑ گئی اور اسرائیل کی دھاتی برآمدات بڑے پیمانے پر متاثر ہوئی۔
’کلکلیسٹ‘ نے مزید بتایا کہ کمپنی کے کاروبار کا حجم ۲۰۲۲ء میں ۲۰۰ ملین شیکلز (۶۱ ملین ڈالر) سے کم ہو کر ۲۰۲۵ء کی پہلی ششماہی میں صرف ۳۵ ملین شیکلز (۱۱ ملین ڈالر) رہ گیا۔ اب کمپنی کے کل قرضے تقریباً ۱۰۵ ملین شیکلز (۳۲ ملین ڈالر) تک پہنچ گئے ہیں۔ بڑے قرض دہندگان میں اسرائیل انٹرنیشنل بینک (۱۸ ملین شیکلز)، بینک ہاپوائلیم (۱۵ ملین)، مرکنٹائل بینک (۱۱ ملین) اور مزراحی-تیفاہوت بینک (۵ء۱ ملین) شامل ہیں۔ کمپنی پر میکس، ایس آر اکارڈ اور ایمپلا جیسی کریڈٹ فرموں کے بھی لاکھوں شیکلز واجب الادا ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: جنگ بندی کے باوجود غزہ پٹی میں انسانی بحران سنگین تر ہوتا جارہا ہے:رپورٹ
بیر شیبا ڈسٹرکٹ کورٹ نے وکیل ڈورون ٹش مین کو کمپنی کے مستقبل کے متعلق فیصلہ کرنے کیلئے ٹرسٹی مقرر کیا ہے جو یہ فیصلہ کریں گے کہ آیا کمپنی کو ختم (liquidate) کیا جائے گا یا اس کی تنظیم نو کی جائے گی۔ کمپنی کے عہدیداروں نے عدالت کو بتایا کہ ترک مارکیٹ کا نقصان اور غزہ کی جنگ کے اقتصادی اثرات اس کے مالی زوال کی اہم وجوہات تھیں۔