چھ دن میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید، غاصب فورسیز نے غزہ شہر میں انٹرنیٹ اور فون سروسیز بھی منقطع کردیں۔
EPAPER
Updated: September 20, 2025, 1:38 PM IST | Agency | Gaza
چھ دن میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید، غاصب فورسیز نے غزہ شہر میں انٹرنیٹ اور فون سروسیز بھی منقطع کردیں۔
اسرائیلی ٹینک غزہ شہر میں دندناتے ہوئےحملے کررہے ہیںجبکہ باروی روبوٹس بھی شہر میں بڑی تباہی مچارہے ہیں۔ اتنا ہی نہیں اسرائیلی فورسیز نے غزہ پٹی میں انٹرنیٹ اور ٹیلیفون سروس کو مکمل طور پر معطل کردیا ہے۔ جس سے محصور فلسطینیوں کا دنیا سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔ روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی میں تیزی آگئی ہے جبکہ جمعرات کو غزہ پٹی میں انٹرنیٹ اور ٹیلیفون سروس کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق غزہ شہر کے ایک رہائشی نے بتایا کہ وہ ای سم کے ذریعے رابطے میں ہیں اور `انٹرنیٹ اور فون سروس بند کردیا گیا ہے اور یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ اب کچھ بہت ہی زیادہ سفاکانہ ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ `میرے اردگرد صورتحال انتہائی خراب ہے، خیموں اور تباہ حال مکانوں میں بھی لوگوں کو زیادہ پریشانی کا سامنا ہے بہت سے لوگ شہر چھوڑنے کی استطاعت ہی نہیں رکھتے، لیکن بہت سے ایسے بھی ہیں جو شہر چھوڑنا ہی نہیں چاہتے۔ فلسطین کی ٹیلی کام کمپنی نے کہا ہے کہ علاقے میں مرکزی نیٹ ورک کی لائن کو ہدف بنایا گیا ہے ۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں یا فائرنگ سے کم از کم۸۵؍ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیل حملوں کیلئے بارودی روبوٹس استعمال کررہا ہے
غزہ شہر کے رہنے والے ایک فرد الغول نے بی بی سی کو بتایا کہ اسرائیلی فوج اب پرانی فوجی گاڑیوں کو بڑے موبائل بموں میں تبدیل کر کے انھیں استعمال کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان بارود سے لدے ہوئے ’روبوٹس‘ کو اہداف پر پہنچنے کی چند منٹ بعد زور دار دھماکہ سے اُڑادیا جاتا ہے، جس کے بعد آسمان خون کی طرح سرخ ہو جاتا ہے اور دھماکے کا ملبہ۵۰۰؍ مربع میٹر کے علاقے میں پھیل جاتا ہے اور زبردست تباہی ہوتی ہے۔ اگر دھماکے کے مقام کے قریب لوگ ہوں تو ان کا کوئی نشان نہیں ملتا۔غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوںمیں۱۳؍ اگست سے اب تک ۱۱؍ ہزار افراد ہلاک اور۶؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔
حماس کے دھماکہ میں ۴؍ اسرائیلی فوجی ہلاک، ۳؍ زخمی
جنوبی غزہ میں سٹرک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ۴؍ اسرائیلی فوجی ہلاک اور ۳؍ زخمی ہو گئے۔ ’ انالود ایجنسی ‘نے رپورٹ کیا کہ صہیونی فوج نے نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی غزہ میں ایک بم دھماکے میں ۴؍ اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ۲۶؍سالہ میجر عمری چائی،۲۳؍ سالہ لیفٹیننٹ ایران شیلم،۲۲؍ سالہ لیفٹیننٹ ایتان اور۲۰؍ سالہ لیفٹیننٹ رون ایریلی شامل ہے۔
اسرائیل اور امریکہ کا’ بندر بانٹ منصوبہ‘
اسرائیل کے وزیر خزانہ بیزلیل سموتریچ نے غزہ کو غیر معمولی منافع بخش رئیل اسٹیٹ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ اس جنگ زدہ علاقے کی تقسیم پر بات چیت کر رہے ہیں۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق تل ابیب میں اربن رینیول سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے دائیں بازو کے سخت گیر وزیر نے کہا کہ `اسرائیل اور امریکہ نے غزہ جنگ پر بہت پیسہ خرچ کیا ہے،لہٰذا ہمیں غزہ کی زمین کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی میں حصہ بانٹنا ہوگا۔ سموٹریچ نے مزید کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے امریکہ کے ساتھ بات چیت شروع کردی ہے اور اس معاملے پر ایک بزنس پلان پہلے ہی صدر ٹرمپ کی میز پر موجود ہے۔