Inquilab Logo

غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت، ۲۴؍گھنٹے میں ۸۲؍فلسطینی شہید

Updated: March 31, 2024, 3:53 PM IST | Agency | Gaza

۷؍ اکتوبر سے جاری حملوں میں شہیدوں کی تعداد ۳۲؍ ہزار ۷۰۵؍ ہوگئی، ۷۵؍ ہزار ۱۹۰؍ زخمی، غذائی قلت شدید تر۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

قابض صہیونی فوج نےجمعہ اور سنیچر کو متعدد فضائی حملے کرکے ۲۴؍ گھنٹوں  میں ۸۲؍ فلسطینیوں  کو شہید اور ۹۸؍ کو زخمی کردیا۔ اس کے ساتھ ہی اب تک جاں  بحق ہونے والے فلسطینی شہریوں  کی تعداد بڑھ کر ۳۲؍ ہزار ۷۰۵؍ ہوگئی ہے۔ زخمیوں  کی تعداد ۷۵؍ ہزار ۱۹۰؍ ہے۔ 
غزہ میں وزارت صحت نے سنیچر کو تصدیق کی کہ اسرائیلی فورسیز نے گزشتہ ۲۴؍گھنٹے کے دوران ۸۲؍ فلسطینیوں کو شہید اور۹۸؍ کو زخمی کیا۔ میڈیا رپورٹ کے قابض فوج کے طیاروں اور توپ خانوں نے سنیچرکو غزہ کے مختلف علاقوں میں اپنے چھاپوں اور پرتشدد بمباری کا سلسلہ جاری رکھا، گھروں، بے گھر افراد کے اجتماعات اور سڑکوں کو نشانہ بنایا، جس میں سیکڑوں شہید اور زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج کے طیاروں نے غزہ کے وسط میں متعدد پرتشدد حملے کئےجبکہ قابض فوج کی جانب سے جنوبی غزہ میں صلاح الدین اسٹریٹ پر کویت گول چکرکے قریب امداد کے منتظر افراد کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں کم از کم ۸؍شہری زخمی ہوگئے۔ قابض توپ خانے نے مشرقی رفح پر آدھی رات کو گولہ باری کی، جس کے ساتھ ہی تباہ کن بمب گرائے گئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:امریکہ کا دہرا معیار، رفح پر فوج کشی کی مخالفت بھی، اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی بھی

اس بیچ غزہ میں  العبدلہ خاندان کے ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں خان یونس کے مشرق میں واقع قصبے القارا میں العبدلہ خاندان کے ۱۰؍ افراد سمیت ۱۳؍شہری شہید ہو گئے۔ صہیونی افواج نے غزہ کے مغرب میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس اور اس کے اطراف میں مسلسل تیرہویں روز بھی اپنی جارحیت جاری رکھی ہے اور وہاں کے مکینوں کو قتل، گرفتاریاں، تشدد اور جبری بے گھر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ شجاعیہ پر اسرائیلی بمباری میں   ۱۱؍ فلسطینی پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK