Inquilab Logo

حج ہاؤس میں عازمین کو طبی جانچ اور سرٹیفکیٹ کا مسئلہ

Updated: May 25, 2023, 9:41 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ٹیکہ کاری کا آغاز ۔پیر تا سنیچر ساڑھے ۹؍بجے سے دوپہرساڑھے ۳؍ بجے تک یہ سہولت رہے گی۔پہلے دن ۴۳؍ عازمین نےٹیکے لگوائے

Pilgrims can be seen at the Hajj House on the first day of vaccination.
ٹیکہ کاری کے پہلے دن حج ہاؤس میں عازمین کو دیکھا جاسکتا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

 یہاں  حج ہاؤس میںعازمین ِ حج کو ٹیکہ لگانے کا آغازبدھ سے ہوا۔حج ہاؤس میں گراؤنڈ فلور پرصبح ساڑھے ۹؍بجے سے دوپہر ساڑھے ۳؍ بجے تک (دوپہر کے کھانے کا وقفہ ۱۲؍ بجکر ۳۰؍ منٹ سے ۲؍بجے تک کے علاوہ ) یہ سہولت مہیا کرائی گئی ہے۔ اتوار کو یہ میڈیکل کیمپ بند رہے گا۔ پہلے دن ۴۳؍ عازمین نے ٹیکے لگوائے ۔یہا ںتین سال سے زائد عمر کے بچوں کی ٹیکہ کاری کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ تاہم عازمین کی طبی جانچ اور سرٹیفکیٹ کا مسئلہ پیش آرہا ہے۔
 حج ہاؤس کے اس کیمپ میںطبی جانچ اور سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے بھی کوشش کی گئی تھی تاکہ عازمین کوٹیکہ لگانے کے ساتھ ہیلتھ کارڈبھی مل جائے اورانہیں مزید کسی اسپتال کا چکر نہ لگانا پڑے لیکن اس کے لئےمسئلہ پیدا ہورہا ہےکیونکہ کئی طرح کے چیک اپ کرنے ہوتے ہیںاوربتایا گیا کہ یہ اسپتال میںہی ممکن ہے ۔اس لئے فی الوقت محض ٹیکے ہی لگائے جارہے ہیں۔ 
 اس تعلق سے  رکن اسمبلی رئیس شیخ نے میونسپل کمشنر سے  مطالبہ کیا تھا جس کےبعد ۲۴؍مئی سےعازمین کیلئے حج ہاؤس میں ٹیکہ کاری کا آغاز کیا گیا۔اس سلسلےمیں ایگزیکٹیو ہیلتھ آفیسر نے تحریری جواب دیا اور انتظامات کے تعلق سے بتایا کہ ٹیکہ لگانےکیلئے ۲؍میڈیکل آفیسر، ۲؍نرس اورایک پیون کا انتظام کیا گیا ہے۔
 سعودی حکومت کی جانب سے اس دفعہ جاری کردہ ہدایات کے مطابق ایم بی بی ایس ڈاکٹر کے ذریعے ہیلتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہے جبکہ حکومتِ ہند کی جانب سے یہ ہدایت دی گئی ہے کہ سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر ہی عازمین کومیڈیکل اورہیلتھ سرٹیفکیٹ د ے سکتے ہیں۔ ممبئی میں  فی الوقت یہ سہولت محض جے جے اورنائر اسپتال میںہی مہیا کروائی گئی ہے۔اس لئے عازمین کودقت ہورہی ہے۔ حج ہاؤس میںشروع کی گئی ٹیکہ کاری سے عازمین کوسہولت ضرور ملے گی مگر دیگرطبی جانچ نہ ہونے سے ان کو دوسرے سرکاری اسپتال میںقطار میںکھڑا ہونا ہوگا۔ اس لئے رئیس شیخ نے میونسپل کمشنر سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ وارڈ کی سطح پر عازمین کیلئے خصوصی نظم کیاجائے تاکہ ان کوپریشانی نہ ہو۔ اس کایہ اثر ہوا کہ حج ہاؤس میںٹیکہ کاری شرو ع کردی گئی ہے۔  رئیس شیح نے یہ بھی کہا کہ ’’ فی الوقت ٹیکہ ہی لگایاجارہا ہے لیکن آج میںہیلتھ آفیسر کے ساتھ حج ہاؤس جاؤں گا اوران سے درخواست کی جائے گی کہ وہ کسی صورت مکمل طبی معائنہ کا بھی نظم کرائیں تاکہ یہاں ٹیکہ لگوانے والے عازمین کو مزید کسی اسپتال کا چکر نہ لگانا پڑے ۔‘‘ 
 یاد رہےکہ اس تعلق سے کانگریس کے نائب صدر محسن حید رنے بھی بی ایم سی ہیلتھ آفیسر کو مکتوب دیا تھا اوریہ مطالبہ کیا تھا کہ ہروارڈ میںعازمین کیلئے خصوصی کھڑکی کھولی جائے تاکہ وہ معائنہ کرواکر آسانی کےساتھ ہیلتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں۔ اس دفعہ جو شرائط عائد کی گئی ہیں اورسرکاری اسپتال میںمعائنہ کرنے کی جو قید لگائی گئی ہے، اس کی وجہ سے عازمین کودقت ہورہی ہے ورنہ پہلے وہ آسانی کے ساتھ ہیلتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرلیتے تھے ۔
 ۲۴؍مئی کی صبح حج ہاؤس میںمرکزی حج کمیٹی کے سی ای او یعقوب شیخا نےدیگر افسران کے ہمراہ اس کاافتتاح کیا ۔  پہلے دن ۴۳؍عازمین ِ حج نے ٹیکے لگوائے۔ حج کمیٹی آف انڈیا  کا کہناہے کہ  عازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ یہاں خدمات انجام دینے والے میڈیکل آفیسر عازمین کی رہنمائی بھی کررہے ہیںکہ وہ اسپتال میںجاکر طبی معائنہ کرواکر سرٹیفکیٹ حاصل کرلیں ، اگرکوئی دشواری ہو تو ان سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں ۔ 

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK