• Wed, 09 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’قادیانیوں کےنظریات سے نسل نو کو بچاناضروری‘‘

Updated: September 09, 2026, 9:11 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

کربلا مسجد میں منعقدہ ’تاجدار ختم نبوت کانفرنس‘ میں باطل نظریات پر علماء کا اظہار خیال، کہا: مسئلۂ ختمِ نبوت ایمان کی روح ہے۔

A view of the `Aqeedah-e-Khatm-e-Nabuwwat` (Finality of Prophethood) conference held at Karbala Masjid in Wadala. Photo: Inquilab
وڈالا کی کربلا مسجد میں منعقدہ عقیدہ ختم نبوت کانفرنس کا ایک منظر۔ تصویر:انقلاب

قادیانی گمراہ ہیں،ان کے گمراہ کن نظریات سے بچنا اورنسلِ نوکو بچانا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ وڈالا میںواقع سنّی کربلا مسجد آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کے اشتراک سے ۷؍ستمبر پیر کی شب میں منعقدہ ’تاجدارِ ختمِ نبوت کانفرنس‘ میں علماء نے مذکورہ بالاپیغام دیا۔ علماء اورائمہ نے قادیانیوں کی بیخ کَنی کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ باطل فرقہ مختلف بہانوں سے نوجوانو ں کو اپنا شکار بناتا ہے اور انہیں اپنے دامِ فریب میںپھنساتا ہے اس لئے نوجوان خاص طور پر چوکنّا رہیں اور علماء سے رہنمائی حاصل کریں۔

مسلمان کبھی سمجھوتہ نہیںکرسکتا

  رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’عقیدۂ ختمِ نبوت ہمارے ایمان کا صرف حصہ نہیں بلکہ ایمان کی روح ہے۔ مسلمان ہرگز اپنے بنیادی عقیدے سےسمجھوتہ نہیں کرسکتا۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہا کہ’’ عقیدۂ ختمِ نبوت کے تحفظ اورقادیانیوں کےباطل نظریات سے آگاہی کے لئے علمی اور دعوتی مشن جاری رکھنابھی ضروری ہے۔‘‘ 

چشتی ہندوستانی مسجد (بائیکلہ )کے خطیب وامام مولانا عبدالجبار ماہر القادری نے کہا کہ’’ جمعہ کےخطاب میں ائمۂ مساجد عوام کو عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت سے آگاہ کرائیں اور قادیانیوں کے باطل عقائد و نظریات کا علمی رَد پیش کریں۔نئی نسل کو ختمِ نبوت کے عقیدے سے مضبوطی کے ساتھ وابستہ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔‘‘

 موثر علمی اوراصلاحی اقدامات  

ہانڈی والی مسجد کے خطیب وامام مولانا اعجاز احمدکشمیری نے کہا کہ’’ قادیانیت کے بڑھتے اثرات اوران کی سرگرمیوں کے تدارک کے لئے علماء و مشائخ کو متحد ہوکر مؤثر علمی و اصلاحی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ مولانا فہیم القادری امجدی نے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی ؒکے اشعار پیش کرتے ہوئے عقیدۂ ختمِ نبوت کی عظمت بیان کی اور قادیانیت کا رَد کیا۔

مولانا عباس رضوی (تحریک درود وسلام) نے کہا کہ’’ قادیانیت کے رَد میں امام احمد رضا خانؒ نے متعدد اہم کتب تحریر فرمائی ہیں۔ انہیں زیادہ سے زیادہ شائع کرکے عوام بالخصوص نوجوان نسل تک پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ قادیانیت کے باطل عقائد کا علمی اور مدلل جواب نئی نسل کے سامنے موجود رہے۔‘‘

اکابرین کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں

مولانا ظفر الدین رضوی نے کہا کہ ’’ہمارے اکابر علماء و مشائخ نے عقیدۂ ختمِ نبوت کے تحفظ اور قادیانی فتنے کے خلاف جو قربانیاں پیش کی ہیں وہ تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے۔ ہمیں بھی ان اکابر کی جدوجہد سے سبق لیتے ہوئے عقیدۂ ختمِ نبوت کے تحفظ کے لئےاپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔‘‘کربلا مسجد کے خطیب و امام مولانا فیض الحسن نے کلماتِ تشکر ادا کئے۔

مسلمان اس پر متحد اوربیدار ہیں

کانفرنس  کے دوران مولانا عرفان علیمی نے کہا کہ ’’ہر سال  ۷؍ستمبر کو دنیا بھر میں مختلف مقامات پر تاجدارِ ختمِ نبوت کانفرنس کا انعقاد اس بات کی دلیل ہے کہ مسلمان اپنے بنیادی عقائد کے تحفظ کے لئے بیدار اور متحد ہیں۔ عقیدۂ ختمِ نبوت کے پیغام کو ہر سطح پر عام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK