سمستی پور میں وی وی پیٹ پرچیاں کچرے کے ڈھیر سے برآمد ہونے پراکھلیش یادو کا بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر حملہ،کہا’’ یہ لوگ ’لوک تنتر‘ نہیں بلکہ ’لوٹ تنتر‘ پر یقین رکھتے ہیں۔‘‘
سماجوادی سربراہ اکھلیش یادو۔ تصویر: آئی این این
بہار اسمبلی انتخابات کے دوران سمستی پور ضلع میں ی وی پی اے ٹی پرچیاں کچرے میںپائے جانے پرسماجوادی پارٹی کےقومی صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’سچےسُوَچھ بھارت‘ کیلئے ضروری ہے کہ بی جے پی راج میں الیکشن کمیشن کے کچھ لوگوں کے ذریعے پھیلائے گئے دھاندلیوں کے کچرے کو بھی صاف کیا جائے۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادی لوک تنتر (جمہوریت) پر نہیں بلکہ’ لوٹ تنتر‘ پر یقین رکھتے ہیں۔ اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ پر اپنے بیان میں اکھلیش نے کہا کہ یہ لوگ آزادی سے پہلے سے ہی پچھلے دروازے کی سیاست، مخبری اور خفیہ سازشوں میں ملوث رہے ہیں۔ لیکن اب ان کی یہ سینہ زوری عوام کے سامنے عیاں ہو چکی ہے۔ عوام اب گھپلے اور گھوٹالے برداشت کرنے والی نہیں رہی۔سماجوادی پارٹی کے صدر نے الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ایماندار افسروں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، اور کچھ بدعنوان عناصر کی ملی بھگت سے جمہوری عمل کی شفافیت پر داغ لگایاجا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے تاکہ جمہوریت کی ساکھ برقرار رہ سکے۔اکھلیش یادو نے مزید کہاکہ دیمک کی طرح جمہوریت کو اندر سے کھوکھلا کرنے والوں کے دن اب ختم ہو چکے ہیں۔ نئی پیڑھی نئے مستقبل کی تعمیر کرے گی۔
واضح رہے کہ سمستی پورضلع میں کچرے کے ڈھیر میں ہزاروں وی وی پی اے ٹی پرچیاں ملنے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس سے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے جب یہ پرچیاں دیکھیں تو ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ واقعے کی خبر پھیلتے ہی انتظامیہ حرکت میں آئی، ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ موقع پر پہنچے اور تمام پرچیاں ضبط کر لیں۔ افسران نے غیر جانب دارانہ جانچ کی یقین دہانی کرائی ہے۔یہ واقعہ نہ صرف بہار کے انتخابی ماحول پر سوالیہ نشان لگا رہا ہے بلکہ الیکشن کمیشن کی غیر جانب داری اور انتخابی شفافیت پر بھی گہرے خدشات پیدا کر رہا ہے۔