ناگپور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈر کے الزامات پر وزیراعلیٰ فرنویس کا جوابی حملہ، طنز کرتے ہوئے کہا: وہ وزیر اعظم سے درخواست کریں گے کہ راہل گاندھی کا دماغ تلاش کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔
EPAPER
Updated: September 28, 2026, 12:51 PM IST | Ali Imran | Nagpur
ناگپور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈر کے الزامات پر وزیراعلیٰ فرنویس کا جوابی حملہ، طنز کرتے ہوئے کہا: وہ وزیر اعظم سے درخواست کریں گے کہ راہل گاندھی کا دماغ تلاش کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر تنقید اور ان کے استعفے کے مطالبے کے بعد وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ان پر سخت جوابی حملہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں، ووٹ چوری، قانون کی خلاف ورزی اور ادارہ جاتی سطح پر دھاندلی جیسے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ حکومت مخالف لہر کے باوجود اس کا اثر بی جے پی پر کیوں نظر نہیں آ رہا ہے۔
اتوار کو ناگپور کے رام گیری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے راہل گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ آئین کو ہاتھ میں لے کر آئینی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے اور وہ اسے دوبارہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔مزیدنے کہا کہ تمام آئینی اداروں کی اہمیت برقرار ہے۔ ان کے بقول انتخابات میں شکست کے بعد اپوزیشن کی جانب سے پہلے ای وی ایم پر سوال اٹھائے گئے اور اب الیکشن کمیشن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’ووٹ ‘ نہیں بلکہ ’اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی کا دماغ چوری‘ ہواہے اور وہ وزیر اعظم سے درخواست کریں گے کہ راہل گاندھی کا دماغ تلاش کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔
یہ بھی پڑھئے: مراٹھواڑہ میں ۸؍ ماہ کے دوران۶۵۳؍ کسانوں نے خودکشی کی
وزیر اعلیٰ فرنویس نے الزام عائد کیا کہ راہل گاندھی اپنے دعوؤں کو ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے سرجیکل اسٹرائیک پر سوال اٹھانے اور چین کی سرحد پر تعینات بھارتی فوجیوں سے متعلق راہل گاندھی کے بیانات پر بھی تنقید کی۔ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ راہل گاندھی مسلسل غلط بیانات دیتے ہیں اور بعد میں عدالت میں معذرت کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشن سے متعلق وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ تینوں الیکشن کمشنروں کے درمیان کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے اور کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ فیصلے اتفاق رائے سے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ راہل گاندھی عوام کو اپنے موقف پر قائل کرنے کے بجائے انہیں الجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مغربی بنگال میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے حوالے سے بھی اپوزیشن کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی بات رکھنے کا موقع ملتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئینی اداروں کو بدنام اور ان پر عوام کے اعتماد کو کمزور کرکے ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی انتشار کے ذریعے بائیں بازو کے نظریات کو اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ان منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ فرنویس نے موجودہ سیاسی اتحا پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ’انڈیا اتحاد‘ موجود ہی نہیں ہے اور پارلیمانی انتخابات کے بعد اب مختلف سمتوں میں بکھر گئے ہیں۔ انہوں نے کانگریس لیڈر شپ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی رہنماؤں کی شناخت صرف وزیر اعظم نریندر مودی کی مخالفت تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔