Updated: September 28, 2026, 1:00 PM IST
|
Agency
| Nagoya
ہندوستان نے ایشین گیمز کی باکسنگ میں ۳؍تمغے یقینی کرلئے ہیں۔ پروین ہڈا، انکش پنگھال اور نریندر بروال نے اپنے اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جبکہ سچن سیواچ کو مردوں کے ۶۰؍کلوگرام کوارٹر فائنل میں جاپان کے عالمی کانسے کے تمغہ فاتح شونسوکے کیتاموتو کے ہاتھوں ۵۔صفرسے شکست ہوئی۔
انکش پنگھال نے تاجکستان کے باکسر کو شکست دی۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان نے ایشین گیمز کی باکسنگ میں ۳؍تمغے یقینی کرلئے ہیں۔ پروین ہڈا، انکش پنگھال اور نریندر بروال نے اپنے اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جبکہ سچن سیواچ کو مردوں کے ۶۰؍کلوگرام کوارٹر فائنل میں جاپان کے عالمی کانسے کے تمغہ فاتح شونسوکے کیتاموتو کے ہاتھوں ۵۔صفرسے شکست ہوئی۔
خواتین کے ۶۵؍کلوگرام کوارٹر فائنل میں پروین نے ازبکستان کی نواباخور خامیدووا کو ۵۔صفرسے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ڈوپنگ کی خلاف ورزی کے سبب ہانگژو ۲۰۲۲ء میں ان کا کانسے کا تمغہ واپس لے لیا گیا تھا لیکن پروین نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ایشین گیمز میں ایک اور تمغہ پکا کرلیا ہے۔ انہوں نے مقابلے میں فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے تیز حملے کئے اور باڈی شاٹس کے ساتھ چہرے پر جیب لگائے۔
ازبکستان کی باکسر نے بعد میں کاؤنٹر پنچ کی حکمت عملی اپنائی لیکن پروین کی رفتار اور رسائی ان پر حاوی رہی۔ سیمی فائنل میں پروین کا مقابلہ چین کی لی شو سے ہوگا، جنہوں نے کوارٹر فائنل میں موجودہ عالمی چمپئن قزاخستان کی آئدا ابیکےیوا کو شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایشین گیمز: ڈیکاتھلون میں کانسہ کے ساتھ تیجسوِن شنکر نے تاریخ رقم کردی
دولت مشترکہ کھیلوں کے چمپئن انکش پنگھال نے مردوں کے ۸۰؍ کلوگرام کوارٹر فائنل میں تاجکستان کے نیکروز سلیم وف کو ۵۔صفرسے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی اور ہندوستان کیلئے تمغہ یقینی بنایا۔ ۲۱؍ سالہ انکش نے تیز فٹ ورک، درست سیدھے پنچ اور بروقت کاؤنٹر پنچ کے ذریعے مقابلے پر گرفت بنائے رکھی۔ پہلے ۲؍ راؤنڈ میں برتری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے آخری راؤنڈ میں بھی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے متفقہ فیصلے سے کامیابی حاصل کی۔انکش نے ایشین گیمز میں اپنے سفر کا آغاز راؤنڈ آف ۱۶؍ میں بحرین کے ہمسا ووگل کے خلاف ۵۔صفرکی کامیابی سے کیا تھا اور اب تک ایک بھی راؤنڈ نہیں گنوایا ہے۔ وہ ۸۰؍کلوگرام زمرے میں دولت مشترکہ کھیلوں کا طلائی تمغہ جیت کر جاپان پہنچے تھے۔
نریندر بروال نے مردوں کے ۹۰؍ کلوگرام کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے ادتھاپونگ سینگ تھیپ کو ریفری اسٹاپیج کے ذریعے پہلے راؤنڈ میں شکست دے کر تمغہ پکا کرلیا۔ نریندر نے آغاز ہی سے مقابلے پر کنٹرول رکھا۔ ادتھاپونگ کو۲؍ بار اسٹینڈنگ کاؤنٹ ملا اور تیسری بار کاؤنٹ ملنے کے بعد ریفری نے مقابلہ روک دیا۔ مقابلہ ۲؍ منٹ سے بھی کم وقت میں ختم ہوگیا، جس کے ساتھ نریندر نے ہندوستان کیلئے دن کا تیسرا باکسنگ تمغہ پکا کردیا۔