سیٹیلائٹ سے لی گئی تصویروں نے تشویشناک منظر نامہ پیش کیا مگر ماہرین کو صورتحال بدلنے کی اُمید
EPAPER
Updated: June 27, 2026, 8:34 AM IST | Mumbai
سیٹیلائٹ سے لی گئی تصویروں نے تشویشناک منظر نامہ پیش کیا مگر ماہرین کو صورتحال بدلنے کی اُمید
شہر و مضافات میں نماز استسقاء کی ادائیگی کے بعد ۲۳؍ جون کو موسلادھار بارش کے ساتھ ممبئی میں مانسون کی آمد ہوئی جس کے بعد شہریوں نے چلچلاتی گرمی سے راحت محسوس کی اور یہ امید بندھی کہ شہر کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں کی سطح آب میں اضافہ ہوگا تاہم ۲؍ تا ۳؍ روز کی بارش کے بعد یہ سلسلہ تھم گیا اور ایک بار پھر درجہ ٔ حرارت میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ سیٹیلائٹ سے لی گئی تصویروں میں ممبئی ہی نہیں ملک کے بڑے حصے سے بارش کے بادل غائب ہیں۔ ۲؍ سے ۲۶؍ جون کے درمیان جتنی بارش ہونی چاہئے اس کے مقابلے میں ۴۵؍ فیصد بارش کم ہوئی ہے۔اس سے بارش کی حقیقی صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتاہے۔
ممبئی میں بارش کا اگلا ’اسپیل‘ آئندہ ہفتے
محکمۂ موسمیات کے افسر نے بارش رک جانے کی وجہ دریافت کرنے پر بتایاکہ موسلادھار بارش کیلئے شہریوں کو پیر ۲۹؍ جون تک کا انتظار کرنا ہوگا۔ ممبئی کی محکمۂ موسمیات کی رابطہ عامہ کی افسر سشما نائر نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ مانسون کے دوران موسلا دھار بارش ہونے کا سلسلہ یکے بعد دیگرے ’ اسپیل‘ میں ہوتا ہے۔ پہلا اسپیل ۲۳؍ تا ۲۵؍ جون تھا اور اس دوران ممبئی اور مضافات میں اطمینان بخش بارش ہوئی لیکن اس کے بعد مانسون کمزور پڑ گیا اور اب دوسرے اسپیل کیلئے شہریوں کو انتظار کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی جو ماحول بن رہا ہے اس کے مطابق تیز اور مسلسل بارش کا سلسلہ اگلے اسپیل ۲۹؍ جون سے شروع ہونے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے ۲۷؍ جون کو یلوالرٹ اور ۲۸؍جون کو گرین الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران دوپہر اور شام کے وقت گھن گرج کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
سیٹیلائٹ کی تصویریں کیا کہتی ہیں؟
جمعرات کی صبح حاصل کی گئی انفراریڈ سیٹیلائٹ تصویروںکے مطابق شمال مشرقی ریاستوں، شمالی خلیج بنگال اور جنوبی ہند کے بعض حصوں پر گھنے بادل موجود ہیں لیکن مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، گجرات، راجستھان، اتر پردیش اور دہلی-این سی آر کے وسیع علاقوں میں بارش والے وہ گہرے بادل نظر نہیں آ رہے جو عام طور پر مانسون کے فعال مرحلہ میں ہوتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اور شمالی ہندوستان کی بیشتر ریاستوں میں بارش میں نمایاں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں معمول سے تقریباً نصف بارش ہوئی ہے جبکہ اتر پردیش، بہار، ادیشہ، کرناٹک، تمل ناڈو اور کیرالا میں بھی بارش کی شدید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔