Updated: November 21, 2026, 8:13 PM IST
| Mumbai
سلمان خان نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے مداح گزشتہ ۵؍ یا ۶؍ فلموں میں ان کی توانائی اور دلچسپی کی کمی محسوس کررہے ہیں اور انہیں ان کے پرانے انداز میں پردۂ سیمیں پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اداکار نے ’بھائی واپس آؤ‘ کے اس پیغام پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم انہیں سوشل میڈیا پر ہونے والی گفتگو سے آگاہ کرتی رہتی ہے۔ ان کی نئی فلم ’ماتربھومی‘ کے ٹریلر سے بھی مداحوں کو واپسی کی امید بندھی ہے، تاہم کچھ ناظرین نے ابھی حتمی فیصلہ اگلی فلم تک مؤخر کردیا ہے۔
سلمان خان۔ تصویر: آئی این این۔
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی حالیہ فلموں پر مداحوں کی تنقید اور انہیں دوبارہ اپنے پرانے مقبول انداز میں دیکھنے کی خواہش پر کھل کر بات کی ہے۔ اے بی پی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار نے بتایا کہ ان کی ٹیم انہیں سوشل میڈیا پر ہونے والی گفتگو سے آگاہ کرتی رہتی ہے، جہاں مداح ان کی گزشتہ چند فلموں میں توانائی کی کمی اور کرداروں میں عدم دلچسپی کی شکایت کررہے ہیں۔ سلمان کے مطابق مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ انہیں ایک بار پھر اسی جوش اور انداز میں دیکھنا چاہتے ہیں جس نے انہیں ’بھائی‘ کے نام سے مقبول بنایا تھا۔سلمان نے مداحوں کی اس مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’ایک بہت خوب صورت بات ان دنوں میرے سامنے آرہی ہے، جس کے بارے میں میری ٹیم نے مجھے بتایا ہے۔ مداح کہہ رہے ہیں کہ ہمیں بھائی واپس چاہیے۔ انہوں نے بہت اچھی فلمیں کی ہیں، لیکن گزشتہ ۵۔۶؍ فلموں میں بھائی کی توانائی کہاں چلی گئی؟ بھائی کی دلچسپی نظر نہیں آرہی۔ بھائی کو اپنے دوستوں کی بات نہیں سننی چاہیے، بھائی یہ، بھائی وہ۔ ماتربھومی کا ٹریلر دیکھنے کے بعد ہمیں لگا کہ بھائی واپس آگیا ہے، لیکن اب اگلی فلم دیکھیں گے، کیونکہ شاید اس فلم میں یہ ممکن نہ ہو۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: میری شہرت ہی اقرباپروری ہے: کرن جوہر کا طنز، ’پچ ٹو گیٹ رچ ۲‘ کا ٹیزر جاری
اداکار کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کی شکایات سے بے خبر نہیں ہیں۔ ان کے کریئر میں ایک طویل عرصے تک ایکشن، رومان، کامیڈی اور بڑے پیمانے کی تفریحی فلموں میں ان کی مخصوص شخصیت نے شائقین کو متاثر کیا ہے۔ تاہم حالیہ فلموں کے حوالے سے بعض ناظرین کا خیال ہے کہ وہ اسکرین پر پہلے جیسا جوش اور دل چسپی نہیں دکھا رہے۔ سوشل میڈیا پر ’We Want Bhai Back‘ کے نام سے سامنے آنے والی اس اپیل میں مداحوں کی خواہش یہی ہے کہ سلمان ایک بار پھر ایسی فلموں کا انتخاب کریں جن میں ان کا روایتی اسٹارڈم اور بھرپور اسکرین موجودگی دکھائی دے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سلمان نے اس مہم کا ذکر اپنی آنے والی فلم ’ماتربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کے تناظر میں کیا۔ فلم کے ٹریلر کے بعد کچھ مداحوں نے اسے ان کی واپسی کی علامت قرار دیا، لیکن بعض نے کہا کہ وہ اگلی فلم تک انتظار کریں گے۔ فلم کا ٹریلر ۱۰؍نومبر کو جاری کیا گیا تھا اور اس کی طوالت، بصری اثرات اور بعض مناظر پر سوشل میڈیا میں تنقید ہوئی۔ کچھ ناظرین نے الزام لگایا کہ فلم کے ویژول ایفیکٹس توقعات کے مطابق نہیں، جب کہ بعض نے سلمان کی ظاہری شکل کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی: شاہ رخ، سچن،اکشے آج ’گلوبل پیس آنرز ۲۰۲۶ء‘ میں شریک ہوں گے
سلمان نے ان اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے ناظرین سے اپیل کی کہ وہ فلم کے اصل موضوع پر توجہ دیں۔ ان کے مطابق یہ فلم ہندوستانی فوجیوں، ان کی قربانیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی زندگیوں کی کہانی بیان کرنے کے لیے بنائی گئی ہے، لیکن سوشل میڈیا پر گفتگو کا مرکز مصنوعی ذہانت اور ویژول ایفیکٹس بن گیا ہے۔ اداکار نے دعویٰ کیا کہ فلم کی شوٹنگ حقیقی مقامات پر کی گئی اور پوری ٹیم نے سخت حالات میں کام کیا۔ انہوں نے اسے اپنے کریئر کی جسمانی طور پر سب سے زیادہ مشقت طلب فلم بھی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حقیقی فوجی مشکل حالات برداشت کرتے ہیں تو فلم کی ٹیم کے لیے بھی کم از کم اتنی محنت کرنا ضروری تھا۔ ’ماتربھومی‘ پہلے ’بیٹل آف گلوان‘ کے عارضی عنوان سے زیرِ بحث تھی۔ سلمان نے وضاحت کی تھی کہ شوٹنگ کے دوران کلاپ بورڈ پر یہ نام لکھا گیا تھا، لیکن اسے حتمی عنوان بنانے کا فیصلہ نہیں ہوا تھا۔ فلم کی ہدایت کاری اپوروا لاکھیا نے کی ہے اور اس میں سلمان کے ساتھ چترانگدا سنگھ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم ۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ سلمان کے مطابق فلم کو سنسر بورڈ سے بغیر کسی کٹ کے منظوری ملی ہے اور اسے ’یو اے ۱۶‘ سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے۔ اسی انٹرویو میں سلمان نے سوشل میڈیا پر منفی تبصروں اور ٹرولنگ کے بڑھتے رجحان پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کل منفی مواد کو مثبت باتوں کے مقابلے میں زیادہ توجہ ملتی ہے، لیکن محض فالوورز یا مقبولیت حاصل کرنے کے لیے دوسروں کے بارے میں منفی باتیں کرنا درست نہیں۔ ’بگ باس ۲۰‘ کے ایک شو میں اپنی قمیص اتارنے کے واقعے پر انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ اچانک کیا تھا۔ اس سے قبل ان کی جسمانی ساخت پر سوشل میڈیا میں تبصرے کیے جارہے تھے اور انہوں نے اس عمل کے ذریعے باڈی شیمنگ کے رجحان کا جواب دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: جلگاؤں کے بھوشن ٹھاکرے ’کے بی سی ۱۸‘ کے پہلے کروڑ پتی
سلمان نے اپنی زندگی کے ابتدائی دور اور پیسے کے بارے میں اپنے نظریے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش کبھی بہت بڑی نہیں تھی؛ وہ صرف ۱۰؍ لاکھ روپے کمانا چاہتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کھانے پینے کے معاملے میں بہت محدود مقدار استعمال کرتے ہیں۔ ان کے بقول ’بگ باس‘ کے گھر میں امیدوار ایک دن کے کھانے پر جتنا خرچ یا استعمال کرتے ہیں، وہ اتنا کھانا ایک ہفتے میں کھاتے ہیں۔ دریں اثنا، سلمان نے اپنی مقبول فلمی سیریز ’دبنگ‘ کی اگلی قسط کے بارے میں بھی مداحوں کو امید دلائی ہے۔ ان سے جب اس فرنچائز کے مستقبل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، ’’دبنگ تو ضرور آئے گی۔ یہ ہمارے ہاتھ میں ہے، باقی فلمیں ان کے ہاتھ میں ہیں۔‘‘ ان کے اس بیان سے اشارہ ملتا ہے کہ وہ چلبُل پانڈے کے کردار میں دوبارہ نظر آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ’ماتربھومی‘ باکس آفس اور ناظرین کی توقعات پر کس حد تک پوری اترتی ہے اور کیا یہ واقعی سلمان خان کے مداحوں کو ان کا مطلوبہ ’بھائی‘ واپس دے پاتی ہے۔