نیٹ یوجی پیپر لیک معاملے کے تمام ۱۴؍ ملزمین نے بے قصور ہونے کی درخواست دی، جس سے ۲۵؍ نومبر سے شروع ہونے والے روزانہ ٹرائل کی راہ ہموار ہوگئی۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 9:59 PM IST | New Delhi
نیٹ یوجی پیپر لیک معاملے کے تمام ۱۴؍ ملزمین نے بے قصور ہونے کی درخواست دی، جس سے ۲۵؍ نومبر سے شروع ہونے والے روزانہ ٹرائل کی راہ ہموار ہوگئی۔
نیٹ یوجی پیپر لیک معاملے کے تمام ۱۴؍ ملزمین نے بے قصور ہونے کی درخواست دی، جس سے ۲۵؍ نومبر سے شروع ہونے والے روزانہ ٹرائل کی راہ ہموار ہوگئی۔راؤز ایونیو کورٹ کے اسپیشل جج اجے گپتا نے تمام ملزمان کے خلاف کاپی رائٹ ایکٹ کی دفعہ 63 کے ساتھ بھارتیہ نیائے سنہتا، انسداد بدعنوانی ایکٹ اور پبلک امتحانات (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ،۲۰۲۴ء کی دفعات کے تحت الزامات عائد کیے۔ عدالتی حراست سے لائے گئے ملزمین نے الزامات سے انکار کیا اور ٹرائل کا سامنا کرنے کا انتخاب کیا۔ بعد ازاں عدالت نے حکم دیا کہ استغاثہ کے شواہد کی ریکارڈنگ ۲۵؍ نومبر سے شروع ہو اور کارروائی روزانہ چلے تاکہ جلد نتیجہ یقینی بنایا جا سکے۔ جبکہ تمام ملزمین کو پیش کرنے کا حکم پچھلے دن کی ہدایت کے بعد آیا۔
واضح ہے کہ اپنے پہلے حکم میں، عدالت نے مشاہدہ کیا کہ ملزمین نے کسی نہ کسی طرح خفیہ امتحانی مواد کو بڑے پیمانے پر شیئر یا تقسیم کیا تھا، جس کی وجہ سے امتحان سے بہت پہلے ہی یہ ملک بھر میں پھیل گیا۔ عدالت نے کہا،’’اس پھیلاؤ نے نیٹ-یو جی ۲۰۲۶ء کو منسوخ کرنے پر مجبور کیا، سرکاری خزانے کو کئی کروڑ روپے کا غیر ضروری نقصان پہنچایا، اور لاکھوں امیدواروں کو مالی اور ذہنی پریشانی میں مبتلا کیا۔ علاوہ ازیں جج نے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے سوالیہ پرچہ سیٹس جو ملزمان کو ترجمہ، بیک ٹرانسلیشن اور پروف ریڈنگ کے لیے سونپے گئے تھے، ایجنسی کی کاپی رائٹ سے محفوظ دانشورانہ ملکیت قرار دیا۔
نیٹ-یو جی پیپر لیک: ٹائم لائن
ذہن نشین رہے کہ نیٹ-یو جی۲۰۲۶ء کا انعقاد۳؍ مئی۲۰۲۶ء کو ہوا، جس میں تقریباً۲۲؍ لاکھ امیدواروں نے حصہ لیا۔ این ٹی اے نےسوالیہ پرچے لیک کے الزامات کے بعد۱۲؍ مئی کو اسے منسوخ کر دیا اور۲۱؍ جون کو نیا امتحان منعقد کیا۔بعد ازاں ، مرکزی تعلیمی وزارت کے تحت محکمہ اعلیٰ تعلیم کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سی بی آئی نے منسوخی کے دن ہی کیس درج کیا۔ اس کی پہلی گرفتاریاں۱۳؍ مئی کو ہوئیں، اور تحقیقات مہاراشٹر، راجستھان اور ہریانہ تک پھیل گئیں۔
۲۸؍ جولائی کو۱۳؍ ملزمین کے خلاف مرکزی چارج شیٹ دائر کی گئی، جن میں این ٹی اے سے وابستہ تین سبجیکٹ ماہرین، کوچنگ انسٹی ٹیوٹس سے منسلک دو افراد اور کئی مبینہ درمیانی افراد شامل تھے۔ ۱۴؍ویں ملزم، شیشراؤ بجرنگ سوریاونشی، عرف راج سوریاونشی کے خلاف ضمنی چارج شیٹ۱۴؍ اکتوبر کو دائر کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: بیڑ میں ۱۳؍کروڑ روپے کا گھوٹالہ بے نقاب،۶؍افسر معطل
سی بی آئی کا کیس
ایجنسی۳۶۰؍ گواہوں،۴۲۲؍ دستاویزات اور۴۳؍ مادی اشیاء پر انحصار کر رہی ہے۔ اس نے مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی، مجرمانہ اعتماد شکنی اور شواہد کو تباہ کرنے کے علاوہ انسداد بدعنوانی ایکٹ اور پبلک امتحانات (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ،۲۰۲۴ء کے تحت جرائم کو شامل کیا ہے۔تاہم کسی سرکاری اہلکار یا این ٹی اے کے عہدیدار کو ملزم کے طور پر نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ سی بی آئی کا کیس لیک سازش میں سبجیکٹ ماہرین اور نجی افراد کے نیٹ ورک کے مبینہ کردار پر مبنی ہے۔ الزامات اب ٹرائل میں جانچے جائیں گے۔