۷۵؍ سالہ یوجینیا گرانیتو نے اپنی تاریخی خاندانی جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی پوری رقم ’ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز‘ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ یہ رقم غزہ کے بچوں کے علاج کے لیے اسپتال یا کسی طبی مرکز کی تعمیر پر خرچ ہو۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 10:00 PM IST | Rome
۷۵؍ سالہ یوجینیا گرانیتو نے اپنی تاریخی خاندانی جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی پوری رقم ’ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز‘ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ یہ رقم غزہ کے بچوں کے علاج کے لیے اسپتال یا کسی طبی مرکز کی تعمیر پر خرچ ہو۔
اٹلی کے جنوبی علاقے میں رہنے والی ۷۵؍ سالہ یوجینیا گرانیتو نے اپنی خاندانی تاریخ سے جڑی ایک قدیم حویلی فروخت کرکے اس کی پوری رقم غزہ کے بچوں کی طبی امداد کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا ارادہ ہے کہ فروخت سے حاصل ہونے والی رقم بین الاقوامی طبی و انسانی امدادی تنظیم ’’ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز‘‘ (Doctors Without Borders)، جسے اٹلی میں ’’میڈیچی سینزا فرونتیئرے‘‘ (Medici Senza Frontiere) کہا جاتا ہے، کے حوالے کی جائے تاکہ اس سے فلسطینی بچوں کے علاج کے لیے اسپتال یا کوئی دوسرا طبی مرکز قائم کیا جاسکے۔ یوجینیا گرانیتو کی یہ جائیداد اٹلی کے صوبہ سالرنوکے قصبے روکا چیلیینتو (Rocca Cilento) میں واقع ہے۔ یہ عمارت ۱۷؍ ویں صدی کی ہے اور تقریباً ۴۰۰؍ سال پرانی خاندانی وراثت کا حصہ سمجھی جاتی ہے۔ اس میں ایک قدیم رہائشی عمارت کے علاوہ سینٹ جوزف سے منسوب ایک چھوٹا عبادت خانہ بھی موجود ہے، جس کی بنیاد کا تاریخی ریکارڈ ۱۷۵۱ء سے ملتا ہے۔ اس وقت علاقے کے بشپ نے اپنے دورۂ معائنہ کے دوران اس عبادت گاہ کا ذکر کیا تھا، جسے خاندان کے ایک بزرگ مارکوئس گرانیتو نے تعمیر کروایا تھا۔
🔵İtalya`da 75 yaşındaki Eugenia Granito, köşkünü Gazze’ye bağışladı. Granito, Gazze`deki savaş mağduru çocuklara yardım etmek amacıyla 17. yüzyıldan kalma 400 yıllık aile yadigârı köşkünü ve mülkünde yer alan şapeli satışa çıkardı. #İtalya #Gazze #bağış #köşk #satış https://t.co/xEbm5PeB2e
— nevportal (@nevportal) November 8, 2026
اس حویلی کے ساتھ ایک باغ بھی ہے، جہاں خاندان کی کئی نسلوں کی یادیں محفوظ ہیں۔ باغ میں اخروٹ، چیری اور جاپانی پھل لوکاٹ (Lokat) کے درخت موجود ہیں۔ ان میں سے ایک لوکاٹ کا درخت یوجینیا کے والد نے ۱۹۴۹ء میں اپنی شادی کے موقع پر لگایا تھا۔ اس طرح یہ جائیداد ان کے لیے محض ایک عمارت نہیں بلکہ خاندان کی تاریخ، روایات اور ذاتی یادوں سے وابستہ ایک قیمتی ورثہ ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے اسے فروخت کرنے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم غزہ کے بچوں کی مدد کے لیے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوجینیا نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس گھر کو فروخت کرکے مجھے جو کچھ بھی حاصل ہوگا، وہ غزہ کے بچوں کے لیے ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کو دیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے یہ خواہش بھی ظاہر کی کہ جب فروخت کا معاملہ قانونی طور پر مکمل کرنے کے لیے نوٹری کے پاس جائے تو انہیں بتایا جائے کہ اس رقم کو کس مقصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ان کے مطابق وہ چاہتی ہیں کہ اس سے ’’ایک اسپتال یا کوئی دوسرا طبی مرکز‘‘ تعمیر کیا جائے تاکہ غزہ میں مزید بچوں کو مرنے سے بچایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ کے حق میں ایمسٹرڈیم سرخ، ریڈ لائن مارچ میں ۲؍ لاکھ افراد شریک
انہوں نے مزید کہا کہ ’’غزہ کے بچوں کی تکلیف اور انہیں درپیش طبی مسائل نے مجھے اس فیصلے پر آمادہ کیا۔ جنگ کے باعث زخمی ہونے والے بچوں، علاج کی کمی اور طبی سہولتوں تک رسائی میں مشکلات نے مجھے سوچنے پر مجبور کیا کہ کیا مَیں اپنی ذاتی ملکیت کو کسی ایسے مقصد کے لیے استعمال کرسکتی ہوں جس سے ضرورت مند بچوں کی زندگیوں میں فرق پڑے۔ اس لئے میری خواہش ہے کہ میری خاندانی جائیداد کی فروخت سے ملنے والی رقم محض امداد کی صورت میں خرچ نہ ہو بلکہ بچوں کے لیے علاج کی مستقل سہولت پیدا کرنے میں بھی مدد دے۔‘‘
اس غیر معمولی فیصلے کو منظرعام پر لانے والے رئیل اسٹیٹ ایجنٹ فرانچیسکو پیو فیگلیولا (Francesco Pio Figliola) ہیں، جنہیں یوجینیا نے حویلی کی فروخت کی ذمہ داری سونپی ہے۔ وہ تاریخی اور قیمتی جائیدادوں کی خرید و فروخت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے یوجینیا کے ساتھ ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس میں خاتون نے خود اپنے فیصلے اور اس کے مقصد کے بارے میں بتایا۔فیگلیولا نے کہا کہ اپنے پیشہ ورانہ سفر میں انہوں نے کئی قیمتی اور تاریخی عمارتوں کے معاملات دیکھے ہیں، لیکن انہیں اس نوعیت کے فیصلے سے پہلے واسطہ نہیں پڑا۔ ان کے مطابق وہ اس بات سے خاصے متاثر ہوئے ہیں کہ یوجینیا نے اپنی ذات اور خاندان سے گہری وابستگی رکھنے والی جائیداد کی قیمت کو جنگ سے متاثرہ بچوں کی مدد کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس خاتون کے ساتھ اس عمل میں شریک ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اطالوی خبر رساں ایجنسی اے این ایس اے (ANSA) کے مطابق یوجینیا نے جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی پوری رقم ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کو دینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غربت میں تیزی سے کمی پر عالمی بینک نے ہندوستان کی تعریف کی
فی الحال حویلی فروخت کے لیے پیش کی جارہی ہے؛ اس لیے یہ واضح نہیں کہ اسے کتنی قیمت پر فروخت کیا جائے گا یا اس سے کتنی رقم حاصل ہوگی۔ اسی طرح اسپتال یا طبی مرکز کی تعمیر کا منصوبہ بھی ان کی خواہش ہے، اس کے عملی شکل اختیار کرنے کا انحصار فروخت کے بعد رقم کی دستیابی اور امدادی تنظیم کے فیصلے پر ہوگا۔ تقریباً چار صدیوں پر محیط خاندانی تاریخ کی حامل اس عمارت کو فروخت کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں بچوں سمیت عام شہریوں کو طبی امداد اور علاج کی شدید ضرورت ہے۔ یوجینیا گرانیتو نے اپنی وراثت کو محفوظ رکھنے کے بجائے اس کی مالی قدر کو ان بچوں کی مدد کے لیے وقف کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے جن سے ان کا کوئی خاندانی تعلق نہیں، لیکن جن کی مشکلات نے انہیں اپنی زندگی کی ایک بڑی ملکیت قربان کرنے پر آمادہ کردیا۔