Inquilab Logo Happiest Places to Work

اٹلی :کروڑوں ڈالر مالیت کے فن پارے چوری،کچھ ہی منٹوں میں چوروں نے واردات انجام دی!

Updated: April 02, 2026, 11:40 AM IST | Agency | Rome

اطالوی شہر پارما کے مضافات میں واقع نجی آرٹ میوزیم سے پیئر-آگست رینوار،پال سیزان اور ہنری میتیس کی شاہکار پینٹنگز چوری ہوئی ہیں۔

Old Photo Of The Three Rare Paintings Stolen From The Museum.Photo:INN
میوزیم سے چوری ہونے والی تینوں نایاب پینٹنگز کی پرانی تصویر۔آئی این این
اٹلی میں چوروں نے ایک میوزیم سے نایاب پینٹنگز چوری کرلی ہیں۔  اطالوی حکام نے پیر کے روز بتایا ہےکہ  چوروں نے اس ماہ اٹلی کے ایک میوزیم میں گھس کر مشہور مصور رینوار، سیزان اور میتیس کے لاکھوں ڈالر مالیت کے فن پارے چرا لیے۔نیویارک ٹائمز کے مطابق اٹلی کے شہر کارابینیری کی پولیس فورس جو اس چوری کی تفتیش کر رہی ہے، کے مطابق چوروں کا گروہ۲۲؍ مارچ کی رات شمالی اٹلی کے شہر پارما کے مضافات میں واقع نجی آرٹ میوزیم میگنانی-روکا فاؤنڈیشن کے صدر دروازے سے اندر داخل ہوا۔ پولیس کے مطابق ۳؍ منٹ کے اندر یہ گروہ تین پینٹنگز چوری کر کے رفوچکر ہو گیا۔
غیرملکی خبررساں پورٹل کی رپورٹ کے مطابق چوری شدہ فن پاروں میں پیئر-آگست رینوار کی ’لے پوائزن‘ ،  پال سیزان کی ’سٹل لائف وِد چیریز‘ اور ہنری میتیس کی ’اودالیسق آن دی ٹیریس‘ شامل تھیں، جن کی مشترکہ مالیت تقریباً ایک کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔ اطالوی میڈیا کے مطابق میوزیم کے سیکوریٹی سسٹم نے کام شروع کیا تو چوروں نے ایک چوتھا فن پارہ موقع پر چھوڑ دیا۔
 
 
’لے پوائزن‘ کینوس پر بنائی گئی ایک آئل پینٹنگ ہے جو رینوار نے تقریباً۱۹۱۷ء میں بنائی تھی اور یہ فرانسیسی مصور کے کریئر کے آخری دور کے امپرشنسٹ طرز مصوری کو ظاہر کرتی ہے، جس کی قیمت کا تخمینہ تقریباً۷؍ ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ میوزیم نے کہا ہے کہ یہ چوری ’ایک منظم اور منصوبہ بند کارروائی کا حصہ‘ تھی اور بظاہر چوری کی پوری منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ یہ فنون لطیفہ کی دنیا میں بے خوف انداز سے کی گئی چوری کی ایک نمایاں واردات ہے، اور یہ اس واقعے کے چھ ماہ سے بھی کم عرصے بعد ہوئی ہے جب چوروں کے ایک گروہ نے پیرس کے لوور میوزیم میں دن کے وقت گھس کر میوزیم سے کچھ قیمتی شاہی جواہرات چرا لیے تھے۔ماہرین کے مطابق ایسی چوریاں حالیہ برسوں میں بڑھ گئی ہیں، خاص طور پر جب ٹیکنالوجی اور کرپٹو کرنسی کے استعمال کے ذریعے ان قیمتی اشیا کو فروخت کرنا آسان ہو گیا ہے۔
 
 
میگنانی-روکا فاؤنڈیشن کا نام اس کے چیف بینیفیکٹر لوییجی میگنانی کے والدین کے نام پر رکھا گیا ہے، جو ایک اطالوی دانشور تھے اور انہوں نے۱۹۷۰ء کی دہائی میں یہ میوزیم قائم کیا۔ یہ میوزیم۱۹۹۰ء میں عوام کیلئے کھولا گیا اور اس میں کلاسیکی اور معاصر آرٹ کا وسیع مجموعہ موجود ہے، جس میں جینٹیلے دا فابریانو، فرانسسکو گویا اور وٹورے کارپاچیو کے فن پارے بھی نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ میوزیم چوری کے بعد بھی کھلا رہا اور یہ خبر اس وقت تک پوشیدہ رکھی گئی جب تک اٹلی کے سرکاری براڈکاسٹر رائی کی ایک علاقائی شاخ نے اتوار کو یہ خبر جاری نہیں کر دی۔پیر کو رابطہ کرنے پر کارابینیری کے آرٹ تھیفٹ یونٹ نے تصدیق کی کہ وہ معاملے کی تفتیش کر رہا ہے اور مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK