یہاں ۳ ؍ سالہ بچے کو اغواء کرنے کے شبہ میں ہجوم نے ۳۰؍ تا ۳۵؍ سالہ شخص کی بری طرح پٹائی کی جس سے اس کی موت ہو گئی ۔
EPAPER
Updated: February 25, 2026, 10:43 PM IST | Jalgaon
یہاں ۳ ؍ سالہ بچے کو اغواء کرنے کے شبہ میں ہجوم نے ۳۰؍ تا ۳۵؍ سالہ شخص کی بری طرح پٹائی کی جس سے اس کی موت ہو گئی ۔
یہاں ۳ ؍ سالہ بچے کو اغواء کرنے کے شبہ میں ہجوم نے ۳۰؍ تا ۳۵؍ سالہ شخص کی بری طرح پٹائی کی جس سے اس کی موت ہو گئی ۔یہ واقعہ پیر کی شب جلگائوں سے قریب قصبے آوہانے شیوار میں لکشمی جننگ کے قریب پیش آیا ۔اس معاملے میں ۵؍ افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق قصبہ اوہانے شیوار میں لکشمی جننگ کے قریب ایک نامعلوم شخص کو ۱۵تا ۲۰ ؍ افراد نے ۳؍سالہ بچے کو اغوا کرنے کے شبہ میں بری طرح زد و کوب کیا ۔جلگائوں تعلقہ پولیس اسٹیشن کو اس کی اطلاع اوہانے کے سر پنچ پنٹو پاٹل نے دی ۔پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جائے واردت پر پہنچی جہاں وہ خون میں لت پت پڑا تھا ۔اس کی ناک اور منہ سے خون بہہ رہا تھا اور بدن پر زخموں کے نشان تھے ۔زخمی حالت میں اُ س شخص کوسرکاری میڈیکل کالج و ضلع اسپتال میں علاج کیلئے لے جایا گیا ۔اُس کے سر اور بدن پر اندورنی چوٹ لگنے کی وجہ سے وہ بے ہوشی کی حالت میں تھا ۔ منگل کی علی الصباح ساڑھے ۴؍ بجے دوران علاج کی اس کی موت ہو گئی ۔
اس میں معاملے ضلع ایس پی ڈاکٹر مہیشور ریڈی نے بتایا کہ’’ وہ نامعلوم شخص بچے کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھا جس سے لوگوں کو شک ہوا کہ وہ اُسے اغواکر لے جارہا ہے ۔اس معاملے میں قتل کا معاملہ درج کرلیا گیا ۔‘‘ماب لچنگ کا کیس درج نہ ہونے کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ’’ ماب لچنگ کے معاملے میں کسی ایک شخص کو اُس کے مذہب ، ذات کو بنیاد بنا کر تشدد کیا جائے تب ماب لچنگ کی دفعہ کا اطلاق ہوتا ہے ۔‘‘
اس معاملے میں جلگائوں تعلقہ پولیس اسٹیشن نے منوہر بھگوان سوناونے ساکن ناندرہ ،تعلقہ جلگائوں ،اجے ڈونگرکولی ساکن تھور گوان ،تعلقہ بیاول ،پرشانت عرف پرکاش ششی کانت سوناونے،اجے عرف بادل ششی کانت سوناونے (دونوں ساکن بامود تعلقہ جلگائوں ) ،آفتاب عارف کھاٹک ( ساکن کمبھار واڑہ ساکن شنی پیٹھ جلگائوں ) کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیاگیا ہے ۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جائے واردت کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں مار پیٹ کرنے والے دکھائی دے رہے ہیں ۔متذکرہ بالا پانچوں افراد کے تعلقہ پولیس اسٹیشن کے پولیس ہیڈ کانسٹبل شری کانت بدر کی شکایت پر مقدمہ درج کیا ہے ۔ دریں اثناء پولیس نے متوفی شخص کا اسپتال میں بیان قلمبند کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بولنے کی حالت میں نہیں تھا ۔اس لئے اس کی شناخت نہیں ہو سکی ۔