• Thu, 15 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں، جلگاؤں، دھولیہ اورناندیڑ میں پولنگ کی تمام تیاریاں مکمل

Updated: January 15, 2026, 11:47 AM IST | Mukhtar Adeel/Sharjeel Qureshi/ZA Khan/Ismail Shaad | Malegaon / Jalgaon / Nanded / Dhule

آج ووٹنگ کے پیش نظر مالیگاؤں میں۱۳؍ جرائم پیشہ افراد کو تڑی پار کیاگیا، جلگاؤں بھی انتخابی عمل کیلئے پوری طرح تیار، دھولیہ او ر ناندیڑ میں ضروری وسائل کے ساتھ ملازمین پولنگ مراکز پہنچے.

Election officials and officials in Dhule are finalizing preparations for polling. Picture: INN
دھولیہ میںانتخابی افسران واہلکارپولنگ کی تیاریوںکو آخری شکل دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹر کے بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ پولنگ کو پُر امن اور شفاف بنانے کیلئے سیکوریٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئےآج پولنگ اور کل رزلٹ کے اعلانات کے پیش نظر پولیس انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔پولنگ مراکز کے اطراف حساس علاقوں میں اضافی پولیس فورس کی تعیناتی کی جائے گی۔ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے اور حفظ ماتقدم کے تحت شہر میں پولیس فورس نے رُوٹ مارچ بھی کیا ہے۔پولیس ڈپارٹمنٹ سے جاری معلومات کے مطابق ۱۱۶۸/ کانسٹیبل، ۹۰۰/ہوم گارڈز،۶۸/سب انسپکٹرس، ۱۷/ پولیس انسپکٹرس،۸/ڈی وائے ایس پی،۲/ایڈیشنل ایس پی حفاظتی  انتظامات پر مامور رہیں گے ۔ ریزرو سینٹرل پولیس کی دو ٹکڑیاں اور اسٹیٹ ریزروپولیس فورس کی دو کمپنیاں بھی اس میں شامل ہیں ۔ انسپکٹرجنرل آف پولیس دتاتریہ کراڑے کی سربراہی میں سیکوریٹی کے سارے انتظامات پورے کئے گئے ہیں۔
ایڈیشنل ایس پی تیغ بیرسنگھ سندھو کے مطابق انتخابی عمل کو خوف اور دہشت سے پاک رکھنے کے ساتھ صاف شفاف پُرامن ماحول کی برقراری کیلئے ۱۳؍جرائم پیشہ افراد کو شہربدر(تڑی پار)کرنے کی کارروائی کی گئی ہے ۔ پولنگ کے پیش نظرشہر و اطراف میں غیرضروری مجمع پر امتناع عائد ہے۔
جلگاؤں :۳۲۱؍امیدوار میدان میں 
جلگاؤں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے آج ہونے والی پولنگ کیلئے یہاں تمام تیاریاںمکمل ہوچکی ہیں۔  جلگائوں کارپوریشن کی۷۵؍سیٹوں میں سے۱۲؍ سیٹوں پر پہلے ہی بلامقابلہ  انتخاب ہوچکا ہے۔اب بقیہ۶۳؍ نشستوں کیلئے۳۲۱؍ امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔۳؍جنوری کو درخواستیں واپس لینے کی مدت ختم ہونے کے بعد سے انتخابی مہم کا آغاز ہو گیا تھا۔ان۱۰؍ دنوں میں امیدواروں نے گھر گھر جا کر انتخابی مہم چلائی۔صبح سورج نکلنے سے لے کر رات دیر گئے تک امیدواروں کی پیدل یاترا، کارنر میٹنگز اور ووٹروں کے گھر گھر جا کر ملاقاتوں پر زور رہا۔
دوسری جانب انتظامیہ ووٹنگ کے عمل کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ٹریننگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔ ووٹنگ مشینیں۱۴؍ جنوری کو تقسیم کردی گئیں۔ووٹوں کی گنتی۱۶؍ جنوری کو وکھار منڈل کے گودام میں ہوگی۔ووٹر اور پولنگ مراکز  سے متعلق ملی تفصیلات کے مطابق پورے شہر میں۴؍ لاکھ ۳۸؍ہزار ۵۲۳؍رائے دہندگان ہیں  ۔ پولنگ کیلئے شہر کی۱۴۲؍ عمارتوں میں ۵۱۶؍پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔
ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن انتخابات: انتظامیہ مکمل تیار
ناندیڑ واگھالا شہر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور پولنگ پارٹیاں اپنے مقررہ پولنگ اسٹیشنوں  پر پہنچ چکی ہیں ۔ ناندیڑ شہر میں کل۲۰؍  وارڈ(پربھاگ) ہیںجن میں سے۱۹؍وارڈ چار رکنی جبکہ ایک پربھاگ ۵؍ رکنی ہے۔ اس طرح شہریوں کو مجموعی طور پر۸۱؍ کارپوریٹرس کا انتخاب کرنا ہے ۔ انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کیلئے شہر بھر میں تقریباً۴؍ ہزار سرکاری ملازمین تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ۳؍ ہزار پولیس اہلکار سیکوریٹی کے فرائض انجام دیں گے ۔میونسپل کارپوریشن حدود میں کل۵؍ لاکھ ایک ہزار۷۹۹؍ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ شہر میں۶۰۰؍ پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔انتخابات کیلئے درکار تمام الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں کنٹرول یونٹس، بیلٹ یونٹس، سیاہی اور دیگر انتخابی سامان گورنمنٹ پالی ٹیکنک کالج میں قائم اسٹرونگ روم سے سخت پولیس بندوبست کے ساتھ روانہ کیا گیا۔اس موقع پر۶۰۰؍ کنٹرول یونٹس اور ۱۶۹۶ ؍ بیلٹ یونٹس پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچائی گئی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ووٹنگ کے تناسب میں اضافہ اور خاص طور پر خواتین ووٹرز کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کیلئے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ معمرشہریوں کیلئے ریمپ جبکہ معذور افراد کے لیے وہیل چیئر کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔اس موقع پر میونسپل کمشنر و چیف الیکشن آفیسر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئیفوڑے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوری حق کا بھرپور استعمال کریں۔
دھولیہ میں ۳؍ ہزار ملازمین کی تقرری
دھولیہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے  شہر کے کرشی بازار سمیتی سے متصل وکھار مہامنڈل گودام میں صبح۹؍ بجے سے پولنگ افسران اور دیگر ملازمین میں درکار لوازمات تقسیم کئے گئے۔وسائل کے ساتھ ملازمین اپنے اپنے پولنگ مرکز پر پہنچ کر پولنگ کی تیاریوں میں مصروف ہوگئے ۔۵۰۷؍پولنگ مراکز پرووٹ ڈالے جائیں گے۔اس کام کیلئے ۳؍ہزار ملازمین کی تقرری کی گئی ہے۔ہر ایک بوتھ پر ۵؍ملازمین کی تقرری کی گئی ہے۔ انتخابات پُر امن بنانے کیلئے ضلع ایس پی شری کانت دھیورے اور ایڈیشنل ایس پی اجے دیورے کی قیادت میںسارے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ووٹروں کیلئے ۱۸۰۰۲۳۳۳۰۱۰؍ٹول فری نمبر جاری کیاگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK