میونسپل کارپوریشن الیکشن کے میدان میں کچھ امیدواروں کو نشانہ بنانے کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد جلگاؤں ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے انتخابی مہم کے دوران۳۱؍ امیدواروں کو سیکوریٹی فراہم کی ہے
EPAPER
Updated: January 13, 2026, 9:28 AM IST | Sarjil Qureshi | Jalgaon
میونسپل کارپوریشن الیکشن کے میدان میں کچھ امیدواروں کو نشانہ بنانے کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد جلگاؤں ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے انتخابی مہم کے دوران۳۱؍ امیدواروں کو سیکوریٹی فراہم کی ہے
میونسپل کارپوریشن الیکشن کے میدان میں کچھ امیدواروں کو نشانہ بنانے کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد جلگاؤں ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے انتخابی مہم کے دوران۳۱؍ امیدواروں کو سیکوریٹی فراہم کی ہے جن میں سب سے زیادہ یعنی۹؍ آزاد امیدوار شامل ہیں۔ انتخابی تشہیری مہم کے دوران ایک پولیس اہلکار متعلقہ امیدوار کے ساتھ رہے گا۔
کارپوریشن الیکشن کی تشہیری مہم زور پکڑ چکی ہے۔ اس دوران شہر میں بعض مقامات پر جھگڑے کے واقعات بھی پیش آئے اور ایک امیدوار کو زدوکوب جبکہ ایک اور امید وار کے قریبی رشتے دار کے ساتھ مارپیٹ بھی کی گئی۔ ان دونوں واقعات کےپیش نظر جلگاؤں شہر کے ہر پولیس اسٹیشن سے معلومات طلب کی گئی ہے کہ کس وارڈ میں جھگڑے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں اور کس امیدوار کو پولیس تحفظ کی ضرورت ہے۔ الیکشن کے دوران امن و امان کے مسائل پیدا ہونے سے روکنے کیلئے دو یا دو سے زائد جرائم درج کرنے والوں کے خلاف احتیاطی کارروائی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جلگاؤں پولیس فورس نے امیدواروں کو تحفظ فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔
پولیس سیکوریٹی فراہم کرنے کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ جن امیدواروں کو سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے، ان میں گزشتہ شہری انتظامیہ میں میئر رہ چکے امیدوار ،اس کے علاوہ سابق میئر،سابق ڈپٹی میئر وغیرہ شامل ہے۔جن امیدواروں کو پولیس تحفظ دیا گیا ہے، ان میں سابق میئر نتن لدھا، وشنو بھنگلے، جے شری مہاجن، سابق ڈپٹی میئر کلبھوشن پاٹل، سابق اپوزیشن لیڈر سنیل مہاجن، سابق کارپوریٹر پرشانت نائک، کیلاس ہٹکر، اشوک لاڑونجاری، خوب چند ساہتیہ، ریکھا سوناونے، کلپس کیلاش سوناونے، ریاض باغبان ،اروند دیشمکھ ،پیوش پاٹل ،پرپھول دیورے، پروین کولہے ،پائل دارکنڈے، ہرشدا سنگور، اجولا باویسکر، رنجنا سپکالے، بھرت سپکالے، سونم جوالے، چیتن سنکت، کنچن سنکت،چتن۔ چودھری ،ذاکر پٹھان، انل اڑکمول، شیخ حسینی اور چندر شیکھر عطاردے وغیرہ شامل ہیں۔ انتخابی تشہیری مہم کے دوران ایک پولیس افسر متعلقہ امیدواروں کے ساتھ رہے گا۔
اس بارے میں مزید معلومات دیتے ہوئے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر مہیشور ریڈی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کارپوریشن انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے جو ضروری اقدامات کئے گئے ہیں، ان میں انتخابی تشہیری مہم کے دوران کہاں کہاں جھگڑے کے واقعات پیش آسکتے ہیں، اس بارے میں معلومات مانگی گئی ہے۔اسی مناسبت سے امیدواروں کو پولیس تحفظ فراہم کیا گیا ہے تاکہ جھگڑے کے ممکنہ واقعات سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ انتخابی تشہیری مہم کے دوران امیدوار ریکھا سوناونے کے سسر پر حملہ ہوا تھا۔ سوناونے کے حریف امیدوار کے بہنوئی ابا رمیش باویسکر (مقام والمک نگر) نے اس بات پر حملہ کیا کہ اس علاقے میں انتخابی مہم چلانے کیوں آئی ہو؟ یہ واقعہ۷؍ جنوری کو ہوا تھا ۔دوسرا واقعہ امیدوار خوب چند ساہتیہ کے ساتھ پیش آیاتھا ۔ ان کے حریف امیدوار کے ۲؍ افراد نے ان کی پٹائی کی اور ان کی سونے کی چین چھن لی تھی۔