Inquilab Logo

جلگاؤں : شیواجی نگر ریلوے پل آمد ورفت کیلئے ایک دن کھلا رہنے کے بعد دوبارہ بند

Updated: August 08, 2022, 12:33 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

شہری انتظامیہ کی جانب سے تاریخ پر تاریخ دئیے جانے کے باوجود شیواجی نگر پل جب آمد روفت کیلئے نہیں کھلا تو مشتعل شہریوں نے اسے کھولا، بعد میں پھر بندکردیاگیا

Opening the barricades erected on the bridge with the help of civil cutters.Picture:INN
پل پر کھڑی کی گئیں رکاوٹوںکو شہری کٹر کی مدد سےکھولتے ہوئے ۔ تصویر:آئی این این

جلگاؤں شہر کےدو حصوں کو جوڑنے والا شیواجی نگرریلوے پل گزشتہ ساڑھے ۳؍ برسوں سے بند تھا ۔ نامکمل تعمیر اوردیگر کچھ مسائل اس کے بند ہونے کے ا سباب تھے ۔ اس  وجہ  سے شہریوں اور شیواجی نگر ،عثمانیہ پارک ،دال پھڑک  اورامن پارک علاقوں سے آنے جانے والوں کوتحصیلدار دفتر اور دودھ فیڈریشن کے راستے تقریباً ڈھائی تاتین کلو میٹر طویل فاصلہ طے کر شہر کے مرکزی حصے میں داخل ہونا پڑرہا ہے ۔ شدید مشکلات سے نبردآماز مشتعل شہریوں اور شیواجی نگر کے چند باشندوں نے سنیچر کی صبح شیواجی نگر پل کے داخلے سرے پر لگائے گئے بیریکیڈکوجو ایک دوسرے سے تار کے ذریعے جوڑے گئے تھے، کٹر کی مدد سےکاٹااورروایتی طور پر ناریل پھوڑکر بیریکیڈ راستے سے ہٹائے  اورپل کو آمد ورفت کیلئے کھول دیا ۔شہربھر میں اس پر کہیں خوشی اظہار کیا گیا تو کچھ لوگوں نے اس حرکت کی مخالفت بھی کی اور کہا کہ پل کی تعمیر ادھوری ہے ،اسے آمد و رفت کیلئے اس طرح سےغیر قانونی طور  پرکھولنامن مانے رویے کی مثال  ہے ۔ بہر حال ا نتظامیہ کی جانب سے بروز اتوار ۷ ؍اگست کو پل دوبارہ بندکردیا گیا ۔  شیواجی نگرریلوے پل کا از سر نو تعمیراتی کام مکمل کرنے کے سلسلے میں انتظامیہ نے فروری ۲۰۱۹ء کو  احکامات جاری کئے تھے۔تعمیراتی کام مکمل کرنے کیلئے۱۸؍ مہینوں کی مدت طے کی گئی تھی ۔اسکے بعد دو مرتبہ مدت میں اضافہ کیا گیا ،تیسری مرتبہ بھی مدت میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن اضافہ نہیں کیا گیا  اورابھی تک کام مکمل نہیں ہوا ہے ۔پل پر اب بھی کئی کام ادھورے ہیں۔ اسکے باوجود سرکاری انتظامیہ کی جانب سے یہ کہا جارہا ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں پل آمد ورفت کیلئے کھول دیاجائےگا ۔  اس سلسلے میں شیواجی نگر کے چند مکینوں نے آر ٹی آئی کارکن دیپک کمار گپتا، شیوسینا کارکن سنیل ٹھاکور  اور یوگیش کدم نے شیواجی نگر پل پر پہنچ کر ایک جانب سے رکاوٹیں ہٹائیں۔ اس سےقبل ریلوے پٹری کراس کرتے وقت جان گنوانے والے اسنیہل اجنیکر نامی نوجوان لڑکی  کی تصویر موقع پر لگائی گئی  اور اسے خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔دوپہر میں محکمہ تعمیرات کے افسروںنے پل سے ہورہی آمدروفت کو بند کردیا لیکن شیواجی نگر کے مکینوں نے مداخلت اور ہنگامہ کرکے دوبارہ آمدروفت شروع کروائی ۔  بات چیت میں آر ٹی آئی کارکن دیپک کمار گپتا نے کہا’’ عوام کی مشکلات کا حوالہ دے کر ہم نے ضلع  کلکٹر ڈاکٹر ابھجیت رائوت سے پل کو کھولنے کی اپیل کی تھی۔جب سرکاری  افسران کلکٹر کی بھی سن نہیں رہے ۔پی ڈبلیو ڈی تاریخ پر تاریخ دے رہا ہے،تو ہمیں یہ قدم اٹھانا پڑا ۔لوگوں کو جان ہتھیلی پر لے کر تحصیلدار دفتر اور دودھ فیڈریشن کے راستے ریلوے پٹری پارکرکے آمد و رفت کرنا پررہا ہے۔‘‘محکمہ تعمیرات عامہ کے ڈپٹی انجینئر سبھاش رائوت کا کہنا ہے کہ پل سے آمد ورفت شروع کرنے کا فیصلہ محکمہ تعمیرات عامہ ، میونسپل کارپوریشن ،ضلع انتظامیہ  باہمی تبادلہ خیال کر کے جلد ہی کریں گے ۔ سنیچر کو جس وقت شیواجی نگرریلوے پل سے آمد ورفت شروع ہونے سے کئی لوگوں نے اپنی خوشی کا اظہار کیاجبکہ کچھ نے ویڈیو گرافی کر کے اسکی اطلاع دیگر شہریوں کو دینے کی کوشش کی کیونکہ جب یہ خبر عام ہوئی تو کچھ لوگوں کو اس پر یقین نہیں آیا۔

jalgaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK