• Thu, 02 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جلگائوں کے سابق میئر جعلی کال سینٹر چلانے کے الزام میں گرفتار

Updated: October 01, 2025, 1:47 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

شیوسینا( شندے) سے تعلق رکھنے والے للت کولہے کے دفتر میں کال سینٹر کے نام پر دھوکہ دہی کا کاروبار ہو رہا تھا۔

Lalit Kolhe employees being arrested and taken away. Photo: INN
للت کولہے کے ملازمین کو گرفتار کرکے لے جایا جا رہا ہے۔ تصویر: آئی این این

جلگاؤں پولیس نے اتوار کو  شہر کےسابق میئر للت کولہے کے فارم ہاؤس پر آن لائن دھوکہ دہی کے مقصد سے چلائے جانے والے ایک جعلی کال سینٹر پر چھاپہ مارا۔ پولیس نے سابق میئر کولہے سمیت ۸؍افراد کو گرفتار کیا جنہیں پیر کو عدالت نے پانچ دن کی پولیس حراست میں دے دیا۔
 ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اشوک نکھتے کو  ۲؍ روز قبل خفیہ اطلاع ملی تھی کہ جلگائوں شہر کے ممر آباد راستے پر ایل کے فارم ہاؤس پر ایک فرضی کال سینٹر چلایا جا رہا ہے۔ اس کی بنیاد پر پولیس نے ایل کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا ۔اس وقت اس جگہ سے ۳۱؍ لیپ ٹاپ اور کال سینٹر کا جدید آلات برآمد ہوئے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ کال سینٹر خاص طور پر غیر ملکیوں کو دھوکہ دینے کیلئے قائم کیا گیا تھا۔


 کال سینٹر کے ملازمین خود کو حکومت سے منظور شدہ ہونے کا دعویٰ کرتے تھے اور ڈیٹا چیک کرنے یا دیگر دلکش لالچ دکھا کر غیر ملکی شہریوں کو دھوکہ دے رہے تھے۔ پولیس کو یہ بھی پتہ چلا ہے کہ دو لیپ ٹاپ پر رقم کا لین دین ہوا ہے۔ کولہے کے علاوہ پولیس نے جن دیگر مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے وہ کولکاتا کے رہنے والے ہیں۔اس معاملے پولیس نے سابق میئر کولہے اور دیگر ملزمین کے خلاف آرگنائزڈ کرائم اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پیر کو جب تمام ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا تو پولیس نے اس معاملے میں بین الاقوامی ریکٹ ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے مزید تفتیش کیلئے ملزمین کو ۱۰؍ دن کیلئے پولیس تحویل دینے کا مطالبہ کیا لیکن عدالت نے  انہیں صرف ۴؍اکتوبر تک پولیس تحویل میں دیا۔
 کولہے کے خلاف پولیس کارروائی کے بعد جلگاؤں  کے سیاسی حلقوں میں کھلبلی  ہے ۔یاد رہے کہ کولہے فی الحال شیوسینا( شندے)میں ہیں ۔ انہوں نے ۲۰۰۹ء میں جلگاؤں دیہی حلقہ کے وجود میں آنے کے بعد  پہلا اسمبلی الیکشن لڑا تھا۔ ان کی یہ پہلی کوشش ناکام رہی، وہ ہار گئے۔ اسکے بعد، انہوں نے ۲۰۱۴ء میں جلگاؤں شہر سے ایم این ایس کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا۔ اس وقت راج ٹھاکرے ان کی انتخابی مہم میں حصہ لینے جلگاؤں آئے تھے۔ تاہم، دو بار الیکشن لڑنے کے بعد بھی کولہے کا ایم ایل اے بننے کا خواب پورا نہیں ہوا اور بعد میں جلگاؤں میونسپل کارپوریشن الیکشن ۲۰۱۷ءمیں وہ خاندیش وکاس اگھاڑی کی حمایت سے جلگاؤں کے میئر بنے تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK