وقف املاک کے رجسٹریشن سے متعلق رہنمائی اور تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی ، ٹرسٹیان سے املاک کو جلد از جلد رجسٹرڈ کروانے کی اپیل۔
جماعت اسلامی کے رکن شوری محمد اظہرالدین سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
وقف املاک کے تحفظ، شفاف رجسٹریشن اور متولیان کی رہنمائی کے مقصد سے ایک روز قبل؛ جماعت اسلامی ہند، کی ناندیڑ اکائی کی جانب سے ’وقف اُمید پورٹل ہیلپ سینٹر‘کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آیا۔ افتتاح کی رسم جماعت اسلامی ہند، حلقہ مہاراشٹر کے رکن شوریٰ محمد اظہرالدین کے ہاتھوں ادا کی گئی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند، ناندیڑ کے امیر مقامی عابد خان ، سیکریٹری برائے قومی و ملی امور الطاف حسین سمیت دیگر ذمہ داران و معزز اراکین موجود تھے۔
مذکورہ سینٹر وقف بورڈ کے ’اُمّید پورٹل‘ سے متعلق عوامی رہنمائی اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے مساجد، مدارس، قبرستان، مکاتب، خانقاہوں، درگاہوں اور امام باڑوں اور دیگر اوقافی اداروں کے متولیان کو وقف املاک کے آن لائن رجسٹریشن کے تمام مراحل میں مرحلہ وار عملی تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد اظہرالدین نے کہا کہ ’’اوقاف ملت کا امانت دار سرمایہ ہیں۔ اگر ہم نے ان کی صحیح دستاویزی اور قانونی حفاظت نہ کی تو یہ قیمتی اثاثے ضائع ہو جائیں گے۔ وقف اُمید پورٹل ایک اہم موقع ہے کہ ہم اپنے اداروں کو سرکاری سطح پر محفوظ اور منظم کریں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہند ہمیشہ ملت کے اداروں کی بقا اور ترقی کیلئے سرگرم رہی ہے، اور یہ سینٹر اسی کوشش کا تسلسل ہے۔امیر مقامی عابد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ’’ہماری مساجد، مدارس اور قبرستان صرف عبادت گاہیں نہیں بلکہ ملت کی اجتماعی شناخت ہیں۔ ان کا تحفظ ہر فردِ ملت کی ذمہ داری ہے۔ اس سینٹر کے ذریعے ہم متولیان اور تنظیموں کو نہ صرف رہنمائی بلکہ مکمل تکنیکی معاونت بھی فراہم کریں گے۔‘‘
اطلاع کے مطابق یہ سینٹر روزانہ صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک عوام کی خدمت میں مصروفِ عمل رہے گا۔جماعت اسلامی ہند، ناندیڑ کی جانب سے تمام سماجی، مذہبی، فلاحی اور سیاسی تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ وقف رجسٹریشن مہم میں بھرپور تعاون کریں، عوام میں بیداری پیدا کریں، تاکہ ملت کے اوقافی ادارے قانونی طور پر محفوظ رہیں اور ان کے ثمرات عام مسلمانوں تک پہنچ سکیں۔ واضح رہے کہ امید پورٹل پر وقف کی املاک کو رجسٹرڈ کروانے کی آخری تاریخ ۵؍ دسمبر ۲۰۲۵ء ہے۔ یعنی رجسٹریشن کیلئے اب صرف ایک ماہ کا عرصہ باقی رہ گیا ہے۔ مزید معلومات کیلئے رابطہ کا پتہ: وقف اُمید پورٹل ہیلپ سینٹر، دفتر جماعت اسلامی ہند، نزد مسجد عابدین، نئی آبادی، ناندیڑ۔