Inquilab Logo

جموں کشمیر کیلئےنئی صنعتی پالیسی کا اعلان جلد

Updated: November 12, 2020, 10:32 AM IST | Agency | Jammu And Kashmir

ریاست کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اعلان کیا کہ جلد ہی نئی صنعتی پالیسی لائی جائے گی ، مرکزی وزارت مالیات نے منظوری دے دی ہے ، صرف کابینہ کی منظوری کا انتظار ہے

Manoj Sinha .Picture :INN
منوج سنہا ۔ تصویر:آئی این این

جموں کشمیر کے  لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ جموں کشمیر کے لیے جلد ہی  ایک نئی صنعتی پالیسی  لانے جارہے ہیں ۔مرکزی وزارت خزانہ نے  اس کی منظوری دیدی ہے اور اب  مرکزی کابینہ کی منظوری کا انتظار ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ہم نے کشمیر میں صنعتیں قائم کرنے کیلئے ۶؍ ہزار  ہیکٹر اراضی  کاتعین کرلیاہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ نئی صنعتی پالیسی کے  آنے سے جموں کشمیر میں۲۵؍ہزار کروڑ سے ۳۰؍ ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی ۔ اس سلسلہ میں کئی صنعتی گھرانے  پہلے سے ہی  خصوصی صنعتی زون ، آئی ٹی پارک اور نواحی شہروں کی تعمیر کے لیے  ہمارے رابطہ میں ہیں ۔صنعتوں کے  مرکز کے زیرانتظام علاقہ میں آنے سے اس خطہ کی ترقی ہوگی  اور یہاں نوجوانوں کیلئے روزگار کے  مواقع بھی  پیداہوں گے۔انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ مقامی صنعتوں کی دہائیوں پرانی تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے  مودی حکومت نے  دہلی  کے سابق چیف سیکریٹری کے کے شرما کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی نے  صنعتوں کے  تعلق سے ۱۵؍دن کے اندر رپورٹ دیدی ہے ۔کمیٹی کی سفارش پر۱۳۷۵؍کروڑ روپے کی راحت کسی امتیازی سلوک کے بغیر دی گئی ۔سود میں ۵؍ فیصدکی  راحت دیکر مالی مددکی گئی ۔ایک سال کے لیے پانی  اور بجلی کے بل پر ۵۰؍ فیصدسبسڈی دی گئی ۔کمیٹی کی ۵۰؍ فیصدسفارشات ایک ماہ کے اندر نافذکردی گئی ہیں ۔ساتھ ہی مقامی ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹ کے کاریگروں کے لیے حکومت نے ای کامرس کمپنی کے ساتھ مفاہمتی قرارداد پر دستخط کیے ہیں ۔ٹرانسپورٹروں کو راحت دیتے ہوئے  حکومت نے  پرانی بسوں کو ہٹاکر نئی بسوں کے لیے  مددفراہم کرنی  شروع کردی ہے۔نئی بسوں کی خریداری پر ۵؍لاکھ تک کی سبسیڈی کے ساتھ ایک سال کے لیے رجسٹریشن کا پریمیم بھی حکومت دے رہی ہے ۔
 ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی  نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے  اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں یہ کہاتھا کہ ایک مقررہ وقت پر جموں کشمیر کو دوبارہ  ریاست کا درجہ دے دیا جائے گا  ۔وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے بیانات پر یقین نہ کرنے  کا کوئی سوال نہیں اٹھتاہے ۔منوج سنہا نے کہاکہ بدعنوانی کو قطعی برداشت نہ کرنے کی  پالیسی کے تحت ہم کام کررہے ہیں ۔بدعنوانی میں ملوث لوگوں  کے خلاف کارروائی بھی کی جارہی ہے ۔کسی کو بھی بخشانہیں جارہاہے ۔ جموں کشمیر میں انتخاب کرائے جانے  کے سوال پر منوج سنہانے  کہاکہ کچھ لوگ بلا وجہ گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ حدبندی کمیشن اپنا کام کررہاہے ۔جموں کشمیر کے علاوہ شمال مشرق کی چارریاستیں ہیں جہاں حدبندی کاکام جاری ہے ۔ ایک بار حدبندی ہوجانے کے بعد انتخابی کمیشن کو ریاست میں انتخاب کرانے  کا اختیار مل جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK