Inquilab Logo

جموں وکشمیر : بارش اور برف باری کی آفت،۷؍ کی موت

Updated: March 04, 2024, 12:16 PM IST | Agency | Jammu And Kashmir

جموں کے ریاسی ضلع میں مکان گرنے سے ایک ہی کنبے کے چار افراد جاں بحق ، ۲؍ دیگر زخمی، مکان چٹان کے تودے کی زد میں آگیا، اوڑی میں پل گرنے سے ۳؍ افراد دریائے جہلم میں ڈوب گئے، چٹانیں اور تودے گرنے کے اندیشوں کے سبب جموں سری نگر قومی شاہراہ بند کردی گئی۔

Queues of trucks formed due to closure of Srinagar-Jammu National Highway. Photo: PTI
سری نگر جموں قومی شاہراہ بند ہونے پرٹرکوںکی قطاریں لگ گئیں۔ تصویر :پی ٹی آئی

جموں کے ریاسی ضلع کے چسانہ پٹی علاقے میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان پر مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے ایک ہی کنبے کے چار افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ چسانہ پٹی علاقے میں درمیانی شب یہ حادثہ ہوا جس سے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔ رہائشی مکان پر بھاری بھرکم چٹان کے تودے گر آئے جس وجہ سے مکان میں موجود ۶؍ افراد زندہ دفن ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں اور پولیس نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران ملبے کے نیچے دبے ہوئے افراد کواسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ۴؍ افراد کو مردہ قرار دیا۔ متوفیوں کی شناخت فضل اختر زوجہ محمد فرید، نسیمہ اختر دختر محمد فرید، ۵؍ سالہ سفینہ کوثر دختر محمد فرید اورتین سالہ سمرین کوثر دختر محمد فرید کے بطور کی گئی ہے۔ زخمیوں کی پہچان کالو ولد جمعہ اور بانو بیگم زوجہ کالو کے بطور ہوئی ہے۔ بتادیں کہ خط پیر پنچال اور ریاسی میں پچھلے۴۸؍گھنٹوں سے موسلا دھار بارش کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول ہوئی ہےجبکہ دریاؤں اور ندی نالوں میں بھی طغیانی ہے۔ 
ایک شخص کی لاش دریائے جہلم میں ملی 
 شمالی ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں اتوار کے روز پل گرنے سے ۳؍ افراد دریائے جہلم میں جاگرے۔ معلوم ہوا ہے کہ ایک شخص کی لاش دریائے جہلم کے بیچ ایک بڑے پتھر کے سامنے رک گئی جس کو باز یاب کرانے کی خاطر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مہرا اُوڑی میں اتوار کی سہ پہرتین افراد جن میں ٹھیکیدار بھی شامل ہیں، کام میں مصروف تھے کہ اسی دوران پل دریائے جہلم میں جاگرا جس کے نتیجے میں تینوں کو پانی کے تیز بہاؤ نے اپنے ساتھ لے لیا۔ 
ذرائع نے بتایا کہ چونکہ بارش کی وجہ سے دریائے جہلم میں پانی کی سطح کافی بلند ہے لہٰذا مقامی لوگ کچھ بھی کرنے سے قاصر ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک لاش دریائے جہلم کے بیچ ایک بڑے پتھر کی وجہ سے رُک گئی ہے جس کو باز یاب کرنے کی خاطر مقامی لوگوں نے فوج سے مدد طلب کی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس وقت دریائے جہلم میں جانا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہی نعش نکالی جاسکتی ہے۔ ایک مقامی شہری نے بتایا کہ غرقاب ہونے والے افراد اننت ناگ، بڈگام اور کپواڑہ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ کام کے سلسلے میں یہاں آئے ہوئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پانی میں ڈوبنے والے افراد میں سے دو مزدور اور ایک ٹھیکیدار شامل ہیں۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک لاشوں کو باز یاب نہیں کیا جا سکا۔ 
سری نگر – جموں قومی شاہراہ دوسرے روز بھی ٹریفک کیلئے بند
  وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ دوسرے روز بھی ٹریفک کی نقل وحمل کیلئے بند رہی۔ متعلقہ حکام نے لوگوں سے موسم بہتر ہونے تک قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے بتایا کہ موسلا دھار بارش کے باعث کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر اتوار کے روز بھی ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔ 

لکھنؤ میں بھاری بارش سے سڑک دھنس گئی 
اتوار کی دوپہر لکھنؤ میں زبردست بارش ہوئی۔ بارش کے باعث کئی سڑکوں پر پانی  بھرگیا، اس دوران  شہر کے وکاس نگر علاقہ میں ایک سڑک  بیچوں بیچ دھنس گئی۔ جس کی وجہ سے ایک کار اس میں پھنس گئی۔ گاڑی کو کسی طرح باہر نکالا گیا۔ جس کے بعد دونوں اطراف سے ٹریفک روک دی گئی۔لکھنؤ کے وکاس نگر سیکٹر۴؍میں واقع یادوونش کلینک کے قریب مین سڑک کے اچانک  دھنسنے سے تقریباً۲۰؍ فٹ گہرا اور ۲۰؍فٹ چوڑا گڑھا بن گیا۔ کار سوار گڑھے کی زد میں آکر پھنس گیا۔واضح رہےکہ اتوار کو ملک کی کئی ریاستوں میں موسم کا مزاج  بدلا ہوا نظر آیا ا وربارش  کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی  ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK