Inquilab Logo

رضااکیڈمی کی جانب سے کورونا سے تحفظ کیلئے اذان دینے کی اپیل

Updated: March 22, 2020, 12:15 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

بےروزگارہونےوالے یومیہ مزدوراور غریبوںکیلئے نوری دسترخوان کا اہتمام

Raza Academy - Pic : FB
رضا اکیڈمی ۔ تصویر : فیس بک

رضااکیڈمی نے اتوار کو دوپہر ۳؍تا ۴؍بجے کے درمیان اپنے گھروں، بالکنی اورٹیرس سے اذان دینےکی اپیل کی ہےتاکہ اذان کی برکت سے آپ کاعلاقہ اس وبا سے محفوظ رہے۔کرونا وائرس کے ملک میں بڑھتے اثرات کیلئےاتوار کو جنتا کرفیو کی جو اپیل کی گئی ہےاسی کے تناظر میں رضا اکیڈمی کے بانی سعید نوری نے مسلمانانِ ہند کے نام اپیل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیماریوں اور وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اسلامی تعلیمات کے مطابق ہے ۔ اس ضمن میں سعید نوری نے کہا کہ اذان اللہ و رسول کا ذکر ہے جس سے بلائیں ٹلتی ہیں، و وبائیں دور ہوتی ہیں۔لہٰذا اتوار کودوپہر۳؍تا۴بجے کے درمیان اذان کا اہتمام کریں۔ اسی طرح صبح ۹؍سے شام ۵؍بجے کے درمیان زیادہ سے زیادہ تلاوتِ قرآن، ذکر الہٰی اور درود و سلام کا اہتمام کرکے اپنے فرصت کے اوقات کا صحیح استعمال کریں۔
  دریں اثناکوروناوائرس کے پیش نظر جہاں ایک طرف عوام اس وبا کی دہشت سے فکرمند ہے وہیں اس کی وجہ سےہونےوالی معاشی مندی نے پسماندہ طبقے کیلئے بے روزگاری اور بنیادی ضرورتوںکو پورا کرنے کا مسئلہ پیدا کر دیا ہے۔تمام کاروبار،کارخانے، دکانیں اور ہوٹلوںکے بند ہونے سے مزدور طبقے کیلئے بھوکے رہنےکی نوبت آگئی ہے۔ اس مشکل گھڑی میں یومیہ مزدور اورغریبوںکے کھانے پینے کا انتظام متعدد سماجی اورملی تنظیمیں کررہی ہیں  جن میں رضااکیڈمی بھی پیش پیش ہے۔ سنیچر کو رضا اکیڈمی نے بلاتفریق مذہب وملت اپنے دفتر پر ’نوری دسترخوان ‘کا اہتمام کیا جس سے تقریباً ۱۰۰؍  افراد نے استفادہ کیا۔ اسی طرح اتوار کو جنتا کرفیو کےموقع پرجب ہوٹلیں وغیرہ بند ہوں گی ، رضااکیڈمی نے جے جے اسپتال میں مریضوں کے متعلقین کیلئے دوپہر اور رات میں مجموعی طورپر ۶۰۰؍افراد کیلئے ویج کھانے کا انتظام کرنےکا اعلان کیاہے۔ کھانےمیں دال ،روٹی ، چاول اور سبزی دی جائے گی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK